Inquilab Logo

پنویل : لوکل ٹرین کیلئے طویل ترین سرنگ کا۸۰؍ فیصد کام مکمل

Updated: February 14, 2024, 9:12 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ایم یو ٹی پی-۳؍ پروجیکٹ کے تحت پنویل اور کرجت کے درمیان ۳؍ سرنگیں تعمیر ہوں گی۔

Tunnel for local train between Panvel and Karjat. Photo: INN
پنویل اور کرجت کے درمیان لوکل ٹرین کیلئے بنائی جانے والی سرنگ۔ تصویر : آئی این این

’ایم یو ٹی پی‘ (ممبئی اَربن ٹرانسپورٹ پروجیکٹ) کے تحت پنویل سے کرجت کے درمیان لوکل ٹرینوں کی آمدورفت کیلئے بنائی جارہی طویل ترین سرنگ کا ۸۰؍ فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ گزشتہ سال فروری میں اس سرنگ کی کھدائی شروع ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ ’ممبئی ریل وکاس کارپوریشن‘ (ایم آر وی سی) کے  ’ایم یو ٹی پی-۳‘ پروجیکٹ کے تحت پنویل سے کرجت کے درمیان ۳؍ سرنگیں تعمیر کی جائیں گی۔فی الحال اس راستے پر ریلوے کی ایک ہی لائن موجودہے جسے چند طویل مسافتی ٹرینوں اور مال گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اسی لائن کے متوازی دیگر لائن کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا ہے۔
پروجیکٹ سے کیا فائدہ ہوگا؟
 فی الحال چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی) سے کرجت کے درمیان لوکل ٹرین سے سفر کرنے میں ۲؍ گھنٹے ۱۰ ؍ منٹ (۱۳۰؍ منٹ) درکار ہوتے ہیں لیکن  پنویل اور کرجت کے درمیان سرنگیں تعمیر ہوجانے کے بعد اس سفر میں ۳۰؍ منٹ (آدھا گھنٹہ) کم لگے گا اور یہ سفر ۱۰۰؍ منٹ میں مکمل کیا جاسکے گا۔اس کے علاوہ مسافروں کو دیگر مقامات پر سفر کرنے کیلئے متبادل بھی دستیاب ہوں گے۔ ان سرنگوں سے سی ایس ایم ٹی سے کرجت جانے کیلئے پنویل سے متبادل راستہ دستیاب ہوجائے گا۔
 سرنگوں کی تفصیل
 ایم یو ٹی پی-۳؍ پروجیکٹ کی پہلی ’نڈال‘ سرنگ ہے جو ۲۱۹؍ میٹر طویل ہوگی۔ اس پر ۲۱؍ اکتوبر ۲۰۲۲ء کو کام شروع ہوا تھا اور اس کی کھدائی کا کام مکمل ہونے کے بعد کنکریٹ کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے اور پانی رسنے سے بچائو کیلئے ضروری کام جاری ہے۔
 دوسری واورلے سرنگ ہے جو اس پروجیکٹ کی طویل ترین سرنگ ہوگی اور اس کی طوالت ۲ء۶۲۵؍ کلو میٹر ہے۔ اس سرنگ کی کھدائی کا کام ۲۲؍ فروری ۲۰۲۳ء کو شروع کیا گیا تھا۔ اس کی ۲ء۰۴۸؍ کلو میٹر کی کھدائی کا کام مکمل ہوچکا ہے جس کے بعد کنکریٹ کا کام شروع کیا جائے گا۔
تیسری کیرائولی سرنگ ہے جس کی طوالت ۳۰۰؍ میٹر ہوگی۔ اس پر ۲۹؍ ستمبر ۲۰۲۳ء کو کام شروع کیا گیا تھا اور ۲۲۴؍ میٹر تک کھدائی مکمل ہوچکی ہے۔
پروجیکٹ کے اخراجات اور دیگر کام
 اس پروجیکٹ پر کُل ۲؍ہزار ۷۸۲؍ کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس میں ۳؍ سرنگیں اور ۲؍ فلائی اوور کے علاوہ ۸؍ بڑے اور ۳۶؍ چھوٹے موٹے پُل یعنی کُل ۴۴؍ بریج تعمیر کئے جائیں گے۔اس کے علاوہ ۵؍ روڈ اوور بریج، ۱۵؍ روڈ اَنڈر بریج اور راستہ پار کرنے کیلئے ایک بریج پیدل چلنے والوں کیلئے تعمیر کئے جانے کا منصوبہ ہے۔ 
 ۲۵-۲۰۲۴ء میں اس پروجیکٹ پر ۳۰۰؍ کروڑ روپے خرچ کئے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK