• Mon, 07 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سہارنپور میں مسجد کی شہادت پرشدید برہمی، اتوار کو بھی متعدد لیڈروں کو نظر بند رکھا گیا

Updated: September 07, 2026, 9:05 AM IST | Abdullah Arshad | Lucknow/Saharanpur

کلکٹریٹ کی ۱۱۵؍ سال پرانی مسجد کو غیر قانونی قبضہ قرار دینے کے مجسٹریٹ کورٹ کے حکم پر بھی سوالیہ نشان ، ایم آئی ایم کے ریاستی صدر نے آر ایس ایس اور بی جے پی کے اشارے پر کام کرنے کا الزام عائد کیا، قانونی چارہ جوئی زیر غور۔

Following the demolition of the Saharanpur mosque, the debris has now also been cleared away. Picture: INN
سہارنپور کی مسجد شہادت کے بعد ،ا ب اس کاملبہ بھی ہٹا دیاگیاہے۔ تصویر: آئی این این
ضلع کلکٹریٹ میں واقع ۱۱۵؍ سال پرانی مسجد کو انتظامیہ  کے ذریعہ نچلی عدالت کے فیصلے کا سہارا لیکر علی الصباح شہید کئے جانے کے خلاف  سہارنپور میں شدید برہمی ہے جس کو دیکھتے ہوئے پورے علاقہ میں سیکوریٹی کی غیر معمولی تعیناتی کی گئی ہے ۔ الزام ہے کہ اتوار کو بھی سماجوادی کے اور دیگر کئی مقامی لیڈروں کو نظر بند رکھاگیا۔  اس بیچ  کارروائی کی جانچ اور اسکی حقیقت کو سمجھنے کیلئے سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو کی ہدایت پرپارٹی کا ایک ۲۲؍ رکنی وفد پیر کو سہارنپور جائےگا ۔ جہاں پر وہ کمشنر روپیش کمار سے ملاقات کرکے پورے معاملہ کی جانکاری حاصل کرنے کے بعد اپنی رپورٹ قومی صدر اکھلیش یادو کو دے گا۔
 وفد میں ممبران پارلیمان و  اسمبلی کے علاوہ پارٹی کے عہدیدار وںکے نام بھی شامل ہیں۔ سہارنپور میں کلکٹریٹ  پہنچنے کی کوشش کرنے والے کئی مقامی لیڈروں کو پولیس نے پہلے ہی سے گھر  میں نظر بند کررکھا ہے۔  ضلع انتظامیہ کی جانب سے جلدبازی میں کئے گئے مسجد کے انہدام پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر شوکت علی نے تشویش ظاہرکی ہے۔ انھوںنے الزام لگایا ہےکہ  اس وقت عدالتیں بی جے پی اور آرایس ایس  کے اشارے پر کام کررہی ہیں، انھوں نے کہا کہ جلد ہی پارٹی کا ایک وفد سہارنپور بھیجا جائےگا اوراسکی رپورٹ کی بنیاد پر آگے کا لائحہ عمل تیار کیا جائےگا۔ 
سماجوادی پارٹی کا وفد۷؍ستمبر کو سہارنپور کے  کمشنر  سے صبح ۱۱؍بجے ملاقات کرکے معاملہ کی پوری جانکاری حاصل کرےگا اور مقامی لوگوں سے بات جیت کے بعد اپنی رپورٹ تیار کر ےگا۔ وفد کی قیادت اتر پردیش قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر لال بہاری یادو کریں گے جبکہ ایم پی اقراء حسن ، پارٹی کے مقامی صدرعبد الواحد ، شہرصدر حاجی نواب انصاری  اور دیگر اس کا حصہ ہوںگے۔

’’بلڈوزر آئین سے بڑا نہیں‘‘
  شیعہ عالم دین مولانا ڈاکٹر کلبِ جواد نقوی نے مسجد کی شہادت کی آزادانہ اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ  یہ محض ایک عمارت گرانے کا معاملہ نہیں،قانون کی حکمرانی، آئینی اقدار اور انتظامی جواب دہی سے جڑا ایک سنگین سوال ہے۔ انہوں  نے کہا کہ صرف عدالتی حکم کا حوالہ کافی نہیں  متعلقہ حکم اور انتظامی ریکارڈ  سامنے لائے  جائیں ،  بلڈوزر ملک  آئین سے بڑا نہیں ہو سکتا۔

 مسجدکا ملبہ ہٹانے پر کنواں برآمد
سہارنپور میں منہدم کی شہادت کے بعد  اس کا ملبہ ہٹانے پر ۲۰؍فٹ گہرا اور ڈیڑھ میٹر چوڑا کنواں برآمد ہونے کا دعویٰ  کیا گیا ہے۔   یہ کنواں ایک سلیب کے نیچے ملا۔ حکام کے مطابق یہ تقریباً ایک صدی پرانا معلوم ہوتا ہے۔ سہارنپور کے ایس ڈی ایم نےتاریخی اہمیت کا تعین کرنے کیلئے محکمہ آثار قدیمہ   کو اطلاع دے دی  ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK