Inquilab Logo

یوپی اسمبلی میں نو منتخب اراکین کی حلف برداری

Updated: March 29, 2022, 12:00 PM IST | Agency | Lucknow

یوگی آدتیہ ناتھ اور اکھلیش یادو سمیت ۳۸۴؍ اراکین نے حلف اٹھایا۔ ک نائب وزرائے اعلیٰ یشو پرسادموریہ اور برجیش پاٹھک کی بھی حلف برداری۔ اکھلیش یادو نے کرسی سے اٹھ کر یوگی آدتیہ ناتھ کا استقبال کیا اور ہاتھ ملایا، وزیراعلیٰ نے ان کا کندھا تھپتھپا کر انہیں مبارکباد پیش کی

Yogi Adityanath and Akhilesh Yadav congratulating each other.Picture: PTI
یوگی آدتیہ ناتھ اور اکھلیش یادو ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے ۔ تصویر: پی ٹی آئی

اترپردیش میں ۱۸؍ ویں  اسمبلی  کی تشکیل کے لئے پیر کو اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور اپوزیشن لیڈر اکھلیش یادو سمیت۴۰۳؍ اراکین اسمبلی میں سے۳۸۴؍ اراکین نے اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیا۔پروٹیم اسپیکر رماپتی شاستری نے یوگی اور اکھلیش یادو کو اسمبلی میں حلف دلوایا۔ یوگی کے علاوہ نائب وزیر اعلی برجیش پاٹھک اور دیگر وزراء نے بھی حلف لیا۔
 اسمبلی میں جاری حلف برداری تقریب میں متعدد نومنتخب اراکین اسمبلی اپنے کنبے کے ساتھ آئے تھے جنہوں نے اسمبلی کی کارروائی کو راست طور سے دیکھا۔تقریب کے دوران جب ایس پی ایم ایل اے پلوی پٹیل حلف برداری کے لئے آئیں تو ایس پی اراکین نے ٹیبل تھپتھپا کر ان کا استقبال کیا۔اس وقت نائب وزیر اعلیٰ کیشوپرساد موریہ بھی اسمبلی میں موجود تھے۔ قابل ذکر ہے کہ پلوی نے کیشوموریہ کو کوشامبی کی سراتھو سیٹ سے شکست سے دورچار کیا ہے۔
 بی جے پی کے متعدد اراکین بشمول نیل کنٹھ تیواری، انوپما جیسوال، مکٹا سنجیو راجا، سنجے کمار شرما، انل کمار، ونوشنکر اوستھی، لوکیندر پرتاپ سنگھ، ششانک ترویدی اور گیان تیواری نے سنسکرت میں حلف لیا جبکہ سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے متعدد اراکین بشمول ضیاء الرحمٰن اور غلام محمد نے اردو زبان میں حلف لیا۔
 حلف برداری کے دوران بی جے پی کے اراکین اسمبلی نے جہاں جے شری رام، بھارت ماتا کی جے، وندے ماترم اور شیر ہند مودی یوگی کے نعرے لگائے وہیں ایس پی اراکین نے جے بھیم اور جے سماج وادی کے نعرے بلند کئے۔ایوان کے لیڈریوگی آدتیہ ناتھ اور اپوزیشن لیڈر اکھلیش یادو پوری تقریب کے دوران اسمبلی میں موجود رہے۔ دونوں لیڈروں نے اسمبلی انتخابات میں جیت درج کی ہے۔حلف برداری کی تقریب منگل کو بھی جاری رہے گی۔حکمراں جماعت بی جے پی کے اس بار ۲۵۵؍اراکین اسمبلی ہیں جبکہ ایس پی کے ۱۱۱؍ اراکین نے جیت کا پرچم لہرایا ہے۔حلف برداری تقریب سے پہلے اکھلیش یادو نے تمام اراکین بشمول حکمراں جماعت کے اراکین و وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو مبارک باد پیش کیا۔
 
 یوگی اور اکھلیش کی ملاقات 
 تقریب شروع  ہونے کے بعد جب یوگی آدتیہ ناتھ جب ایوان کے اندر داخل ہوئے تو اکھلیش یادو ان کے استقبال کے لئے اپنی سیٹ سے اٹھ کر آگے آئے۔وزیر اعلیٰ نے نہ صرف اکھلیش سے ہاتھ ملایا بلکہ ان کے کندھوں کو بھی تھپتھپایا۔اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا’’ ۱۸؍ویں اسمبلی کے لئے نومنتخب اراکین کی حلف برداری آج ہوگی۔ ملک کے سب سے بڑے صوبے کی اسمبلی اپنے نومنتخب اراکین کے استقبال کے لئے تیار ہے۔ آج ایم ایل اے حلف لے کر آئین کے مطابق یوپی کی ترقی میں اپنے کردارادا کرنے کا عزم کریں  گے۔‘‘ انہوں نے کہا’’ مجھے یقین ہے کہ ایوان کی اقدار اور روایت پر عمل کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی کو پرامن طریقے سےچلانے  اور آنے والے وقت میں اترپردیش کی جامع ترقی میں سبھی اراکین دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے آگے بڑھانے کا کام کریں گے۔
 وہیں اکھلیش یادو  نے تمام اراکین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا’’ ہم ہائوس میں ہی ہیں صرف سیٹ بدلی ہے پہلےحکومت میں تھے اب اپوزیشن میں ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ ۲۰۱۷ء میں شرمناک شکست کے بعد ۲۰۲۲ء کے انتخابات میں عوام کی بی جے پی ناراضگی کے سبب سماج وادی پارٹی کو امید تھی کہ وہ دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔  یہی وجہ ہے کہ اکھلیش یادو نے رکن پارلیمان ہوتے ہوئے بھی اسمبلی الیکشن لڑا اور کامیاب ہوئے ساتھ ہی  اس وقت جیل میں بند ان کے سابق وزیر اعظم خان کو بھی میدان میں اتار ا۔ وہ بھی بھاری اکثریت کے ساتھ جیت گئے لیکن سماج وادی پارٹی اقتدار تک نہیںپہنچ سکی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK