فوج کو جوابی کارروائی کیلئے کھلی آزادی دینے کےدوسرے د ن مودی حکومت نے نیشنل سیکوریٹی ایڈوائزری بورڈ میں بڑی تبدیلیاں کیں
EPAPER
Updated: May 01, 2025, 10:01 AM IST | New Delhi
فوج کو جوابی کارروائی کیلئے کھلی آزادی دینے کےدوسرے د ن مودی حکومت نے نیشنل سیکوریٹی ایڈوائزری بورڈ میں بڑی تبدیلیاں کیں
ہلگام حملے کے جواب میں ہندوستان کی جانب سے فوجی کارروائی کے اندیشوں کے بیچ پاکستان نے بدھ کو ہند پاکسرحد پر موجود اپنی کئی چوکیاں خالی کردیں اورا ن پر موجود پاکستانی پرچم بھی ہٹادیا۔
پاکستان کو کسی بھی وقت حملے کا خوف
اتنا ہی نہیں پاکستان کے وزیر برائے اطلاعات عطاء اللہ تارڑ حملے کو یقینی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’پاکستان کے پاس مستند انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ ہندستان اگلے ۲۴؍ سے۳۶؍گھنٹوں میں پہلگام حملہ کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔‘‘
اس بیچ بدھ کو وزیراعظم مودی کی قیادت میں دہلی میں کابینی کمیٹی برائے قومی سلامتی کی میٹنگ میں ملک کے سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ منگل کی شام فوجی سربراہان کی موجودگی میں ہونےوالی وزیراعظم کی قیادت میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور دیگر حکام کی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جوابی کارروائی کیلئے فوج کو کھلی آزادی دینے کے بعد بدھ کو کابینی کمیٹی برائے قومی سلامتی کی یہ ہفتے بھر میں دوسری میٹنگ ہے۔
دونوں ملکوں کے فوجی حکام کی ہاٹ لائن پر گفتگو
پاکستان نے چوکیاں خالی کی ہیں وہ کٹھوعہ کے پرگوال علاقے کی ہیں۔ پہلگام حملے کے بعد سے لائن آف کنٹرول پر گولی باری کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کو پاکستانی فوج نے بین الاقوامی سطح پر بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کا ہندوستانی فوج نے فوری جواب دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دونوں ملکوں کی فوج کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنس کی ہاٹل لائن پر گفتگو ہوئی ۔اس گفتگو میں ہندوستان نے بغیر کسی اشتعال انگیزی کے بغیر پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر وارننگ دی۔ بہرحال ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے ملٹری آپریشن کے سربراہان کی یہ میٹنگ معمول کی بات ہے جو ہر منگل کو ہوتی ہے۔
نیشنل سیکوریٹی ایڈوائزری بورڈ میں تبدیلی
اِدھر مودی حکومت نے ملک قومی سلامتی میں اہم رول ادا کرنےوالے نیشنل سیکوریٹی ایڈوائزری بورڈ میں بڑے پیمانےپرتبدیلیاں کی ہیں اور راء کے سابق سربراہ آلوک جوشی کو اس کا چیئرمین بنایا ہے۔اس کے ساتھ ہی ہندوستانی فضائیہ کے سابق ویسٹرن ایئر کمانڈر ایئر مارشل پی ایم سنہا، سابق ساؤدرن آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اے کے سنگھ اور ریئر ایڈمیرل مونٹی کھنہ کو بورڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ قومی سلامتی کے تعلق سے مشورہ دینا والا یہ اہم ادارہ ہے۔