Inquilab Logo

کلیدی ملزم آشیش مشرا کی باقاعدہ ضمانت کی عرضی پر دو ہفتے میں جوابی حلف نامہ داخل کرنے کا حکم

Updated: October 18, 2022, 10:18 AM IST | Jilani Khan | Lucknow

اگلی سماعت ۷؍ نومبر کو ہوگی، متاثرہ کسانوںکی پیروی دشینت دوے کررہے ہیں جبکہ آشیش مشرا کی جانب سے مکل روہتگی نے دلائل پیش کئے ، انہوں نےیوپی حکو مت کو ضمانت ملنے میں تاخیر کیلئے ذمہ دا رٹھہرایا

Ashish Mishra, the key accused in the Lakhimpur Kheri violence, has filed a bail application
لکھیم پور کھیری تشدد کے کلیدی ملزم آشیش مشرا نےضمانت کی عرضی داخل کی ہے

لکھیم پور کھیری میں کسانوں کی ہلاکت معاملے میںکلیدی ملزم آشیش مشرا کی ’باقاعدہ ضمانت ‘ کی عرضی پر سپریم کورٹ کورٹ نے پیر کو یوپی حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔عدالت نے اس کے لئے حکومت کو دو ہفتے کی مہلت دی ہے۔یوگی سرکار کواس مدت میں مشرا کی عرضی پرجوابی حلف نامہ داخل کرنا ہے۔یہ ہدایت عدالت عظمیٰ کی دو رکنی بنچ نے دی ہے۔ ساتھ ہی،کورٹ نے اگلی شنوائی کےلئے ۷؍نومبر کی تاریخ بھی مقرر کردی۔یاد رہے کہ آشیش مشرا عرف ’مونو ‘ کو عوامی اور اپوزیشن کے دبائو کے بعد ایس آئی ٹی نے گزشتہ سال ۱۰؍اکتوبرکو گرفتار کیا تھا اور وہ فی الحال جیل میں ہے۔ 
 ضلع لکھیم پور کھیری کے تکونیا نامی جگہ پر گاڑی چڑھاکر کئی کسانوں کی جان لینے کے معاملے میں کلیدی ملزم آشیش مشرا نے ضمانت کے لئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔پیر کو اس عرضی پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس بی آر گوئی اور جسٹس بی وی ناگرتناپر مشتمل بینچ نے ریاستی حکومت کو دو ہفتے میں اس کا جوابی حلف نامہ داخل کرنےکےلئے کہا ہے۔ فاضل ججوں کے سامنے مشرا نے سینئر ایڈوکیٹ مکل روہتگی کو  اتارا ہے۔مکل روہتگی نے ریاستی حکومت کا جواب نہ آنے کی بات رکھی ۔ساتھ ہی،اپنے موکل کی ضمانت کی اپیل کرتے ہوئے کئی دلائل بھی پیش کئے۔
  دوسری جانب متاثرہ کسانوں کی پیروی کرتے ہوئے سینئر ایڈوکیٹ دشینت دوےنے کئی خدشات ظاہر کئے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اب تک کے تمام واقعات اور شواہد سے صاف ہے کہ یہ کوئی حادثاتی معاملہ نہیں تھا بلکہ اس کی منصوبہ بندی پہلے سے کی گئی تھی۔یہ ایک سنگین جرم ہے اس لئے عدالت کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل تمام پہلوئوں پر سنجیدگی سےغورو خوض کرے۔ تاہم دو رکنی بینچ نے ریاستی سرکار کو جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اگلی تاریخ مقرر کردی ۔ عدالت نے یوگی حکومت سے کہاکہ وہ دو ہفتے کے اندر اپناجواب پیش کرے کہ مذکورہ ملزم کو ضمانت دینے کے تعلق سے اس کا کیا موقف ہے۔معاملے کی اگلی سماعت ۷؍نومبر کو ہوگی۔
 یاد رہے کہ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ’ٹینی‘ کے بیٹے آشیش مشرا کو الٰہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بینچ نے ۱۰؍فروری کو عبوری ضمانت دی تھی مگر چہار سو ہنگامے کے بعد سپریم کورٹ نے اپریل میں اس کی ضمانت منسوخ کردی تھی۔ ساتھ ہی،عدالت کوسخت سست بھی کہا تھا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK