راہل گاندھی کا سوال، لاٹھی چارج میں زخمی ہونے والے طلبہ سے ملاقات کی۔
EPAPER
Updated: September 07, 2026, 9:05 AM IST | Agency | New Delhi
راہل گاندھی کا سوال، لاٹھی چارج میں زخمی ہونے والے طلبہ سے ملاقات کی۔
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بہار میں احتجاج کے دوران پولیس لاٹھی چارج میں زخمی ہونےوالے طلبہ سے ملاقات کے بعد مودی سرکار اور بہار کی سمراٹ چودھری حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ انہوں پولیس کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ میں تشویش کا بھی اظہار کیا۔
بہار کے ۳؍ طلبہ سے ملاقات کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی کہا کہ طلبہ کے جسمانی زخم تو وقت کے ساتھ بھر سکتے ہیں اورٹوٹی ہوئی ہڈیاں جڑ سکتی ہیں لیکن ان کے ٹوٹے ہوئے خوابوں کی تلافی کیسے ہوگی؟ راہل گاندھی نے نشاندہی کی ہے کہ ایک طالب علم کی ٹانگ اے کے-۴۷؍ کی گولی لگنے سے شدید متاثر ہوئی، جس کے باعث اس کا فوج میں شامل ہونے کا خواب بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔ ۲؍ دیگر طلبہ کو بھی گولی لگنے سے کندھے میں چوٹیں آئی ہیں۔ کانگریس لیڈر نے طلبہ کے خلاف پولیس کارروائی پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال اٹھایا کہ پرامن احتجاج کرنے والے نوجوانوں کے خلاف اتنی سخت کارروائی کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کو بھی اس معاملے پر نشانہ بنایا۔یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بہار میں طلبہ کے احتجاج اور پولیس کارروائی کو لے کر سیاسی کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ راہل گاندھی نے زخمی طلبہ سے ملاقات کے ذریعے حکومت سے کارروائی کی جواب دہی اور احتجاج کرنے والے طلبہ کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
مہاراشٹر میں احتجاج کی تائید
راہل گاندھی نے ایم پی ایس سی پیپر لیک کے خلاف مہاراشٹر میں جاری طلبہ احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزاروں طلبہ سڑکوں پر اس لیے اترے ہیں کیونکہ پورے نظام پر ان کا اعتماد ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ یہ احتجاج کسی ایک امتحان یا بھرتی کے مسئلے تک محدود نہیں ہے بلکہ طلبہ کے سامنے پیپر لیک، رکی ہوئی بھرتیاں، تعلیم کے بڑھتے اخراجات، ہاسٹل کے خراب حالات، ناقص خوراک اور مبینہ ڈی بی ٹی گھپلے جیسے کئی مسائل موجود ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایم پی ایس سی کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔