Inquilab Logo

کورونا وائرس کی وباء کے سبب۲۰۲۰ء میں ہوابازی کا شعبہ شدید متاثرہوا

Updated: January 18, 2021, 12:32 PM IST | Agency | New Delhi

انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے مطابق مسافروں کی تعداد میں ۶۰؍فیصد کمی ، ایئرلائنز کمپنیوں کو ۳۷۰۰؍ارب ڈالرکا نقصان

Aviation - Pic : INN
ہوابازی شعبہ ۔ تصویر : آئی این این

 کووڈ۱۹؍کی تالابندی کے تحت پروازیں بند ہونے کی وجہ سے گزشتہ سال ہوائی مسافروں کی تعداد میں۶۰؍ فیصد تک غیر معمولی گراوٹ درج کی گئی۔  اقوام متحدہ کے ماتحت ادارہ  انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن  نے گزشتہ ہفتے کووڈ ۱۹؍ کے اقتصادی اثرات کا تجزیہ کی رپورٹ جاری کی تھی۔ اس میں میں بتایا گیا ہے کہ ۲۰۲۰ء میں ہوائی مسافروں کی تعداد میں ۶۰؍ فیصد کی غیر ڈرامائی  گراوٹ درج ہوئی ، جو دوسری جنگ عظیم کے بعد کبھی نہیں دیکھی گئی۔ پچھلے سال۱ء۸؍ ارب افراد نے ہوائی سفر کیا جبکہ۲۰۱۹ء میں یہ تعداد۴ء۵؍ارب تھی۔
کسے کتنا مالی نقصان اٹھانا پڑا؟
 آئی سی اے اونے کہا ہے کہ مسافروں کی تعداد میں کمی ہونے سے ایئر لائن کمپنیوں کو۳۷۰۰؍ ارب ڈالر  کا نقصان ہوا ہے۔  جبکہ  ہوائی اڈے کے آپریٹروں کو۱۱۵؍ ارب ڈالر کےخسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ہوائی نیوی گیشن خدمات فراہم کرنے والی ایجنسیوں کو۱۳؍ ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس عالمی وبا سے  بین الاقوامی خدمات گھریلو ہوا بازی کی خدمات کے مقابلے میں   زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔ گھریلو راستوں پر مسافروں کی آمدورفت میں۵۰؍ فیصد اور بین الاقوامی راستوں پر۷۴؍ فیصد کمی  ہوئی ہے۔
ہندوستانی ہوابازی کا شعبہ کتنا متاثر ہوا؟
 ہندوستان کے اعدادوشمار  دیکھیں تو عالمی اوسط کے مقابلے یہاں ہوائی مسافروں کی تعداد میں بہت زیادہ کمی آئی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن  کے اعدادوشمار کے مطابق   پچھلے سال۶؍ کروڑ۳۰؍لاکھ۱۱؍ ہزار مسافروں نے گھریلو راستوں پر سفر کیا، جو ۲۰۱۹ء کے مقابلے میں۵۶ء۲۹؍ فیصد کم ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’’دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر لاک ڈاؤن، سرحدبندی اور سفری پابندیوں کی وجہ سے اپریل تک فضائی مسافروں کی تعداد میں۹۲؍ فیصد کی کمی  درج ہوئی ہے۔  گھریلو مسافروں کی تعداد میں۸۷؍ فیصد اور بین الاقوامی مسافروں کی تعداد میں۹۸؍  فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے بعد   آہستہ آہستہ بہتری شروع ہوئی۔‘‘  اس رپورٹ کے مطابق چین اور روس میں گھریلو مسافروں کی تعداد تقریباً کووڈ۱۹؍ سے قبل کی سطح پر پہنچ چکی ہے۔ایئر لائن کمپنیوں کو سب سے زیادہ  نقصان ایشیا -بحر الکاہل کے خطے میں ہوا ہے، جس میں ہندوستان بھی شامل ہے۔ آئی سی اے او  کا تخمینہ ہے کہ گزشتہ سال ایئر لائنس کمپنیوں کو اس خطے میں۱۲۰؍ ارب ڈالر  کا خسارہ ہوا ہے۔ جبکہ   یورپ میں انہیں۱۰۰؍ ارب ڈالر اور شمالی امریکہ میں۸۸؍ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ اس کے بعد لاطینی امریکہ اور کیریبیائی ممالک میں۲۶؍   ارب ڈالر، مغربی ایشیاء میں۲۲؍ ارب ڈالر اور افریقہ میں۱۴؍ ارب ڈالر کے نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK