Inquilab Logo Happiest Places to Work

پاکستان: عمران خان کو یاد کرکے جاوید میانداد رو پڑے، کہا ’وہ بے ایمان نہیں ہیں‘

Updated: August 29, 2026, 6:02 PM IST | Islamabad

سابق پاکستانی کپتان جاوید میانداد، عمران خان کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے اور نم آنکھوں سے حکومت سے ان کی رہائی کی اپیل کی۔ جاوید میانداد نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ عمران خان قومی ہیرو ہیں وہ بدعنوان اور بے ایمان نہیں ہوسکتے۔

Javed Miandad and Imran Khan. Photo: INN
جاوید میانداد اور عمران خان۔ تصویر: آئی این این

پاکستان کی اڈیالہ جیل میں ۳؍ سال سے قید سابق وزیر اعظم عمران خان کو یاد کرکے جاوید میانداد رو پڑے۔ میانداد اور عمران خان نے طویل عرصے تک پاکستان کیلئے ایک ساتھ کرکٹ کھیلی ہے۔ پاکستان کو۱۹۹۲ء کے ورلڈ کپ میں چیمپئن بنانے میں عمران اور میانداد کا اہم کردار رہا تھا۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد عمران خان پاکستان کی سیاست میں سرگرم ہو گئے۔ وہ سال ۲۰۱۸ء سے ۲۰۲۲ء تک ملک کے وزیر اعظم رہے، لیکن بدعنوانی کے الزامات میں عمران خان کو۲۰۲۳ءمیں جیل بھیج دیا گیا۔

نیریٹو یوٹیوب چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں میانداد نے پاکستان کی حکومت سے اپیل کی ہے کہ عمران خان کو رہا کر دیا جائے۔ میانداد نے اس گفتگو میں کہا کہ عمران خان بے ایمانی نہیں کر سکتے۔ وہ بدعنوان نہیں ہیں۔ اس دوران اپنے سابق کپتان کو یاد کرکے میانداد پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔ میانداد نے کہا کہ ’’عمران خان ایک ایماندار آدمی ہیں۔ اگر وہ بے ایمان ہوتے تو اب تک بہت کچھ کر چکے ہوتے۔ اگر آپ انہیں باہر نکال دیں گے تو کیا ہوگا؟ وہ کسی کو کھا جائیں گے کیا؟ وہ بھی کسی کے بیٹے ہیں۔ میں ہمیشہ یہی سوچتا ہوں کہ وہ جیل میں کیسے رہ رہے ہوں گے۔ ‘‘ سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ سب پاکستانی ہیں، اس لئے اختلافات کو غیر ضروری طور پر طول دینے کے بجائے فریقین کو مل بیٹھ کر مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہئے۔ سابق کپتان نے جاوید میانداد نے مزید کہا کہ ان کیلئے عمران خان کے ساتھ گزرے ہوئے کرکٹ کے دن اور ذاتی تعلق ہمیشہ اہم رہیں گے، اسی لئے وہ چاہتے ہیں کہ موجودہ معاملات کو کشیدگی کے بجائے بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کا مسئلہ، انتخاب سے قبل سفید فام خواتین کی رپبلکن سے کنارہ کشی: رپورٹ

عمران کے بیٹوں قاسم اور سلیمان نے بھی رہائی کی اپیل کی
حال ہی میں عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم کا ایک انٹرویو نشر ہوا ہے۔ اس انٹرویو میں انہوں نے اپنے والد کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے انہیں رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ حال ہی میں پاکستان کی سپریم کورٹ نے عمران خان کے طبی معائنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم، عمران خان کی پارٹی نے الزام عائد کیا کہ طبی معائنہ مناسب طریقے سے نہیں کیا گیا۔ الزام ہے کہ عدالت نے عمران خان کا چیک اپ شفا انٹرنیشنل اسپتال میں کرانے کیلئے کہا تھا، لیکن طبی معائنہ ایک سرکاری اسپتال میں کرایا گیا اور اس کے بعد انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل واپس بھیج دیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: ڈونالڈ ٹرمپ کے عملے کے بیشتر اراکین کا وہائٹ ہاؤس چھوڑنے کا ارادہ: رپورٹ

عمران کی کپتانی میں پاکستان ورلڈ چیمپئن بنا تھا
بتا دیں کہ عمران خان کی کپتانی میں ہی پاکستان نے۱۹۹۲ء کے ون ڈے ورلڈ کپ کا خطاب اپنے نام کیا تھا۔ میلبورن میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دی تھی۔ اس فائنل میں عمران اور جاوید میانداد نے ٹیم کیلئے اہم اننگز کھیلی تھیں۔ عمران خان نے۱۱۰؍ گیندوں پر۷۲؍ رنز بنائے تھے، جبکہ میانداد نے۵۸؍ رنز بنائے تھے۔ ان دونوں کے درمیان۱۳۴؍ رنز کی شراکت داری ہوئی تھی، جس کی بدولت پاکستان نے۵۰؍ اوورز میں ۲۴۹؍ رنز بنائے تھے۔ اس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم۲۲۷؍ رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی جس کے باعث پاکستان نے۲۲؍ رنز سے میچ جیت لیا تھا۔ ۱۹۹۲ء کے بعد پاکستان دوبارہ کبھی ون ڈے ورلڈ کپ نہیں جیت سکا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK