پارٹی سے ٹکٹ نہ ملنے پر متعدد لیڈروں نے آزاد امیدوار کے طور پر پرچۂ نامزدگی داخل کیا۔
پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے دوران بڑی تعداد میں پارٹی کارنان موجود تھے۔ تصویر:پی ٹی آئی
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی) کے انتخابات میں امیدوار کے طور پر شرکت کرنےکا سلسلہ ۳۰؍ دسمبر کو شام ۵؍ بجے تھم گیا۔ ۳۱؍ دسمبر کو درخواست کی جانچ پڑتال ہوگی اور کمی پائے جانے پر درخواست مسترد کی جائے گی۔ اس کےعلاوہ ۲؍ جنوری ۲۰۲۶ء تک امیدوار اپنا نام واپس لے سکیں گے۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے دوران مہایوتی اور اپوزیشن سبھی پارٹیوں میں بغاوت کرنے اور پھوٹ پڑنے کےمعاملات بھی سامنے آئے ہیں۔ متعدد مقامات پر جن امیدواروں کو اپنی پارٹی سے اے بی فارم نہیں ملا ایسے متعددامیدواروں نے آزاد امیدوار کے طور پر پرچہ ٔ نامزدگی داخل کیا۔ دوسری جانب چند امیدوار ایسے بھی رہے جنہوں نے پارٹی کی حتمی فہرست میں جب اپنا نام نہیں پایا تو دوسری پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی اور وہاں سے امیدوار بن گئے۔
مہا یوتی سے رام داس اٹھاولے ناراض
بی ایم سی انتخابات کے پس منظر میں پیر کو مہایوتی اتحاد میں بڑی ہلچل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ مرکزی وزیر مملکت رام داس اٹھاولے کی ریپبلکن پارٹی آف انڈیا (آر پی آئی ۔اے)نے بی جے پی اور شندے کی شیو سینا پر سیٹوں کی تقسیم پر خیانت کا الزام لگاتے ہوئے آزاد انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اٹھاولے نے پارٹی کے ۳۹؍ امیدواروں کی پہلی فہرست کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ مہایوتی سے اعتماد کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
واصخ رہے کہ مہایوتی نے بی جے پی کو ۱۳۷؍ اور شندے سینا کو۹۰؍سیٹیں الاٹ کرکے معاہدے کا اعلان کیا اور اپنی اپنی حمایتی پارٹیوں کو اپنے اپنے حصے سے سیٹ دے گی۔ تاہم اٹھاولے نے آر پی آئی کو ان میں جگہ نہ ملنے پر ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے رات دیر گئے صرف۷؍سیٹوں کی تجویز پیش کی، لیکن اب صحیح وقت پر نئی جگہوں پر امیدوار کھڑا کرنا ناممکن ہے۔
ریپبلکن پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر رام داس اٹھاولے نے کہا کہ دیویندر فرنویس نے بی جے پی کے کوٹے سے سیٹیں دینے کی ہدایت دی تھی لیکن پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ قریب آرہی تھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
تھانے :ناراض امیدواروں کا بی جے دفتر پر ہنگامہ
تھانے میونسپل کارپوریشن میں ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض امیدواروں نے اپنے حامیوں کے ساتھ تھانے بی جےپی دفتر میں ہنگامہ کیا۔
بی جے پی نے ناراض ہونے والے ورکروں کو منانے کیلئے منگل کو عہدیداروں کی میٹنگ بلائی۔
سیوڑی کے ایک وارڈ سے شندے خیمے کے ۲؍ امیدوار!
ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سیناکی بدنظمی سامنے آئی ہے۔ پارٹی کی جانب سے سیوڑی علاقے سے ۲؍امیدواروں کو پارٹی کا اے بی فارم تقسیم کیاگیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے پہلے آرو دلوی کو اے بی فارم دیا گیا تھا جس کے ساتھ انہوںنے پرچہ نامزدگی داخل کیا لیکن ان کے بعد انل کوکیلا کو اسی وارڈ سے اے بی فارم دیا گیا۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ ان میں سے کون امیدوار اپنا نام واپس لیتا ہے۔
اہم تاریخیں
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال: ۳۱؍ دسمبر
امیدواری واپس لینے کی آخری تاریخ:۲ ؍ جنوری ۲۰۲۶ء
انتخابی نشان کی تقسیم : ۳؍ جنوری ۲۰۲۶ء
امیدواروں کی حتمی فہرست:۳؍ جنوری ۲۰۲۶ء
ناؤکی تاریخ:۱۵؍ جنوری۲۰۲۶ء
ووٹوں کی گنتی :۱۶؍ جنوری۲۰۲۶ء