’’آپریشن مہادیو‘‘میں ۳؍ دہشت گرد مارے گئے، ایک کے ہاشم موسیٰ ہونے کی اطلاعات مگر سیکوریٹی فورسیز کا تصدیق سے گریز
EPAPER
Updated: July 29, 2025, 7:27 AM IST | Srinagar
’’آپریشن مہادیو‘‘میں ۳؍ دہشت گرد مارے گئے، ایک کے ہاشم موسیٰ ہونے کی اطلاعات مگر سیکوریٹی فورسیز کا تصدیق سے گریز
پیر کو ایک طرف پارلیمنٹ میں پہلگام حملے اور آپریشن سیندور پر بحث شروع ہوئی دوسری طرف جموں کشمیر میں فوج اور پولیس کے مشترکہ آپریشن جسے ’’آپریشن مہادیو‘‘ کا نام دیاگیاہے، میں ۳؍ مشتبہ دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔ دعویٰ کیا جارہاہے کہ مہلوکین میں پہلگام حملے کا ماسٹر مائنڈ ہاشم موسیٰ عرف آصف شامل ہے ۔ سیکوریٹی ذرائع کے مطابق آصف پہلگام کی بیسرن وادی میں عام شہریوں پر گولی چلانے والوں میں بھی شامل تھا۔ بہرحال خبر لکھے جانے تک سیکوریٹی حکام نے آن ریکارڈ آصف کے مارے جانےکی تصدیق نہیں کی ہے۔
بتایا جارہاہے کہ خفیہ اطلاع ملتے ہی سیکوریٹی فورسیز نے `’آپریشن مہادیو‘ شروع کیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وی کے بردی کا کہنا ہے کہ سری نگر کے مضافاتی علاقے ملنار ہارون کے گھنے جنگلات میں انسدادِ دہشت گردی آپریشن کے دوران ۳؍شدت پسندوں کے مارے جانے کی ابتدائی اطلاع موصول ہوئی ہے، تاہم شناخت کا عمل تاحال باقی ہے۔وی کے بردی نے بتایا کہ سری نگر کے ہارون علاقے میں آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تین لاشیں دیکھی گئی ہیں اور بظاہر وہ مہلوک دہشت گردوں کی ہیں۔ شناخت میں ابھی وقت لگے گا کیونکہ سلامتی عملے کے اہلکار علاقے میں ہی موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسیز انتہائی احتیاط کے ساتھ علاقے کو مکمل طور پر صاف کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی طرح کے ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔آئی جی کشمیر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آپریشن مکمل ہوتے ہی مزید تفصیلات عوام کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔ دوسری طرف میڈیا نے ذرائع کے حوالے سےمہلوکین کی شناخت ہاشم موسیٰ، جبران اور حمزہ افغانی کے طور پر کی ہے۔