Inquilab Logo

جلوس عید میلادالنبیؐ کے موقع پر ۲۹؍ستمبر کو سرکاری تعطیل

Updated: September 28, 2023, 9:27 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

گنپتی کے ایک دن بعد جلوس نکالنے کے فیصلے کی بھی ستائش، ۱۵؍رکنی وفد کی نائب وزیراعلیٰ فرنویس سے ملاقات۔ اوقاف اور دیگر اہم مسائل پر تبادلۂ خیال۔

A 15-member delegation led by Moin Mian met Deputy Chief Minister Devendra Farnavis. Photo. INN
معین میاں کی سربراہی میں ۱۵؍ رکنی وفد کی نائب وزیراعلیٰ دویندر فرنویس سے ملاقات۔ تصویر:آئی این این

جلوس عید میلادالنبیؐ کے موقع پر ۲۹؍ستمبر کو سرکاری تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔ اس سلسلے میں کی جانے والی کوششیں بارآور ہوئیں اورحکومت مہاراشٹر کے فیصلے پرخوشی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں گنپتی کے ایک دن بعد جلوس نکالنے کے مسلمانوں کے فیصلے کی بھی ستائش کی گئی کہ اس سے بھائی چارہ کی فضا اورمستحکم ہوگی ۔حکم نامے میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ اس دفعہ گنپتی اور عید میلاد ایک ہی تاریخ پرہونے کےسبب یہ صورتحال پیدا ہوئی اورجمعرات کے بجائے جمعہ کو چھٹی دی جارہی ہے۔
ملاقات کے دوران کن مسائل پرتوجہ دلائی گئی؟ 
بدھ کی دوپہر کو ۱۵؍رکنی وفد نے معین میاں کی سربراہی میں نائب وزیراعلیٰ دویندر فرنویس سے ملاقات کی ۔ دوران ملاقات اوقاف کے مسائل ، عملہ بڑھانے اورسی ای او کے مستقل طور پر تقرر اور مائیک پر اذان کے لئے ممبئی ہی نہیں بلکہ ریاست کے الگ الگ حصوں میں فجر کے وقت ہی نہیں دن میں بھی پولیس کی جانب سے ہراساں کئے جانے کی شکایت کی گئی۔ خاص طور پربھانڈوپ کی ۱۶؍ مساجد کے تعلق سے پہلے ہی شکایت کی جاچکی ہے۔ یہاں توپولیس نے باقاعدہ جمعہ کے وقت مائیک استعمال کرنے پرجرمانہ عائد کیا تھا۔ اس پردویندر فرنویس نے یقین دلایا کہ ان تمام مسائل کوحل کیا جائے گا اور اذان کے لئے مائیک کے استعمال پراب پولیس کسی کو پریشان نہیں کرے گی۔
 معین میاں نے کہاکہ’’دویندر فرنویس سے نصف گھنٹے سے زائدوقت تک جاری رہنے والی ملاقات کےدوران انہوں نے مذکورہ بالا مسائل کو بغور سنا اورمثبت یقین دہانی کرائی۔ اس سے امید ہے کہ ان مسائل پرحکومت فوری توجہ دے کران کو حل کرے گی۔‘‘
 نائب وزیراعلیٰ دویندر فرنویس سے ملاقات کے وقت مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں ،رضا اکیڈمی کے سربراہ محمد سعید نوری ،مولانا سید دستگیر اشرف کچھوچھوی ، حافظ عبدالقادر رضوی (دارالعلوم حنفیہ رضویہ قلا بہ) ، مولانا ولی اللہ شریفی ،مولانا صوفی محمد عمر اشرفی ،مولانا محمد عباس رضوی ، مولانا خلیل الرحمٰن نوری ، مولانا نورالعین ،حافظ محمد الیاس ، مولانا  محمد ابراہیم آسی ،مولانا ظفرالدین رضوی ، قاری عبدالرحمن ضیائی،قاری نیاز احمد رضوی، مولانا رضی اللہ شریفی، محمد اسلم لاکھااورعرفان شیخ وغیرہ موجود تھے۔ 
جلوس عید میلادالنبیؐ کی تعطیل مشترکہ کوشش کا نتیجہ 
 یادرہےکہ جلوس عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پرسرکاری تعطیل کا مطالبہ خلافت ہاؤس میںہونے والی اُس پہلی میٹنگ کے دوران کیا گیا تھا جس میں ممبئی اور ریاست کے الگ الگ حصوں سے نمائندے آئے ہوئے تھے اوراسی میںیہ طے کیا گیا تھاکہ گنپتی کے ایک دن بعد جلوس نکالا جائے گا۔ اس سلسلے میں آل انڈیا خلافت کمیٹی کی جانب سے حکومت کومکتوب دیا گیا،رکن اسمبلی رئیس شیخ ،رکن پارلیمنٹ راہل شیوالے، سابق ریاستی وزیرمحمدعارف نسیم خان ،رکن اسمبلی امین پٹیل وغیرہ نے حکومت سے مطالبہ کیا اور تنظیموں کی جانب سے بھی آواز بلند کی گئی۔ ان تمام مشترکہ کوششوں کانتیجہ یہ ہوا کہ کامیابی ملی اورحکومت نے ۲۹؍ستمبر کوسرکاری تعطیل کا اعلان کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK