آئی فون کے عالمی پروڈکشن میں ہندوستان کا حصہ ۱۲؍ فیصد تک پہنچ گیا۔
آئی فون ملک میںہی تیار ہو رہا ہے۔ تصویر:آئی این این
عالمی اسمارٹ فون مارکیٹ میں ایپل کے بڑھتے قدموں کے ساتھ ہندوستان کی اہمیت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ کمپنی کی تازہ فائلنگ کے مطابق دنیا میں تیار ہونے والے ہر پانچ میں ایک آئی فون اب ہندوستان میں مینو فیکچر کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایپل کی عالمی پروڈکشن ویلیو میں ہندوستان کا حصہ بڑھ کر ۱۲؍ فیصد تک پہنچ گیا ہے، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔ایپل کی فائلنگ میں بتایا گیا کہ اس کی ہندوستانی ذیلی کمپنی ایپل انڈیا کی گھریلو فروخت اس مالی سال میں بڑھ کر ۹؍ ارب ڈالر ہو گئی ہے، جو کہ مقامی مینو فیکچرنگ اور صارفین کی بڑھتی طلب کا نتیجہ ہے۔ کمپنی کے مطابق گزشتہ دس برسوں میں ہندوستانی یونٹ کی کل آمدنی تقریباً آٹھ گنا بڑھی ہے، جس میں آئی فون، میک بُک، آئی پیڈ، ایئر پوڈز اور دیگر لوازمات کا نمایاں کردار رہا ہے، جبکہ سروسیز کا حصہ اب بھی محدود ہے۔
مارکیٹ کے ماہرین کے مطابق ایپل کی مجموعی عالمی آمدنی۴۱۶؍ ارب ڈالر ہے، جس میں ہندوستان کی شراکت تقریباً دو فیصد ہے۔ اگرچہ یہ حصہ اب بھی کم سمجھا جاتا ہے لیکن آئی فون کی تیاری میں ہندوستان کا کردار تیزی سے بڑھ رہا ہے اور آنے والے برسوں میں اس میں مزید اضافہ ہونے کی امیدہے۔
اہم پیش رفت یہ ہے کہ کمپنی نے پہلی مرتبہ اپنے ہائی اینڈ پرو اور پرو میکس ماڈلز کی مینو فیکچرنگ بھی ہندوستان میں شروع کر دی ہے۔ پہلے یہ ماڈلز زیادہ تر چین میں تیار کئے جاتے تھے، لیکن ہندوستان کی فیکٹریوں میں پروڈکشن بڑھنے سے ایپل کی سپلائی چین مزید متنوع ہو رہی ہے۔فائلنگ میں اس بات کا بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ۲۰۲۵ءمیں امریکی صارفین نے ۱۷۸؍ ارب ڈالر مالیت کے ایپل پروڈکٹس خریدے جو کمپنی کی مجموعی آمدنی کا ۴۳؍ فیصد ہے۔ یورپ ۲۶؍فیصد حصے کے ساتھ دوسرے اور چین ۱۵؍ فیصد حصے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ایپل نے بتایا کہ ہندوستان سے امریکہ کو شپمنٹ میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جو مینو فیکچرنگ کے فروغ اور معیار میں بہتری کی غمازی کرتا ہے۔