خیرخواہی فاؤنڈیشن کی جانب سے گزشتہ ۴؍ سال سے ۱۲؍ ربیع الاوّل کی شب میں فری میڈیکل کیمپ کا بھی انعقادکیا جارہا ہے۔
EPAPER
Updated: August 29, 2026, 10:48 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
خیرخواہی فاؤنڈیشن کی جانب سے گزشتہ ۴؍ سال سے ۱۲؍ ربیع الاوّل کی شب میں فری میڈیکل کیمپ کا بھی انعقادکیا جارہا ہے۔
عید میلادالنبیؐ کے موقع پر ایک تنظیم نے غریب اور مستحق طلبہ کی فیس میں مدد کیلئے ہاتھ آگے بڑھایا ہے۔ تنظیم کی جانب سے ۲۲؍مستحق طلبہ میں مجموعی طو رپر ایک لاکھ ۴۳؍ ہزار ۵۹۷؍ روپے کے چیک تقسیم کئے گئے۔ اسی کے ساتھ تنظیم کے ۲؍ ہیلتھ سینٹروں پر ۱۲؍ ربیع الاوّل کی شب میں فری میڈیکل کیمپ کا بھی انعقادکیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: ایئر پورٹ کی اجازت سے زیادہ اونچائی پر اوورہیڈکیبل، میٹرو ۷؍اے کا کام رُک گیا
اس سلسلے میں ممبرا کے خیرخواہی فاؤنڈیشن کے چیف ٹرسٹی مجاہد ساؤکار نے بتایا کہ’’آج کے مشکل دور میں پریشان حال اور ضرورت مند افراد کے بچوں کی اسکول کی فیس ادا کرنے میں مدد کرنے جیسے اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔ کئی بیوائیں، مجبور مائیں اور پریشان حال افراد اپنے بچوں کی فیس ادا کرنے کیلئے پریشان رہتے ہیں۔ اسی کے پیش نظر تنظیم کی جانب سے آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کی ولادتِ باسعادت کی نسبت سے ۲۲؍مستحق بچوں کی اسکول کی فیس میں مدد کی گئی تاکہ ان کی تعلیم کا سلسلہ جاری رہے اور ان کا مستقبل سنور سکے۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ کچھ بچے ایسے بھی ہیں جن کی والدہ نہیں ہے، کسی کے والد نہیں ہے اور کچھ ایسے بھی ہیں جن کے ماں باپ دونوں حیات نہیں ہیں ۔ جب نانا نانی یا دادا دادی لڑکھڑاتے قدموں کے ساتھ مدد کیلئے آتے ہیں اور سسکتی ہوئی آواز میں اپنے بچوں یا پوتے پوتیوں کیلئے مدد مانگتے ہیں تو ان کی مجبوری دیکھ کر خود کو سنبھالنا بھی بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ خیرخواہی فاؤنڈیشن کی نیت ہے کہ امسال ۲۲؍ بچوں کی مدد کی گئی ہے، اگلے سال میں یہ تعداد بڑھا کر۴۱؍ بچوں تک پہنچائی جائے گی۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: میرا بھائندر کے باشندوں کیلئے بڑی راحت، مقامی عدالت میں ڈسٹرکٹ اور سیشن ججوں کی منظوری
تنظیم کے چیف ٹرسٹی نے کہا کہ عید میلادالنبیؐ کے موقع پر جو لوگ لاکھوں روپے صرف ڈی جے اور غیر ضروری چیزوں میں خرچ کر دیتے ہیں، انہیں بھی خاص طور پر سوچنا چاہئے کہ اپنا مال کس طرح بہتر اور نیک کام میں خرچ کیا جا سکتا ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ اپنے آس پاس موجود غریب اور مستحق لوگوں کی فکر کریں اور ان کی مدد کریں۔ اگر آپ میں مدد کرنے کا جذبہ ہے لیکن خود مدد نہیں کرپا رہے ہیں تو خیرخواہی فاؤنڈیشن کے ذمہ داران سے موبائل نمبر ۷۲۰۸۸۸۹۸۵ ؍ پررابطہ کریں اور ان کے مشن میں اپنا حصہ شامل کریں۔
۱۲؍ویں شریف کی نسبت سے گزشتہ ۴؍ سال سے خیرخواہی فاؤنڈیشن کے چیریٹیبل کلینکس واقع بلند دروازہ امرت نگر درگاہ روڈ اور بمقابل میسکو اسکول، سری لنکا میں ہر ماہ ۱۲؍ویں شب کو فری میڈیکل کیمپ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس ماہ فری میڈیکل کیمپ میں ۲۹۰؍ مریضوں نے استفادہ کیا۔ خیرخواہی فاؤنڈیشن کی کوششیں ہیں کہ آنے والے رمضان سے قبل ان کلینکس پر ایکسرے کی سہولت بھی شروع کی جائے ۔