Inquilab Logo

ادیشہ : وزیرصحت کو پولیس انسپکٹرنے گولی ماردی ،حالت نازک

Updated: January 30, 2023, 2:55 PM IST | Bhubaneswar

جھارسوگوڈا ضلع میں یہ سنسنی خیز واردات پیش آئی ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے وزیرصحت نبا داس کو اس وقت بالکل قریب سے گولی ماری جب وہ پارٹی آفس جارہے تھے ، انسپکٹر گرفتار

After being shot, Health Minister Nabad Das fell down outside the vehicle, his colleagues picked him up and took him to the hospital. (PTI)
گولی لگنے کے بعد وزیر صحت نبا داس گاڑی کے باہر ہی گر گئے تھے، انہیں ان کےساتھیوں نے اٹھاکر اسپتال پہنچایا ۔(پی ٹی آئی )

 یہاں پیش آنے والے ایک سنسنی خیز واقعے میںادیشہ کے وزیر صحت نبا  کمار داس پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے۔ انہیں ایک پولیس اہلکار نے گولی ماردی جس میں وہ زخمی ہو گئے ہیں ۔  ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ کے دفتر سے  بیان جاری ہوا ہے  جس میں وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے وزیر صحت نبا داس پر حملے کی مذمت کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ  نے وزیر صحت کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کی ہے۔ واضح رہے کہ نبا داس کو اس وقت اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ 
 یہ واقعہ جھارسوگوڑا ضلع کے برجراج نگر علاقے میں اتوارکو صبح ۱۲؍ بجے پیش آیا۔ اطلاعات  کے مطابق ان کے سینے میں گولی لگی ہے۔نیوز پورٹل اے بی پی  پر شائع خبر کے مطابق جیسے ہی وزیر نبا داس اپنی گاڑی سے نیچے اترے اور نئے بنائے گئے پارٹی آفس کی طرف چلنے لگے، اسسٹنٹ سب انسپکٹر آف پولیس (اے ایس آئی) نے ان پر گولیوں کی بوچھار کردی ۔ اطلاعات کے مطابق ان کے سینے پر تین سے چار گولیاں لگی ہیں جبکہ کچھ گولیاں نشانے سے چوک گئیں۔ اس واردات کی وجہ سے تھوڑی دیر کے لئے وہاں افراتفری مچ گئی تھی ۔ نبا داس  وزیر اعلی نوین پٹنائک کی   کابینہ میں اہم وزیر ہیں ۔ وہ بی جے ڈی پارٹی دفتر کا افتتاح کرنے آئے تھے۔
 رپورٹس کے مطابق اڈیشہ کے جھارسوگوڈا ضلع میں، ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر آف پولیس (اے ایس آئی) گوپال داس  نے ریاست کے وزیر صحت کو گولی ماری ہے ۔اے ایس آئی کو گرفتار کرکے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ اس سے برآمد شدہ ہتھیار کو ضبط کرکے اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے پیچھے محرکات ابھی تک واضح نہیں ہو سکے ہیں۔خبروں کے مطابق وزیر کو پہلے جھارسوگوڈا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال لے جایا گیا، لیکن بعد میں انہیں بہتر علاج کے  لئے بھونیشور کے ایک اسپتال میں ہوائی جہاز سے لے جانے کے انتظامات کیے گئے۔ادھر کرائم برانچ کو معاملے کی جانچ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ افسران کو موقع پر جانے کو کہا گیا ہے۔نبا کشور داس ادیشہ کے جھارسوگوڈا ضلع کے ایک بااثر لیڈر ہیں۔ وہ پہلے کانگریس میں تھے اور وہاں سے بیجو جنتا دل میں شامل ہوئے ہیں۔
  ادھر گولی چلانے والے اے ایس آئی گوپال داس کی بیوی جینتی داس نے کہا کہ ان کا شوہر ذہنی طور پر بیمار  ہے۔ ایک پرائیویٹ اڑیہ نیوز چینل کو  انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر دماغی بیماری کے لیے دوا لے رہے ہیں لیکن ان کے خاندان کے افراد کے ساتھ  تعلقات  اچھے ہیں۔ ناردرن رینج کے آئی جی  دیپک کمار نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعہ میں  وزیر صحت کے علاوہ ایک  دوسرا شخص بھی   زخمی ہوا ہے۔آئی جی دیپک کمار کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق اے ایس آئی نے وزیر پر چار سے پانچ راؤنڈ فائر کئے۔ پہلی گولی وزیر کو لگی جبکہ دوسری گولی  دوسرے شخص کو لگی۔ اے ایس آئی نے مزید دو راؤنڈ فائر کیے لیکن اس سے کسی کو گولی نہیں لگی۔موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے ملزم اے ایس آئی کو قابو کر کے اسے  فورا ًغیر مسلح کر دیا۔
   نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق اے ایس آئی کی بیوی نے بتایا کہ  اس واقع سے پہلے صبح کو  ان کے شوہر نے اپنی  بیٹی سے ویڈیو کال پر بات کی تھی۔اے ایس آئی گوپال داس کی اہلیہ جینتی داس کا کہنا تھا  کہ مجھے نہیں معلوم کہ کیا ہوا ہے۔ مجھے اس واقعہ کا علم خبروں سے ہوا۔ میں نے صبح سے گوپال سے بات بھی نہیں کی۔ وہ آخری بار پانچ ماہ قبل گھر آئے تھے۔جینتی داس نے یہ بھی کہا کہ گوپال نے صبح ویڈیو کال پر بیٹی سے بات کی تھی اور یہ اس کی آخری کال تھی۔ 
 قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزیر نبا داس ایک پروگرام میں شرکت کرنے جا رہے تھے۔ جب وزیر راستے میں اپنی گاڑی سے باہر نکلے تو اے ایس آئی نے اپنے ریوالور سے ان پر گولی چلا دی۔ ملزم پولیس اہلکار گوپال داس چوک پولیس چوکی میں تعینات تھا۔ اسے حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس واقعہ کے بعد بی جے ڈی کارکنوں میں کافی ناراضگی ہے۔خبروں کے مطابق اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ اس میں نبا داس کے سینے سے خون بہہ رہا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جب وزیر گاندھی چوک پر اپنی گاڑی سے باہر نکلے تو  انسپکٹر نے چار سے پانچ راؤنڈ فائر کئے۔ 
 ذرائع کے مطابق وزیر صحت کے علاج کے لیے سرجری، کارڈیالوجی، اینستھیسیا اور میڈیسن کے ڈاکٹروں  پر مشتمل پانچ رکنی میڈیکل ٹیم تشکیل دی گئی۔وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک، کئی وزراء اور بیجو جنتا دل کے سینئر لیڈر وزیر صحت سے ملنے پرائیویٹ اسپتال پہنچے ہیں۔ فی الحال  وزیر کا علاج چل رہا ہے اور صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ پٹنائک نے وزیر کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کرائم برانچ کو حملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اس واقعہ کی وجہ سے پورے ادیشہ میں پارٹی کارکنوں میں سخت غم و غصہ ہے۔ انہوں نے کئی جگہوں پر اس تعلق سے احتجاج بھی کیا مگر پولیس کے سخت بندوبست کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK