Inquilab Logo

اترپردیش: جے شری رام اور کرکٹرز کے نام لکھنےوالےطلبہ امتحان میں کامیاب

Updated: April 27, 2024, 6:01 PM IST | Inquilab News Network | Lucknow

جونپور (اتر پردیش) کی ویر بہادر سنگھ پوروانچل یونیورسٹی میں سال اول ڈی فارما کے جن طلبہ نے جوابی پرچوں میں جے شری رام، نامور کرکٹرز کے نام اور دیگر غیر متعلقہ تفصیلات لکھی تھیں، انہیں امتحان میں پاس کردیا گیا۔ بیرونی ممتحن کے ذریعے جانچ کرنے پر کئی طلبہ صفر اور چار نمبر تک پہنچے۔ رشوت لے کر پاس کرنے کے الزام میں دو پروفیسر معطل۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

جونپور (اتر پردیش) کی ویر بہادر سنگھ پوروانچل یونیورسٹی میں سال اول ڈی فارما کے جن طلبہ نے جوابی پرچوں میں جے شری رام، نامور کرکٹرز کے نام اور دیگر غیر متعلقہ تفصیلات لکھی تھیں، انہوں نے اچھے نمبروں سےامتحانات میں کامیابی حاصل کی لیکن بعد میں وہ قانونی گرفت میں بھی آگئے۔ اس کے بعد یونیورسٹی کے دو پروفیسر ڈاکٹر ونئے ورما اور منیش گپتا کو ہندوتوا کے نعروں، نغموں اور دیگر غیر متعلقہ تفصیلات کے ساتھ لکھی گئی جوابی پرچوں پر نمبروں کے بدلے طلبہ سے پیسے لینے کے الزام میں معطل کر دیا گیا۔ 
یہ واقعہ سب سے پہلے اس وقت منظر عام پر آیا جب دو طالب علم لیڈروں نے آر ٹی آئی دائر کی اور امتحانی پرچوں کی دوبارہ جانچ کی مانگ کی۔ اسٹوڈنٹ لیڈر دیویانشو سنگھ نے وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ، گورنر اور وائس چانسلر کو بھیجے گئے خط میں الزام لگایا تھا کہ یونیورسٹی کے کچھ عہدیداروں کی ملی بھگت سے صفر نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو ۶۰؍فیصد سے زیادہ نمبر دے کر پاس کیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں گورنر کے دفتر نے گزشتہ سال دسمبر کے آخر میں اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ 
یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے تشکیل دی گئی ایک کمیٹی نے بیرونی پروفیسروں کے ذریعے پرچوں کی دوبارہ جانچ کے بعد نمبروں میں واضح فرق پایا۔ بیرونی ممتحن کے ذریعےپرچوں کی جانچ کے بعدکل ۱۸؍میں سے دو طلبہ کے نمبر۵۲؍ اور ۳۴؍سے صفراور ۴؍ہو گئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK