Inquilab Logo Happiest Places to Work

پامپور تصادم: لشکر طیبہ کےدو جنگجو ہلاک، گولہ بارود برآمد

Updated: October 17, 2021, 7:39 AM IST | srinagar

تنظیم کا کمانڈرعمر مشتاق کھانڈے مارا گیا جو باغات سری نگر میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث تھا

The house in which the militants were hiding was destroyed in the shelling. (PTI)
وہ مکان گولہ باری میں تباہ ہوگیا جس میںجنگجو چھپے ہوئے تھے ۔(پی ٹی آئی)

جنوبی کشمیر کے قصبہ پامپور کے درنگ بل علاقے میں دوران شب چھڑنے والے تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک کمانڈر سمیت دو جنگجو مارے گئے ہیں۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پامپور تصادم میں دو جنگجو ہلاک کر دیے گئے۔
 انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجوؤں کی تحویل سے اسلحہ وگولہ بارود کے علاوہ قابل اعتراض مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے کہا گیا کہ درنگ بل پامپور تصادم میں عمر مشتاق کھانڈے مارا گیا جو باغات سری نگر میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث تھا اورلشکر کا کمانڈر تھا۔
 ٹویٹ میں کہا گیاکہ درنگ بل پامپور تصادم آرائی میں لشکر طیبہ کے کمانڈر عمرمشتاق کھانڈے کو ہلاک کر دیا گیاجس نے باغات سری نگر میں ہمارے۲؍ساتھیوں کانسٹیبل محمد یوسف اور کانسٹیبل سہیل احمد کو شہید کیا تھا جب وہ چائے پی رہے تھے، جنگجوؤں کے دوسرے جرائم میں یہ سب سے زیادہ نا قابل معافی جرم ہے۔ایک مزیدٹویٹ میں کہا گیا’’ `ہم جنگجوؤں کو تلاش کرنے کے لئے پُرعزم ہیں جو لوگوں میں خوف و دہشت پیدا کر رہے ہیں اور وادی میں فساد پھیلا رہے ہیں۔ ایسے عناصر اور ان کا نام سماج سے نکال باہر کیا جانا چاہئے۔قبل ازیں کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے میڈیا کو بتایا کہ اونتی پورہ پولیس کو جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر سیکوریٹی فورسیز نے گزشتہ شام درنگ بل پامپور کو محاصرے میں لے لیا تھا اور تلاشی آپریشن شروع کیاتھا۔
 انہوں نے بتایا کہ پھنسے ہوئے جنگجوؤں کو خود سپردگی کرنے کا موقع دیا گیا لیکن انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں تصادم چھڑ گیا۔
 ان کا کہنا تھا کہ محاصرے میں لشکر طیبہ کے کمانڈر عمر مشتاق کھانڈے سمیت دو جنگجو پھنسے رہے۔
 قبل ازیں ان کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھاکہ `پامپور انکاؤنٹر میں لشکر طیبہ کمانڈر عمر مشتاق کھانڈے جس کا شمار ۱۰؍ خطرناک جنگجوؤں میں ہوتا ہے، پھنسا ہوا ہے جو دیگر جرائم کے علاوہ باغات سری نگر میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث تھا۔
 سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کی چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج کی۵۰؍ آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے درنگ بل پامپور کو گزشتہ شام محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
 انہوں نے بتایا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔دریں اثنا آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ وادی میں حالیہ شہری ہلاکتوں کے بعد۹؍مسلح جھڑپوں میں۱۳؍ جنگجو مارے گئے ہیں۔

srinagar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK