کمرشل گیس سلنڈر مہنگا ہونے پر راہل گاندھی کا حملہ ’’انتخابی راحت ختم، اب مہنگائی کی مار‘‘، سی پی آئی ایم نے کہا :یہ ناکام خارجہ پالیسی کا نتیجہ
EPAPER
Updated: May 02, 2026, 12:19 AM IST | New Delhi
کمرشل گیس سلنڈر مہنگا ہونے پر راہل گاندھی کا حملہ ’’انتخابی راحت ختم، اب مہنگائی کی مار‘‘، سی پی آئی ایم نے کہا :یہ ناکام خارجہ پالیسی کا نتیجہ
کمرشل گیس سلنڈر کی قیمتوں میں بھاری اضافے پر اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر حملہ بولا ہے۔راہل گاندھی نے سوشل میڈیا کے ذریعے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی وارننگ دی تھی کہ انتخابات ختم ہوتے ہی مہنگائی بڑھے گی اور اب وہی ہو رہا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں ایک ہی دن میں۹۹۳؍ روپے کا اضافہ ہوا ہے، جسے انہوں نے ’’انتخابی بل‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فروری سے اب تک سلنڈر کے دام۱۳۸۰؍ روپے تک بڑھ چکے ہیں، جو محض تین مہینوں میں قریب۸۱؍ فیصد کا اضافہ ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ اس اضافے کا براہ راست اثر چھوٹے کاروباریوں اور عام لوگوں پر پڑے گا۔ چائے والا، ڈھابہ، ہوٹل، بیکری اور حلوائی سب کی رسوئی پر اس کا بوجھ بڑھے گا اور آخر کار اس کا اثر عام جنتا کی تھالی پر دکھائی دے گا۔ راہل گاندھی نے مزید خدشہ ظاہر کیا کہ گیس کے بعد پیٹرول اور ڈیزیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جب بین الاقوامی سطح پر تیل سستا تھا، تب حکومت نے منافع کمایا اور اب قیمتیں بڑھنے پر اس کا بوجھ عام جنتا پر ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے بعد انہوں نے مہنگائی بڑھنے کی بات کہی تھی۔۲۹؍ اپریل کے بعد دیکھیے پیٹرول، ڈیزیل سب مہنگا ہوگا۔ کانگریس لیڈر نے حکومت پر نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "حکومت سستے کا فائدہ خود اٹھاتی ہے اور مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈالتی ہے"۔
سلنڈر نہیں، روٹی اور تھالی مہنگی ہوتی ہے :اکھلیش یادو
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بھی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ، ’’سلنڈر مہنگا نہیں ہوتا، روٹی اور تھالی مہنگی ہوتی ہے۔ یہ بات وہی جانتا ہے جو خود خرید کر کھاتا ہے، وہ نہیں جو دوسروں کے یہاں جا کر کھاتا ہے یا دوسروں کی تھالی سے چراتا ہے۔ اگر سلنڈر مہنگا کرنا تھا تو سیدھا ایک ہزار روپے مہنگا کر دیتے۔ ایک ہزار میں۷؍ روپے کم کر کے یہ بی جے پی والے کس پر احسان کر رہے ہیں؟ بی جے پی مہنگائی، بے روزگاری، بی کاری اور مندی پر مذمتی قرارداد کب لائے گی؟‘‘
یہ مہنگائی غریب عوام پر ضرب ہے: آتشی
عام آدمی پارٹی(آپ) کی لیڈر اور دہلی کی سابق وزیراعلیٰ آتشی نے بھی مرکزی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ’’کمرشل سلنڈر کے بعد اب ‘چھوٹو سلنڈر’ کو بھی۲۶۱؍ روپے مہنگا کر دیا گیا ہے۔ انتخابات کے دوران جو قیمتیں رکی ہوئی تھیں، وہ اب اچانک آسمان کو چھونے لگی ہیں۔ یہ مہنگائی براہِ راست ریڑھی پٹری والوں، مزدوروں اور عام عوام کے بجٹ پر ضرب ہے۔‘‘
کمرشل ایل پی جی قیمتوں میں اضافے کی سی پی آئی نے کی مخالفت
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے راجیہ سبھا ایم پی پی سنتوش کمار نے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میںاضافے پر مرکزی حکومت کی سخت نکتہ چینی کی ہے۔ کمار نے کہا کہ یہ اضافہ حکومت کی ’’ناکام سفارتی خارجہ پالیسی‘‘کا براہ راست نتیجہ ہے، جو عالمی توانائی کے عدم استحکام کے درمیان ہندوستان کے قومی مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایندھن کی سپلائی اور قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے بجائے حکومت کی پالیسیوں نے ملک کو غیر محفوظ صورتحال میں چھوڑ دیا ہے۔ اس کا براہ راست اثر اب ریستوراں، ڈھابوں، چھوٹے بھوجنالیوں، ہوسٹل، پی جی رہائش اور دیگر چھوٹے کاروباروں پر پڑ رہا ہے۔