ہندوستان-پاکستان کشیدگی کے دوران سوشل میڈیا پر گمراہ کن دعوئوں کی بھرمار ، پریس انفارمیشن بیورو نےفیکٹ چیک کرتے ہوئے عوام سے محتاط رہنے کی اپیل کی۔
EPAPER
Updated: May 11, 2025, 10:39 AM IST | New Delhi
ہندوستان-پاکستان کشیدگی کے دوران سوشل میڈیا پر گمراہ کن دعوئوں کی بھرمار ، پریس انفارمیشن بیورو نےفیکٹ چیک کرتے ہوئے عوام سے محتاط رہنے کی اپیل کی۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان سوشل میڈیا پر افواہوں اور فیک نیوز کا سیلاب آ گیا ہے۔ ایسے ماحول میں عوامی جذبات کو بھڑکانے اور حالات کو مزید بگاڑنے والی کئی فرضی خبریں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ تاہم، حکومت ہند کی طرف سے قائم کردہ ادارہ ’پی آئی بی‘ فیکٹ چیک کے ذریعے مسلسل سرگرم ہے اور گمراہ کن معلومات کو بے نقاب کر کے عوام کو حقائق سے آگاہ کر رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس پر ایک ویڈیو وائرل ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ہندوستانی فوجی پاکستان کے ساتھ بڑھتے تناؤ سے پریشان ہو کر رو رہے ہیں اور اپنی ملازمت چھوڑ رہے ہیں۔ پی آئی بی فیکٹ چیک نے اس ویڈیو کی حقیقت بتاتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں دکھائے گئے نوجوان اصل میں اندور کے ایک نجی کوچنگ سینٹر، اندور فزیکل اکیڈمی کے طالب علم ہیں جو ہندوستانی فوج میں منتخب ہونے کی خوشی میں جذباتی ہو گئے تھے۔ یہ ویڈیو کسی بھی طرح سے فوجی مایوسی یا نوکری چھوڑنے سے متعلق نہیں ہے۔
ایک اور وائرل ویڈیو میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ہندوستانی پوسٹ کو پاکستان نے تباہ کر دیا ہے۔ پی آئی بی نے اس پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ پرانا ویڈیو ہے جونومبر۲۰۲۰ء میں یوٹیوب پر اپلوڈ کیا گیا تھا۔ اسی طرح ایک دعویٰ کیا گیا کہ جموں کشمیر میں سری نگر ایئرپورٹ کے قریب دھماکے ہوئے ہیں۔ یہ خبر بین الاقوامی میڈیا ادارے الجزیرہ کے حوالے سے شیئر کی گئی لیکن پی آئی بی فیکٹ چیک نے واضح کیا کہ ایسی کوئی بھی تصدیق شدہ اطلاع نہیں ہے۔ عوام سے کہا گیا کہ وہ صرف سرکاری ذرائع پر بھروسہ کریں اور افواہوں سے بچیں۔ ایک اور جھوٹا دعویٰ کیا گیا کہ جے پور ایئرپورٹ پر بھی دھماکے ہوئے ہیں لیکن اسے بھی سختی مسترد کیا گیا ہے۔