Inquilab Logo

ویکسی نیشن میں والدین کے عدم تعاون سے اساتذہ کی پریشانیوں میں اضافہ

Updated: January 15, 2022, 8:40 AM IST | saadat khan | Mumbai

شہری انتظامیہ نے اسکولوں میں ویکسی نیشن کیلئے اساتذہ کو جوابدہ بنایا ہے جبکہ بعض والدین بچوں کو ویکسین لگوانے پر آمادہ نہیں ہیں

Vaccine for children recently launched (file photo)
بچوں کیلئے ویکسین حال ہی میں شروع ہوئی ہے ( فائل فوٹو)

 بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اسکولوںکو ۱۵؍تا ۱۸؍سال کے طلبہ کو جلد ازجلد کووڈکا ٹیکہ لگانےکی ہدایت دی گئی ہے لیکن  بعض والدین  اس معاملے میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔  وہ اپنے بچوں کو ویکسین  نہیں لگوانا چاہتے ہیں۔ ان میں سے کچھ والدین ٹیکہ سے متعلق حلف نامہ پر دستخط نہیں کر رہےہیں۔ ایسی صورت میں ٹیچرس کو مشکلوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 
  واضح رہےکہ محکمہ ٔ  تعلیم کی ہدایت پر ان دنوں اسکول اور کالج میں ۱۵؍تا۱۸؍ سال کی عمر کے طلبہ کو کورونا کا ٹیکہ لگایاجارہاہے ۔ ٹیکہ لگانےکیلئے والدین  کاحلف نامہ حاصل کرنا لازمی ہے۔ بیشتر والدین اپنے بچوںکوٹیکہ لگانےکیلئے آمادہ ہیںاور حلف نامہ پر دستخط بھی کررہےہیںمگر کچھ ایسے بھی ہیں جو اپنے بچوںکو ٹیکہ لگانےکےحق میں نہیں ہیں جس سے  اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کو پریشانی ہورہی ہے ۔ دوسری طرف ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ اسکول انتظامیہ اور اساتذہ پرسبھی طلبہ کو ٹیکہ لگوانےکیلئے دبائو ڈال رہاہےجس سےاساتذہ مخمصےمیں مبتلاہیں۔
  ایک مضافاتی اسکول کے انچارج نے بتایا کہ ’’ہمیں توتحریری ہدایت دی گئی ہے کہ سبھی طلبہ کو جلد ازجلد ٹیکہ لگوایاجائے ۔ اس کیلئے میعاد دی جارہی ہے ۔ اس دوران سبھی  طلبہ کو ٹیکہ نہ لگوانےکی صورت میں کارروائی بھی کی جاسکتی ہے ۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ’’ جن طلبہ نے ٹیکہ نہیں لگوایاہے ان کے والدین اور سرپرستوں کو سمجھانےاور ان کی کائونسلنگ کرنےکی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ہم والدین اور سرپرستوںکو سمجھانےکی کوشش کررہےہیں مگر کچھ والدین ایسے سوال کر رہےہیں جن کا ہمارے پاس جواب نہیں ہے ۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ’’ ایک سرپرست سے میں حلف نامہ پر دستخط کروانےگیاتو اس نے کہاکہ سر اسکول لکھ کر دے کہ ٹیکہ لگانے سے بچے کوکوئی خطرہ نہیں ہے تو ہم ٹیکہ لگانےکیلئے تیار ہیں۔ اس سوال کا ہمارے پاس کوئی جواب نہیں ہے اور نہ ہمیں ایسا لکھ کر دینےکی اجازت ہے۔ ‘‘
  جنوبی ممبئی کی ایک اسکول کے سینئر معلم نے بتایاکہ ’’ اصل میں کچھ والدین سمجھانےکےباوجود وہ تیار نہیں ہورہےہیں۔ ایسی صورت میں ہماری کیاخطاہے مگر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ سبھی طلبہ کوٹیکہ لگوانے کیلئے ہم پر دبائوڈا ل رہاہے۔‘‘ اس ضمن میں مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک پریشد ممبئی کے صدر شیوناتھ دراڈے نے کہاکہ ’’ ہماری اپیل ہے کہ بی ایم سی طبہ کو ٹیکہ لگوانے کیلئے اساتذہ پر دبائونہ ڈالے ۔ ٹیکہ لگوانا ضروری ہے مگر اس کےذریعے بے چینی اور خوف کا ماحول پیداکرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔  کچھ سرپرست ٹیکہ سے خوفزدہ ہیں تو ان کی کائونسلنگ وغیرہ کرنےکی کوشش کی جانی چاہئے لیکن کسی بھی اسکول میں صد فیصد ویکسی نیشن نہ ہونے پر  ہیڈماسٹر اور اساتذہ کو کارروائی کرنےکی دھمکی دینا قطعی غلط ہے۔ ‘‘ فی الحال  اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے لیکن ویکسی نیشن کے تعلق سے  سروے اور طلبہ کے والدین کو اس پر آمادہ کرنے کا کام جاری ہے۔   

covid-19 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK