سیاحوں کی آمد سے راجپوری میں چہل پہل اور رونق میں اضافہ۔سیکوریٹی وجوہات کی بنا پر موسم باراں میں جنجیرہ قلعہ بند کر دیا جاتا ہے۔
EPAPER
Updated: October 16, 2026, 1:53 PM IST | Siraj Sheikh | Mumbai
سیاحوں کی آمد سے راجپوری میں چہل پہل اور رونق میں اضافہ۔سیکوریٹی وجوہات کی بنا پر موسم باراں میں جنجیرہ قلعہ بند کر دیا جاتا ہے۔
ضلع رائے گڑھ میں واقع تاریخی جنجیرہ قلعہ کو مانسون اور صفائی کے کاموں کے بعد باقاعدہ طور پر سیاحوں کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی کوکن کے اس مشہور علاقے میں سیاحتی سیزن کا شاندار آغاز ہو چکا ہے۔ سیکوریٹی وجوہات اور مانسون کے دوران اگنے والی خود رو جھاڑیوں کی صفائی کی وجہ سے یہ قلعہ گزشتہ پانچ ماہ سے بند تھا۔ اب محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے صفائی کا کام مکمل ہونے کے بعد اسے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
واضح ہو کہ گزشتہ دنوں مروڈ جنجیرہ میں اداکار نانا پاٹیکر کے تعزیتی پروگرام میں رکن پارلیمان سنیل تٹکرے سے مروڈ تعلقہ پترکار سنگھ کے صحافیوں نے کہا تھا کہ جنجیرہ قلعہ میں صفائی کا کام مکمل ہو چکا ہے اسکے باوجود قلعہ کھولا نہیں جا رہا ہے۔اس پر فوراً سنیل تٹکرے نے محکمہ اثار قدیمہ کے ایک سینیئر افسر کو سخت الفاظ میں ہدایت دی کہ وہ دو دنوں کے اندر قلعہ کے دروازے سیاحوں کے لیے کھول دیں اور محکمہ آثار قدیمہ نے اس حکم کی تعمیل کی۔قلعہ کھل جانے سے مقامی کشتی بانوں اور ہوٹل مالکان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ ان کا روزگار سیاحت پر منحصر ہے۔
اس ضمن میں کشتی خدمات سے جڑے ناظم الدین قادری نے نمائندہ انقلاب کو بتایا کہ قلعہ سیاحوں کیلئے دوبارہ کھلنے سے مقامی معیشت کو ایک نئی زندگی ملی ہے ۔راجپوری گاؤں کے ان سینکڑوں خاندانوں کے چہروں پر خوشی لوٹ آئی ہے جن کا روزگار مکمل طور پر سیاحت، کشتی رانی اور مقامی دکانوں سے جڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارےگاؤں میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جس سے گاؤں میں چہل پہل اور رونق بڑھ گئی ہے اور یہ مقامی معیشت، ثقافت اور سیاحت کے لیے ایک بہترین علامت ہے۔
سیاحت کے پیشے سے جڑے تبریز کاروباری نے بتایا کہ جنجیرہ قلعہ جانے کیلئے راجپوری جیٹی اور کھورا بندر جیٹی سے کشتیاں اور لانچ سروسز دستیاب ہوتی ہیں اور یہ موٹر بوٹس اور کشتیاں سیاحوں کو براہ راست قلعہ کے مرکزی دروازے تک لے جاتی ہیں۔ عملہ عام طور پر زیادہ معاون ہوتا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اور یہ دونوں جیٹی قلعہ جانے کے لیے سب سے مقبول، محفوظ اور مرکزی پوائنٹ ہیں۔
~سیاحت صرف گھومنے پھرنے کا نام نہیں، بلکہ یہ روزگار پیدا کرنے والی بڑی انڈسٹری ہے جسکا براہ راست اثر مقامی معیشت پر پڑتا ہے۔جب سیاح ہمارے ہوٹل میں ناشتہ یاکھانےکیلئے آتے ہیں، تو اس سے علاقے کے معاشی نظام کو فائدہ پہنچتاہے ۔ ہوٹل کیلئے سبزیاں، چکن اور دیگر سامان فراہم کرنیوالے مقامی دکاندار، آٹو رکشا،منی ڈور ڈرائیورز، گائیڈز اور فیشن ایبل ٹوپیاں اورچشمے بیچنے والے افرادکا روزگار بھی مہمانوں سے چلتا ہے۔
-فخر الدین ادمنے ، جنجیرہ ہوٹل ،راجپوری