Inquilab Logo

دیوالی کی تعطیل کےبعد آن لائن پڑھائی متاثر

Updated: December 15, 2020, 10:37 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

دیوالی کی چھٹیوں میں وطن جانے والے ۲۵؍ سے ۳۰؍فیصد طلبہ آن لائن پڑھائی سےنہیں جڑ پارہےہیں۔ تعلیمی یونینوں کے مطابق طلبہ اور والدین آن لائن پڑھائی سے بیزار ہوگئے ہیں۔ آن لائن پڑھائی سے جوڑنے کیلئے اساتذہ کو روزانہ طلبہ سے رابطہ کرنےکی ہدایت

Online Education - Pic : INN
آن لائن تعلیم ۔ تصویر : آئی این این

 بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری آن لائن پڑھائی میں دیوالی کی چھٹی کےبعد۲۵؍ تا۳۰؍فیصد کمی آئی ہے ۔تعلیمی یونینوں کے مطابق طلبہ اور والدین آن لائن پڑھائی سے بیزار ہوگئے ہیں۔ اب تو بچےفون بھی ریسیونہیں کر رہے ہیں۔ بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ریکارڈ کےمطابق آن لائن پڑھائی میں ۱۰؍تا۱۵؍فیصد کمی آئی ہے ۔ بچوں کو آن لائن پڑھائی سے جوڑنے کیلئے اساتذہ کو روزانہ طلبہ سے رابطہ کرنےکی ہدایت دی گئی ہے۔
 ممبئی مہانگر پالیکا شکشک سبھا کے جوائنٹ سیکریٹری عابد شیخ نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ دیوالی کی چھٹی کی وجہ سے متعدد طلبہ والدین کے ساتھ  وطن گئے ہوئے ہیں۔ ان میں سے بیشتر طلبہ ممبئی واپس نہیں آئےہیں۔ وطن میں انٹرنیٹ اور دیگر تکنیکی دشواریوں سے وہ آن لائن پڑھائی سے جڑ نہیں پارہے ہیں ۔علاوہ ازیں متعدد طلبہ اور والدین اب آن لائن پڑھائی سے بیزار آگئےہیں۔حالانکہ ہماری جانب سے پوری کوشش جاری ہے۔اس کے باوجود طلبہ آن لائن پڑھائی سے پیچھا چھڑا رہے ہیں۔ ہم روزانہ طلبہ کو ٹیلی فون کرتے ہیں ۔ان کےوالدین فون ریسیوکرکے کہتے ہیںکہ ہم باہر ہیں گھر جاکر بچے سےبات کراتے ہیں۔ لیکن وہ گھر پہنچ کر بات نہیں کراتے۔ اسی طرح کی مختلف وجوہات سے دیوالی کی چھٹی کےبعد سے تقریباً ۲۵؍ تا ۳۰؍ فیصد آن لائن پڑھائی متاثر ہوئی ہے ۔ ‘‘
 انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’ ان دنوں اسکولوں  میں ورک شیٹ اور چاول وغیر ہ کی تقسیم کاکام جاری ہے۔ جووالدین آتےہیں ان کی باتوں سے اندازا ہوتاہےکہ وہ بھی آن لائن پڑھائی سے پریشان   ہوگئے ہیں ۔ وہ کہتے ہیں کہ سرکسی طرح آف لائن پڑھائی شروع کریں ۔‘‘
 نریمن نگرمیونسپل اردو اسکول کرلا کے پرنسپل عقیل میاں عبدالرشید نے کہاکہ ’’ یہ بات بالکل درست ہےکہ اب طلبہ آن لائن پڑھائی سے اکتا گئے ہیں ۔ حالانکہ ہمارے اسکول کےوہ طلبہ جو پہلے آن لائن پڑھائی سے جڑے تھے وہ دیوالی کی چھٹی کےبعد بھی جڑے ہوئےہیں۔ لیکن اس کےباوجود بھی جو اطلاع مل رہی ہے اس  کے مطابق والدین اور طلبہ دونوں  آن لائن پڑھائی سے پریشان ہیں۔اب وہ چاہتےہیں کہ اسکول کھول دئیے جائیں ۔ ہماری بھی یہی رائے ہے کہ اب اسکولوںکو کھول دینا چاہئے ۔ کوروناوائرس کا ٹیکہ بھی آگیاہے ۔ ترجیحی بنیاد پر طلبہ کو ٹیکہ لگا کر اسکولوںکو شروع کرنا چاہئے۔‘‘

 ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ  کا اعتراف

  بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ذرائع سے موصول ہونےوالی اطلاع کے مطابق دیوالی کی چھٹی کےبعد آن لائن پڑھائی کا گراف  ۱۰؍تا ۱۵؍فیصد متاثرہوا ہے۔آن لائن پڑھائی کی ہفتہ وارتفصیلات پر مشتمل شیٹ کے تحت دیوالی کےبعد آن لائن پڑھائی متاثر ہوئی ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ دیوالی کی چھٹی میں جو طلبہ وطن گئے ہیں ان میں بیشتر طلبہ ابھی ممبئی واپس نہیں آئے ہیں۔ڈپارٹمنٹ نے اس ضمن میں تمام وارڈ کے ایجوکیشن افسران کو ہدایت دی ہےکہ وہ طلبہ اوران کےوالدین سے رابطہ کریں اورا نہیں آن لائن پڑھائی سے جوڑنے کی کوشش کریں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK