Inquilab Logo

راہل گاندھی کی سزا‘ کو اپوزیشن لیڈروں نے انتقامی کارروائی قرار دیا

Updated: March 24, 2023, 2:56 PM IST | New Delhi

شرد پوار، اروند کیجریوال ، بھوپیش بگھیل اور دیگر نےکہا کہ یہ کارروائی اپوزیشن کو ختم کرنے کی ایک اور واضح مثال ہے

photo;INN
تصویر :آئی این این

 گجرات کے سورت سیشن کورٹ سے راہل گاندھی کوقصوروار قرار دینے پر  اپوزیشن کی پارٹیوں نے مودی حکومت کو جم کر نشانہ بنایا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے راہل گاندھی کی حمایت کرتے ہوئے بی جے پی پر نکتہ چینی کی ہے۔ کیجریوال نے کہا  کہ غیر بی جے پی لیڈروں اور پارٹیوں کو ختم کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ کانگریس سے اختلافات ہیں لیکن راہل گاندھی کو اس طرح سے ہتک عزت کے مقدمہ میں پھنسانا بالکل غلط ہے۔ ہم عدالت کا احترام کرتے ہیں لیکن اس فیصلہ سے اتفاق نہیں رکھتے۔
 جے ایم ایم لیڈر اور وزیر اعلیٰ جھارکھنڈ ہیمنت سورین نے کہا کہ عدلیہ پر پورا بھروسہ رکھتے ہوئے بھی میں راہل گاندھی کو سزا کے فیصلہ سے اتفاق نہیں رکھتا۔ غیر بی جے پی حکومتوں اور لیڈروں کو سازش کا شکار بنایا جا رہا ہے۔ یہ ملک کی جمہوریت اور سیاست کے لئے تشویش کا باعث ہے۔آر جے ڈی لیڈر اور بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے کہا ’’چکرویوہ رچ کر اپوزیشن لیڈروں پر ای ڈی، آئی ٹی، سی بی آئی سے چھاپہ کراؤ اور پھر بھی بات نہ بنے تو گھناؤنی سازش کرتے ہوئے مختلف شہروں میں بے بنیاد مقدمہ درج کراؤ تاکہ ہیڈلائن مینجمٹ میں کوئی کسر باقی نہ رہ جائے۔ یہ آئین، جمہوریت، سیاست اور ملک کے لئے شدید تشویش کا موضوع ہے۔
 شیو سینا کی لیڈر پرینکا چترویدی نے کہا کہ عدلیہ کا پورا احترام کرتے ہوئے میں کہنا چاہتی ہوں کہ راہل گاندھی کو سزا دینا حد سے تجاوز ہے اور اس کے بہت دور رس نتائج ہوں گے۔ اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بنانے کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ قابل مذمت ہے اور اس سے وہ آوازیں خاموش نہیں ہوں گی جو عوام کے  لئے بلند ہوتی ہیں     ۔ این سی پی سربراہ شرد پوار نے کہا کہ اب کیا کہا جائے۔ اپوزیشن لیڈروں کو جس طرح سے نشانہ بنایا جارہا ہے اور جس طرح کی سیاست ہو رہی ہے وہ ملک کے لئے سخت نقصاندہ ہے۔ ادھر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہ الفاظ کا وقار ہمیشہ برقرار رہنا چا ہئے اور راہل گاندھی کو اس فیصلے سے سبق لینا چا ہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK