• Fri, 04 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پارلیمنٹ سیکوریٹی معاملہ: ملزمین جمہوریت کو بدنام کرنا چاہتے تھے: دہلی پولیس

Updated: September 09, 2024, 7:26 PM IST | New Delhi

پولیس نے پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں داخل کی گئی اپنی چارج شیٹ میں دعویٰ کیا کہ ملزمین کا گروپ پہلی دفعہ سوشل میڈیا پر اکٹھا ہوا تھا اور ۲ برس کی منصوبہ بندی کے بعد، انہوں نے پارلیمنٹ پر حملہ کے اپنے منصوبہ کو انجام دیا۔

Delhi Police. Photo: INN
دہلی پولیس۔ تصویر: آئی این این

دہلی پولیس نے عدالت میں داخل کی گئی چارج شیٹ میں دعویٰ کیا کہ دسمبر ۲۰۲۳ء میں پارلیمنٹ سیکورٹی کی خلاف ورزی کرنے والے ملزمین کا مقصد ہندوستانی جمہوریت کو بدنام کرنا، فوری عالمی شہرت حاصل کرنا اور اقتدار حاصل کرنا تھا۔ یہ چارج شیٹ جون میں دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت میں داخل کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ۱۳ دسمبر کو دو نوجوانوں نے وزیٹر گیلری سے لوک سبھا چیمبر میں چھلانگ لگا کر گیس کے کنستر کھول دیئے تھے جبکہ پارلیمنٹ کے باہر ایک مرد اور ایک خاتون نے پیلے دھوئیں کے کنستر کھول رکھے تھے اور "آمریت ہٹاؤ" کے نعرے لگائے تھے۔
پولس نے اس کیس میں چھ افراد منورنجن ڈی، ساگر شرما، امول دھن راج شندے، نیلم آزاد، للت جھا اور مہیش کماوت کو گرفتار کیا تھا جو تاحال عدالتی حراست میں ہیں۔ 
خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کو نامعلوم ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق، پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں دعویٰ کیا کہ نوجوانوں کا یہ گروپ پہلی دفعہ سوشل میڈیا پر اکٹھا ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق، ملزمین نے ۲ برس کی منصوبہ بندی کے بعد، ۲۰۰۱ء پارلیمنٹ حملہ کی ۲۱ ویں برسی پر اپنے منصوبہ کو انجام دیا۔
یاد رہے کہ ۱۳ دسمبر ۲۰۰۱ء کو پارلیمنٹ پر دہشت گردانہ حملہ میں چند مسلح افراد نے پارلیمنٹ کے احاطے میں داخل ہو کر اے۔کے۔۴۷ رائفل سے فائرنگ شروع کردی تھی۔ اس حملے میں نو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ 
چارج شیٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمین ذاتی طور پر پہلی بار فروری ۲۰۲۲ء میں میسور، کرناٹک میں ملے تھے۔ پی ٹی آئی کے مطابق، اپنے منصوبے کو حتمی شکل دینے کیلئے اُنہوں نے میسور، گروگرام اور دہلی میں مجموعی طور پر پانچ میٹنگیں کیں۔
پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں اس معاملہ میں منورنجن ڈی پر اہم سازشی ہونے کا الزام لگایا ہے۔ چارج شیٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ منورنجن نے دیگر گروپ ممبران سے  امارت، شان و شوکت اور دولت کا وعدہ کیا اور "جمہوریت کی علامت" کو نشانہ بنانے کیلئےاُکسایا اور حملہ کیلئے ترغیب دی۔ پی ٹی آئی نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ منورنجن کٹر ماؤ وادی سوچ رکھتا تھا اسی لئے اس نے فوری اور دیرپا توجہ حاصل کرنے کے لیے پارلیمنٹ کی عمارت کو نشانہ بنایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK