Inquilab Logo

ادیشہ حکومت نےلاک ڈائون میں ۳۰؍ اپریل تک توسیع کردی

Updated: April 10, 2020, 7:02 AM IST | Agency | Bhubaneswar

وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نےریاستی کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا ، لاک ڈائون میں توسیع کرنے والی ادیشہ پہلی ریاست بن گئی

Naveen Patnaik - Pic : INN
نوین پٹنایک ۔ تصویر : آئی این این

 ادیشہ میں کورونا  وائرس کا پھیلاؤ کو روکنے کے لئے لاک ڈاؤن  میں ۳۰؍ اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔  ریاست کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے جمعرات کو ریاستی کابینہ کے اجلاس کے بعد ویڈیو پیغام کے ذریعے اس کی اطلاع دی۔  اس طرح سے ادیشہ ملک کی پہلی ریاست  بن گئی ہے جس نے لاک ڈاؤن کو بڑھایا ہے۔فی الحال مرکز نے پورے ملک میں ۲۱؍ دن کا لاک ڈاؤن لگایا ہوا ہے۔  پٹنائک نے لاک ڈاؤن بڑھانے کے ساتھ ساتھ تمام تعلیمی اداروں کو ۱۷؍جون تک بند رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ یاد رہے کہ ادیشہ میں کورونا سے اب تک ۴۲؍  افرادمتاثر پائے گئے ہیں جس سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ اب تک کورونا میں مبتلا دو لوگ ٹھیک ہوگئے ہیں۔
   ادیشہ حکومت کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مرکزی حکومت ملک گیر لاک ڈاؤن میں توسیع پر غور کر رہی ہے۔ اگرچہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے  اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ ۱۴؍ اپریل کو لاک ڈائون ہٹانا ممکن نظر نہیں آرہا لیکن انہوں نے یہ واضح کیا ہے کہ اس تعلق سے کوئی بھی فیصلہ وہ تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے گفتگو کے بعدہی کریں گے ۔  دریں اثناء جس طرح سے ریاستوں کی درخواستیں آرہی ہیں اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی جائے گی۔ یہی وجہ ہے کہ نوین پٹنائک نے اس معاملے میں پہل کرتے ہوئے سب سے پہلے لاک ڈائون میں توسیع کی ہے۔ انہوںنے ساتھ ہی مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ  فی الحال ٹرین سروسیز شروع نہ کرے کیوں کہ اس کی وجہ سے آمدورفت شروع ہو جائے گی اور کورونا کے معاملات میں اضافہ ہونے لگے گا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK