مہابلیشور میں وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس کے ہاتھوں ’جشن سیاحت‘ کی تقریب کا افتتاح ، مختلف رنگارنگ پروگراموں کا انعقاد کیا گیا
EPAPER
Updated: May 05, 2025, 10:27 PM IST | Mumbai
مہابلیشور میں وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس کے ہاتھوں ’جشن سیاحت‘ کی تقریب کا افتتاح ، مختلف رنگارنگ پروگراموں کا انعقاد کیا گیا
مہاراشٹر کے سیاحتی مقام مہابلیشور میں ’پریٹن اتسو‘ ( جشن سیاحت )کے عنوان سے منعقدہ تقریب کا افتتاح کرنے کے بعد حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ’’ مہاراشٹر میں سیاحت کی ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور حکومت اس سمت میں بھرپور کوشش کر رہی ہے کہ مہاراشٹر ملک بھر میں سیاحت کے میدان میں پہلا مقام حاصل کرے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ’’ ہم نہ صرف ملک کے اندر بلکہ دنیا بھر سے سیاحوں کو مہاراشٹر کی جانب راغب کرنا چاہتے ہیں۔تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، ستارا کے نگراں وزیر شمبھو راج دیسائی جوکہ وزیر سیاحت بھی ہیں موجود تھے۔ ان کے علاوہ ، تعمیرات عامہ کے وزیر شریمنت چھترپتی شیویندر سنگھ راجے بھوسلے، دیہی ترقی و پنچایت راج کے وزیر جے کمار گورے، ریلیف و بازآبادکاری کے وزیر مکرند پاٹل، رکن پارلیمان نتن پاٹل، اور رکن اسمبلی اتل بھوسلے بھی شریک تھے۔
وزیر اعلیٰ فرنویس نے کہا کہ مہابلیشور میں ’’مہاپریٹن اتسو‘‘ کا انعقاد نہایت عمدہ اور دیدہ زیب انداز میں کیا گیا ہے، اور مہاراشٹر بھر سے سیاحوں نے اس پروگرام کے تعلق سے شاندار ردعمل دیا ہے۔انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ آئندہ دنوں میں ریاست کے مختلف سیاحتی مقامات پر اسی طرح کے تہوار منعقد کئے جائیں گے۔
ڈرون شو کے دوران آسمان پر چھترپتی شیواجی مہاراج، پرتاپ گڑھ، بگل بجانے والا شخص، ڈھول بجانے والا شخص اور مندر کی شبیہ پیش کی گئیں، جو شرکاء کیلئے نہایت دیدنی مناظر تھے۔ پروگرام کے آغاز میں وزیر اعلیٰ نے لیزر شو کا بھی لطف اٹھایا۔ یاد رہے کہ مہابلیشور کو مہاراشٹر کا سب سے مقبول سیاحتی مقام تصور کیا جاتا ہے جو ایکناتھ شندے کے ضلع میں ہے۔