نامعلوم تیز رفتار گاڑی کے ڈرائیور نے رکشے کو پیچھے سے زوردار ٹکر ماری اور فرار ہوگیا،تلاش جاری۔
نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے آٹو رکشا پوری طرح سےتباہ ہوگیا۔ تصویر:آئی این این
ممبئی ناسک ہائی وے (این ایچ۔۳) پر باپگاؤں کے قریب پیش آئے ایک دردناک سڑک حادثے میں گھونگھٹ نگر علاقے کے ۲؍ آٹو رکشا ڈرائیور ہلاک ہوگئے۔ دونوں آپس میں گہرے دوست تھے اور ایک ہی رکشا میں سوار ہوکر سونالے کی جانب جارہے تھے کہ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے رکشا کو زور دار ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں شدید زخمی ہونے کے سبب دونوں کی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی موت ہوگئی۔
پولیس کے مطابق گھونگھٹ نگر کے رہائشی راجکمار گپتا (۴۰) اور منوج کیسر وانی (۳۹) کسی کام سے ممبئی۔ناسک ہائی وے کے راستے سونالے کی طرف جارہے تھے۔ جب ان کا رکشا باپگاؤں کے قریب پہنچا تو پیچھے سے تیز رفتاری سے آنے والی ایک نامعلوم گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں رکشے سے اچھل کر سڑک پر جا گرے اور شدید زخمی ہوگئے۔
حادثے کے بعد مقامی افراد نے فوری طور پر دونوں زخمیوں کو علاج کے لئے آئی جی ایم سب ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچایا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ بھیونڈی تعلقہ پولیس نے پنچنامہ کرنے کے بعد نامعلوم گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس مفرور گاڑی کی تلاش میں مصروف ہے۔ دریں اثنا متوفی راجکمار گپتا کے رشتہ داروں نے بتایا کہ اس کے والدین بیمار رہتے ہیں اور ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری اسی پر تھی۔