Inquilab Logo

شہریوں کوگھر کے اطراف ۲؍ کلومیٹر تک محدود رہنے کا حکم

Updated: June 30, 2020, 6:55 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

بلاضرورت اس حد سے باہر نکلنے پر کارروائی، گاڑی ضبط کرلی جائیگی،دفتر جانے اور ناگہانی کی صورت میں ہی اس سے آگے جانے کی اجازت ہوگی

Market - Pic : PTI
مارکیٹ : تصویر : پی ٹی آئی

کورونا وائرس کی بڑھتی وباء کے باوجود ’ مشن بگن آگین‘ کے تحت کاروباری سلسلے کو دراز کرنے اور ضروریات زندگی کو معمول پر لانے کے سلسلہ میں ریاستی حکومت نے بہت سی سہولتیں فراہم کرتے ہوئےجاری کردہ ہدایات کو بھی برقرار رکھاہے ۔ممبئی پولیس نےشہریوں سے کورونا وائرس کی وباء کو پھیلنے سے روکنے کیلئے جمنازیم اور سیلون وغیرہ میں جانے کیلئے اپنے گھروں سے ۲؍ کلو میٹر کے دائرے سے آگے نہ جانے کی اپیل کی ہے۔اتو ار کو ممبئی پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ صرف دفتر جانے یا پھر  علاج کیلئےہی ۲؍ کلو میٹر سے آگے جانے کی اجازت ہوگی۔تفریح یا پھر خریداری کیلئےاس سے آگے جانے کی سختی کے ساتھ روک لگائی گئی ہے۔
  ممبئی پولیس کے ترجمان ڈپٹی کمشنر آف پولیس ( آپریشن ) پرنئے اشوک نے اس کے ساتھ ہی شہریوں سے اپنی حفاظت اور سوشل ڈسٹینسنگ کے اصولوں پر بھی عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ایسا نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ  دیا ہے۔پولیس افسر نے بتایا کہ شہری اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ وہ صرف اور صرف ضرورت ہونے پر ہی گھر سے باہر نکلیں۔  باہر نکلتے وقت چہرے پر ماسک لگانا لازمی ہے اور لوگ اگر بازار ،سیلون یا پھر نائی کی دکانوں پر جانا چاہتے ہیں تو اس بات کا خیال رکھیں کہ یہ سب چیزیں ۲؍کلو میٹر کے دائرے میں ہی ہوں۔اس سے آگے جانے کی کسی کو اجازت نہیں ہوگی۔
 ڈپٹی کمشنر آف پولیس ( آپریشن ) پرنئے اشوک نے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے اپیل کی کہ ’’شہر اور مضافات میں کورونا وائرس کی بڑھتی وباء پر قابو پانے کی مسلسل کوشش کے ساتھ شہریوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے دھیرے دھیرے بازاروں کو کھولا جارہا ہے  ۔ اس لئے شہریوں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملنے والی سہولتوں سے ضرور فیضیاب ہو ں لیکن اس سلسلہ میں ریاستی حکومت ، بی ایم سی اور پولیس نے جو گائیڈ لائن جاری کی ہیں یا لاک ڈاؤن اور بھیڑ بھاڑ نہ کرنے سے متعلق جن دفعات کو نافذ کیا ہے ، ان پر بھی عمل کریں ۔ ۲؍ کلو میٹر کے دائرے سے باہر نکل کر گاڑی چلاتے ہوئے سامان خریدنے کی مناسب وجہ نہ بتا پانے پر بھی نہ صرف کیس درج کیا جائے گا بلکہ گرفتاری بھی ہوگی ۔ خصوصی طور پر ان شہریوں کو متنبہ کیا جاتا ہے جو بلا وجہ اور بلاضرورت گاڑیاں لے کر شہر کی سڑکوں پر گھومتے ہیں ۔ 
 پولیس ترجمان نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ مہلک وباء پر اس وقت ہی قابو پایا جاسکتا ہے جب ہم اپنی حفاظت کے ساتھ ساتھ دوسروں کی حفاظت اور صحت کا  بھی خیال رکھیں۔اس لئے گھر سے نکلتے وقت ماسک لگانا اور ایک دوسرے کے درمیان فاصلہ برقرار رکھنا ضروری ہے ۔‘‘ ممبئی پولیس نے ایک بار پھر لاک ڈاؤن ختم نہ کئے جانے کے ساتھ متنبہ کیا کہ رات ۹؍ بجے سے صبح ۵؍ بجے تک شہر میں مکمل طور پر کرفیو رہے گا اس درمیان اگر کوئی بھی شخص سڑکوں پر بلا وجہ گھومتا نظر آیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK