Inquilab Logo

اب میونسپل وارڈ افسران کو آدھے دن صاف صفائی کے کام کی نگرانی کرنی ہوگی

Updated: October 05, 2023, 12:15 AM IST | Mumbai

صاف صفائی کے فقدان پروزیراعلیٰ کی سخت تنقید کے بعدمیونسپل کمشنر نے ڈپٹی میونسپل کمشنروںکیلئے ہدایات جاری کیں

During the `Souchtahi Sivamham`, Chief Minister Shinde had expressed his displeasure over the lack of cleanliness.
’سوچھتاہی سیوامہم‘ کے دوران وزیراعلیٰ شندے نے صاف صفائی کے فقدان پر ناراضگی ظاہر کی تھی۔

عوامی مقامات  اور بیت الخلاء میں صاف صفائی کو بہتر بنانے کیلئے گزشتہ روز منعقدہ  میٹنگ میںمیونسپل کمشنر نے ڈپٹی میونسپل کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ آدھے دن اپنے وارڈوں کا دورہ کریں تاکہ صاف صفائی کے کام کی نگرانی کی جاسکے۔ یہ اقدام وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کی جانب سے صاف صفائی  کے تعلق سے عدم اطمینان کا اظہار کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔ بی ایم سی نے ستمبر میں اس معاملے پر کم از کم ۲؍ میٹنگیں کی تھیں اورڈپٹی میونسپل کمشنروں سے کہا تھا کہ وہ اپنے وارڈوں میں روزانہ ۲؍ گھنٹے   چکر لگائیں لیکن اس کے بعد بھی اس کا زیادہ اثر نہیں ہوا۔
   میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے بھی ایس آر اے حکام سے کہا کہ وہ اپنے اختیارات کے تحت بیت الخلاء کی صاف صفائی کو ایک ماہ کے اندر بہتر بنائیں کیونکہ وزیراعلیٰ نے اتوار کو ایس آر اے کی عمارت کا دورہ کیا تھا اور بیت الخلاء کوگندہ دیکھ کر بی ایم سی کے عہدیداروں پر تنقید کی تھی۔واضح رہے کہ اتوار کو’ سوچھتا ہی سیوا مہم‘ کے تحت ایک گھنٹے کی صفائی مہم کے بعد وزیر اعلیٰ نے کرلا کی وتسلا بائی نائک نگر ایس آر اے کالونی کا اچانک دورہ کیا اور مکینوں سے پوچھا کہ کیا دن میں ۵؍ بار بیت الخلاء کی صفائی کی جارہی ہے۔ ان کی طرف سے منفی جواب ملنے کے بعد انہوں نے ان کے ساتھ موجود میونسپل افسران کو سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ وزیراعلیٰ شندے نے میونسپل کمشنراقبال سنگھ چہل کو ان علاقوں کے متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی جہاں دن میں ۵؍بار عوامی بیت الخلاء کی صفائی نہیں کی جاتی ہے۔
  پیرکوبی ایم سی میں صفائی کے کام کیلئے سہولیات  بہتر بنانے اور وتسلابائی نائک نگر کے مسئلے پر بات چیت کیلئے۲؍ میٹنگیں ہوئیں۔ پہلی میٹنگ میں میونسپل افسران نے مجموعی طور پر کوڑا کرکٹ اورصاف صفائی کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ میونسپل کمشنراقبال سنگھ چہل نے ہدایت دی کہ وارڈ افسران صاف صفائی کے کام کی نگرانی کیلئے روزانہ آدھے دن   اپنے  وارڈوں کا دورہ کریں۔ ا نہوں نے کہا کہ ’’اس سسٹم کی وارڈ کی سطح پر قریب سے نگرانی کی جانی چاہئے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ یہ واقعی کام کر رہا ہے یا نہیں۔ صاف صفائی کرانے والے ایجنٹوں کے کام کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے۔ کنٹریکٹ کی بنیاد پر کام کرنے والے افراد اور اصل کام کرنے والی افراد  کے ڈیٹا کی تصدیق کی جانی چاہیے ۔‘‘ انہوں نے ہائی وے، سروس روڈ  اور چھوٹی گلیوں کو صاف رکھنے پر بھی زور دیا۔  انہوں نے کہا کہ اگر صفائی کیلئے ضروری افرادی قوت اور گاڑیوں کی تعداد ناکافی ہے تو ان میں اضافہ کیا جانا چاہئے۔ کچرے کو جمع کرنے اور ٹھکانے لگانے کا کام تیز کیا جائے، عوامی بیت الخلاء کو دن میں پانچ بار صاف اور جراثیم سے پاک کیا جائے۔
 صاف صفائی کرنے والوں کو دن میں ۲؍ بار بیت الخلاء کی صفائی کیلئے تنخواہ ملتی ہے۔ بی ایم سی دن میں ۵؍ بار بیت الخلاء کی صفائی کروائے گی۔ ایک میونسپل افسر نے کہاکہ ’’سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ وارڈ دفاتر کو مواد فراہم کرنے کیلئے فنڈز فراہم کرے گی۔‘‘ 
 ایس آر اے کے ایگزیکٹیو آفیسر دوسری میٹنگ کے دوران ایس آر اے کالونی کے مسئلے پر بات کرنے کیلئے موجود تھے۔ ایک اور میونسپل افسر نے بتایا کہ’’لوگ بی ایم سی کو ایس آر اے کالونیوں میں گندے بیت الخلاء کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ میونسپل کمشنر نے ایگزیکٹیو سے کہا ہےکہ وہ ان بیت الخلاء کی صفائی کا منصوبہ بنائیں اور انہیں ایک ماہ کی مہلت دی گئی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK