Inquilab Logo

مغربی بنگال میونسپل کارپوریشن کے الیکشن میں ٹی ایم سی کی شاندار کامیابی،اپوزیشن پارٹیوں کی مایوس

Updated: February 15, 2022, 6:36 AM IST | kolkata

چاروں میونسپل کارپوریشنوں میں بھاری اکثریت سے کامیاب،سلی گوڑی میں پہلی مرتبہ ترنمول کانگریس کا پرچم لہرایا، بی جے پی خیمے میں مایوسی کی لہر، شکست کیلئے حکمراں جماعت پر الزام تراشیوں کا آغاز

As soon as the news of success was received, a wave of happiness spread among the TMC workers
کامیابی کی اطلاع ملتے ہی ٹی ایم سی کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

مغربی بنگال کے چار میونسپل کارپوریشن بدھان نگر، آسنسول، چندن نگر اور سلی گوڑی کے انتخابات میں ترنمول کانگریس نے ایک بار پھر بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ترنمول کانگریس ان چاروں میں میونسپل کارپوریشن میں نہ صرف بورڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے بلکہ اپوزیشن کا صفایا کردیا ہے۔ اس کی وجہ سے جہاں ایک جانب ترنمول کارکنوں میں جوش و خروش دیکھا جارہا ہے، وہیں اپوزیشن خیمے میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے، بالخصوص بی جے پی  کارکنوںمیں شدید اضطراب دیکھا جارہا ہے۔ 
 سلی گوڑی میونسپلٹی جہاں گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے تمام وارڈوں میں سبقت حاصل کی تھی مگر اس مرتبہ ترنمول کانگریس نے یہاں کلین سویپ کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ یہاں اس نے کل۴۶؍وارڈوں میں سے۳۶؍وارڈوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔بی جے پی کو محض ۵؍ وارڈ س ہی میں کامیابی مل سکی ہےجبکہ بائیں محاذ جو  گزشتہ ۵؍ سال سے بورڈ کی قیادت کررہی تھی کو محض ۴؍ سیٹوں پر اکتفا کرنا پڑا ہے۔ یہاں پر کانگریس کو محض ایک ہی سیٹ مل سکی ہے۔ممتا بنرجی نے رائے دہندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سلی گوڑی کے عوام نے مجھے یہ پیش قیمت تحفہ دیا ہے۔
 کولکاتا شہر سے متصل بدھان نگر میونسپل کارپوریشن کے۴۱؍سیٹوں میں سے ۳۹؍پر ترنمول کانگریس نے کامیابی حاصل کی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہاں پر بائیں محاذ اور بی جے پی  اپنا کھاتا بھی کھولنے میں ناکام رہی  ہیںجبکہ ایک سیٹ پر کانگریس  اور ایک سیٹ پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے۔بدھان نگر میں ترنمول کانگریس کا ہی بورڈ تھا تاہم اسمبلی انتخابات سےقبل بدھان نگر میونسپلٹی کے میئر اور ممبرا سمبلی سبیاچی دتہ ترنمول کانگریس چھوڑ کربی جے پی میں شامل ہوگئے تھے لیکن  اسمبلی انتخابات میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ممتا بنرجی کی قیادت میں تیسری مرتبہ حکومت قائم ہونے کے بعد دتہ  پھر ترنمول کانگریس میں واپس آگئے تھے۔اب دیکھنا ہے کہ ایک مرتبہ پھر بدھان نگر میونسپلٹی کی قیادت انہیں ملتی ہے یا نہیں؟
 آسنسول میونسپل کارپوریشن میں بھی ترنمول کانگریس نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔یہاں کی کل۱۰۶؍سیٹوں میں سے۹۱؍سیٹوں پر ترنمول کانگریس نے واضح اکثریت حاصل کی  ہے۔یہاں بھی گزشتہ مرتبہ ترنمول کانگریس کا بورڈ تھا مگر آسنسول میونسپل کارپوریشن کے میئر جیتندر تیواری نے بھی الیکشن سے قبل ڈرامائی انداز میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے ٹکٹ پر بابل سپریو نے اس علاقے سے کامیابی حاصل کی تھی مگر اسمبلی انتخابات میں ٹالی گنج سے شکست اور اس کے بعد مرکزی وزارت سے ہٹائے جانے کے بعد بابل سپریو بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس کا حصہ بن چکے ہیں ۔یہاں بی جے پی کوصرف ۷؍سیٹیں ہی مل سکیں جبکہ کانگریس کو۳؍اور بائیں محاذ کو۲؍ سیٹوں پر اکتفا کرنا پڑا ہے۔
 چند ن نگر کارپوریشن کی کل۳۳؍سیٹوں میں سے۳۲؍سیٹوں پر پولنگ ہوئی جس میںترنمول کانگریس نے۳۱؍سیٹوں پرکامیابی حاصل کی ہے۔ یہاں پر بائیں محاذ کوصرف ایک سیٹ مل سکی ہے جبکہ بی جے پی اور کانگریس اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکی ہیں۔لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے یہاں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
 شکست کے بعد بی جے پی کے ریاستی صدر سوکانتامجمدار اور سابق ریاستی صدر دلیپ گھوش نےاپنے الگ الگ بیان میں کہا کہ بی جے پی کی شکست سے زیادہ یہ عوام کی شکست ہے کیونکہ عوام کو آزادانہ طور پر ووٹ ڈالنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا ہے۔اسی طرح اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ حکمراں جماعت  اور ریاستی الیکشن کمیشن کے درمیان یہ باہمی مفاہمت کا نتیجہ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK