Updated: March 04, 2026, 8:08 PM IST
| Mumbai
فلم ’’دھرندھر‘‘ کی کامیابی کے بعد سارہ ارجن کو کئی پروجیکٹ مل رہے ہیں۔ ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق وہ ہدایتکار امتیاز علی کی آنے والی فلم ’’ہیر رانجھا‘‘ میں ہیر کے کردار کے لیے مضبوط امیدوار سمجھی جا رہی ہیں۔ تاہم ابھی تک اس کاسٹنگ کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔
سارہ ارجن۔ تصویر: آئی این این
اداکارہ سارہ ارجن اس وقت فلم ’’دھرندھر‘‘ کی کامیابی کے بعد مسلسل خبروں میں ہیں۔ اس فلم کی ہدایت کاری ’’آدتیہ دھر‘‘ نے کی تھی اور اسے ایک جاسوسی تھریلر کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔ فلم کی مقبولیت کے بعد اب اس کے سیکوئل کے بارے میں بھی شائقین میں خاصا جوش پایا جارہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ’’ہیر رانجھا‘‘ ایک لازوال پنجابی لوک کہانی کی جدید پیشکش ہوگی۔یہ فلم ایکتا کپور پروڈیوس کر رہی ہیں۔ اس کی ہدایت کاری ساجد علی کریں گے جبکہ امتیاز علی تخلیقی رہنمائی میں شامل ہوں گے۔ یاد رہے کہ فلم کا اعلان ویلنٹائن ڈے ۲۰۲۶ء کے موقع پر کیا گیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فلمساز مرکزی کردار کے لیے کسی نئے چہرے کی تلاش میں ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ’’ٹیم ایک تازہ چہرہ چاہتی ہے۔ ’’دھرندھر‘‘ کے بعد سارہ ارجن نوجوان اداکاراؤں میں سب سے زیادہ امید افزا نام بن کر ابھری ہیں۔ وہ ہیر کے کردار کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔‘‘ تاہم فلم کی کاسٹنگ کے حوالے سے ابھی تک کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: باوقار شخصیت کے مالک افتخار نے رعب دار کردار ہی ادا کئے
رانجھا کے کردار کے لیے روہت صراف کا نام
اسی دوران رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اداکار روہت صراف کو فلم میں رانجھا کے کردار کے لیے زیر غور لایا جا رہا ہے۔ شائقین اب اس ممکنہ جوڑی کی باضابطہ تصدیق کا انتظار کر رہے ہیں۔
لیلیٰ مجنوں کے بعد دوبارہ اشتراک
یہ فلم ہدایتکار امتیاز علی اور ساجد علی کا رومانوی صنف میں دوبارہ اشتراک بھی سمجھی جا رہی ہے۔ اس سے پہلے دونوں نے فلم ’’لیلیٰ مجنوں‘‘ پر ساتھ کام کیا تھا جس میں اویناش تیواری اور ترپی ڈمری نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
امتیاز علی کا فلم کے بارے میں مؤقف
فلم کے اعلان کے وقت امتیاز علی نےکہا تھا کہ ’’ہیر رانجھا کی اپنی ایک دنیا اور اپنی تال ہے۔ یہ اس نسل کی محبت کی زبان بولتی ہے جبکہ اس کی جڑیں ہمیشہ کے لیے قائم رہتی ہیں۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایکتا کپور کے ساتھ دوبارہ کام کرنا ایک قدرتی تخلیقی تسلسل کی طرح محسوس ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مشرق وسطیٰ میں تناؤ۔ یش کی فلم ’’ٹاکسک‘‘۴؍ جون کو ریلیز ہوگی
دریں اثناء، سارہ ارجن ’’دھرندھر ۲‘‘ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں جو ۱۹؍ مارچ ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہوگی۔ اگر سارہ ارجن کو واقعی ہیر کے کردار کے لیے منتخب کیا جاتا ہے تو یہ ان کے کریئر کا سب سے بڑا سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ ہیر رانجھا جیسی کلاسک محبت کی کہانی کو جدید انداز میں پیش کرنے کا خیال پہلے ہی شائقین میں دلچسپی پیدا کر چکا ہے۔