Inquilab Logo

پنویل : ممبئی- گوا شاہراہ کی خستہ حالی کے خلاف مہاراشٹر نو نرمان سینا کی مہم

Updated: August 17, 2023, 8:09 AM IST | waseem patel | Mumbai

اس تعلق سے منعقدہ پروگرام میں پارٹی سربراہ راج ٹھاکرے نے عوام سے انہیں اقتدار میں لانے کی اپیل کی ۔وزیراعظم مودی اور ریاستی حکومت کوبھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ خراب راستوں کے سبب ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ بھی شریک تھے

Raj Thackeray along with his party leaders inspecting the dilapidated road. (PTI)
راج ٹھاکرے اپنی پارٹی کے لیڈران کے ہمراہ خستہ حال سڑک کا معائنہ کرتے ہوئے۔ (پی ٹی آئی)

ممبئی -گوا شاہراہ کی خستہ حالی اورجابجا گڑھوں کے خلاف مہم شروع کرتے ہوئے  مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) نے پنویل کے واسو دیو بلونت پھڑ کے ہال میں  بدھ کو نرادھار میلا  وا کا انعقاد کیا جس میں پارٹی سربراہ راج    ٹھاکرے  نے شرکت کی ۔شروعات میں گیتوں کے ذریعے ان راستوں کی حالت  زار بیان کی گئی جبکہ ان راستوں کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کے گھر والوں نے  اپناردعمل بھی ظاہرکیا۔ 
  راج       ٹھاکرے نے اپنی تقریر کی شروعات’ میرے ہندو بھائی بہنو‘  ان الفاظ  سے کی۔  انہوں نے کہا کہ کوکن سے تعلق رکھنے والے ۱۹؍ میں سے ۱۷؍ اراکین اسمبلی اقتدار میں ہیں لیکن ان خراب راستوں اور گڑھوں کے خلاف انہوں نے کبھی بھی آواز نہیں اٹھائی ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ۲۰۰۷ء  سے لے کر اب تک ۱۸؍ ہزار افراد ان خراب راستوں کی وجہ سے موت کی آغوش میں جا چکے ہیں ۔ یہاں پر ایک لاکھ ۲۷؍ ہزارگڑھے ہیں لیکن ان میں سے صرف ۲۷؍ ہزارگڑھے ہی درست کئے گئے  ہیں۔ میری پارٹی نے اس تعلق سے کئی دفعہ احتجاج کیا ۔ ہمارے ورکرس جیل بھی گئے۔ حکومت ان راستوں کی خراب ہونے کی وجوہات قدرتی آفت کوقرار دیتی ہے۔  ہزاروں افراد ان خراب راستوں اورگڑھوں کی وجہ سے ہمیشہ کیلئے معذور ہو چکے ہیں۔   انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کے کسی بھی مسئلہ پر توجہ نہیں دیتی ہے۔ مجھے حیرت اس بات پر ہوتی ہے کہ عوام پھر بھی انہیں اپنا قیمتی  ووٹ دے کر اقتدار     میں لاتے ہیں۔ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ ہمیں ایک موقع دیں۔ ہم آپ کے تمام مسائل کو حل کر دیں گے۔
 راج ٹھاکرے نے نریندر مودی کا نام لئے بغیران پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ این سی پی پر۷۰؍ ہزار کروڑ  کےگھپلے کا الزام لگانے والے ان۷۰؍  ہزار کروڑ کی بات بھی نہیں کرتا۔ کسی کو بھی بالا صاحب  ٹھاکرے کے نام پر ووٹ مانگنے کا حق نہیں ہے کیونکہ یہ ان کے اصولوں کو فراموش کر چکے ہیں۔ یہ پارٹیاں عوام کو بیوقوف بناتی ہیں۔ انہیں کھوکھلے وعدوں سے بہلاتی ہیں۔ اب عوام کو ان کے  جال میں نہیں   پھنسنا  چاہئے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یان چندر پر جا سکتا ہے لیکن اچھے راستے نہیں بن سکتے۔ یہ ہماری بدقسمتی ہے۔  سمردھی  مہا مارگ  پر اب تک ۴۰۰؍ لوگ گڑھوں کی وجہ سے مر چکے ہیں لیکن حکومت کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ کوکن میں تجارت ہونی چاہئے  لیکن اس کی خوبصورتی کو قائم رکھتے ہوئے ۔راج ٹھاکرے نے   انتباہ  دیا  کہ  اگر ان راستوں کی مرمت نہیں کی گئی تو ہم اس کے خلاف زبردست احتجاج کریں گے ۔ یہ احتجاج کب ہو گا، اس کی تاریخ انہوں نے نہیں بتائی ۔  راج  ٹھاکرے اپنے مقررہ وقت سے ڈھائی گھنٹہ تاخیر سے   پہنچے لیکن دیگر لیڈروں کی طرح انہوں نے معذرت نہیں کی۔ پروگرام ختم ہونے کے بعد انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بھی بات چیت نہیں کی جس سے  ان میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ اس موقع پر بالا نندگا و نگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK