• Wed, 07 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’پارٹیسیپیٹ ممبئی‘ ہر شہری تک خدمات پہنچانے والا پلیٹ فارم ثابت ہوگا: وزیر اعلیٰ

Updated: October 07, 2026, 3:27 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ریاست کے وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس اور ممبئی کی میئرریتو تاؤڑے کی موجودگی میں ’پارٹیسیپیٹ ممبئی‘ کا افتتاح اور ’سمگرا‘ کے ساتھ معاہدہ بھی کیا گیا۔

Mayor Ritu Tawde, Chief Minister Devendra Fadnavis, and Minister Mangal Prabhat Lodha. Photo: INN
میئرریتو تاؤڑے، وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس اور وزیر منگل پربھات لودھا۔ تصویر: آئی این این

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے ممبئی کی ترقیاتی عمل میں شہریوں، کاروباری شعبے، غیر سرکاری تنظیموں(این جی اوز)  اور ماہرین کی شرکت کو بڑھانے کیلئے ’’پارٹیسیپیٹ ممبئی‘‘ نامی اپنی نوعیت کا ایک نیا ڈیجیٹل پارٹنرشپ پلیٹ فارم شروع کیا ہے۔ بی ایم سی کے تاریخی ہال میں منگل کو وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس کے ہاتھوں اس کا افتتاح عمل میں آیا، ساتھ ہی میونسپل سروس ڈیلیوری سسٹم کو بہتر بنانے اور انتظامی کارکردگی کو بڑھانے کیلئے ’سمگرا‘ تنظیم کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ ’’بی ایم سی میں ’پارٹیسیپیٹ ممبئی‘ ہر شہری تک خدمات پہنچانے والا پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔‘‘ 

اس موقع پر میئر ریتو تاؤڑے اور ممبئی میونسپل کمشنر اشوینی بھیڈے نے نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ’’پارٹیسیپیٹ ممبئی‘‘ صرف کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی( سی ایس آر) فنڈز جمع کرنے کا پلیٹ فارم نہیں ہے بلکہ حکومت، میونسپل کارپوریشن، کارپوریٹس اور سماجی تنظیموں کیلئے ترقی کی خاطر ایک ساتھ مل کر کام کرنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔’سمگرا‘ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت ( ایم او یو) سے میونسپل کارپوریشن کے سروس ڈیلیوری سسٹم میں بہتری، انتظامی عمل کو آسان بنانے اور کارکردگی کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ان دونوں اقدامات سے ممبئی کی ترقی میں عوامی شمولیت اور ایک متحرک انتظامیہ کا اضافہ ہوگا۔

شہریوں کو دی جانے والی خدمات بہتر ہوگی 

اس موقع پروزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ ’’ بی ایم سی نے انتظامی عمل کو آسان، تیز رفتار اور شفاف بنانے کیلئے ’سمگرا‘ تنظیم کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔‘‘

ان کےمطابق بلڈنگ پروپوزل محکمہ میں نقشوں کی جانچ کیلئے مصنوعی ذہانت(اے آئی) کا استعمال شروع کیا گیا ہے تا کہ انسانی مداخلت کم ہو اور ’ایز آف ڈوئنگ بزنس‘ کو فروغ ملے۔

یہ بھی پڑھئے:خشک سالی اور ایل نینو کا اثر: مہاراشٹر میں ۱۶؍ اکتوبر سے پانی کی سپلائی میں ۱۰؍ فیصد کٹوتی

۱۰؍ نئے شہری سہولت کے مرکزمراکز کیلئے فنڈ

اس موقع پر ’ہندوستان یونی لیور‘ کی جانب سے ممبئی میں مختلف مقامات پر ۱۰؍نئے شہری سہولت کے مرکز( سی ایف سی)قائم کرنے کیلئے ۲۵؍ کروڑ روپے کا سی ایس آر فنڈ بی ایم سی کے سپرد کیا گیا۔

ممبئی میں غذائی قلت  پر توجہ دینے کی ضرورت

ممبئی میونسپل کارپوریشن نے بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کے شعبے میں بہترین کام کیا ہے ،اس کے ساتھ تعلیم، صحت اور غذائیت (نیوٹریشن) کے شعبوں میں مزید موثر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ شہر کے بعض علاقوں بالخصوص جھگی جھوپڑیوں اور غریب بستیوں میں غذائی قلت اور بچوں کی نشوونما رکنے جیسے مسائل اب بھی موجود ہیں۔ ان بچوں تک غذائیت پہنچانے کیلئے سی ایس آر پارٹنرشپ کا موثر استعمال ضروری ہے۔ غذائیت کا براہِ راست تعلق بچوں کی دماغی نشوونما، تعلیمی کارکردگی اور قوتِ مدافعت سے ہے، اس لئے اس شعبے میں موثر قدم اٹھانے سے آئندہ نسل کی ترقی پر دیرپا اثرات مرتب ہوں گے۔

میونسپل کمشنر اشوینی بھیڈے نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ممبئی جیسے ۲؍کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کو شفاف اور تیز رفتار خدمات فراہم کرنے کیلئے انتظامی نظام میں مسلسل اصلاحات ضروری ہیں اور ’’پارٹیسیپیٹ ممبئی‘‘ سے ان خدمات کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر اسکلز، ایمپلائمنٹ، انٹرپرینیورشپ اور انوویشن کے وزیر اور ممبئی مضافاتی ضلع  کے شریک سرپرست وزیر منگل پربھات لودھا، ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے، ڈپٹی میئر سنجے گھاڑی، میونسپل کمشنر اشوینی بھیڈے، ہاؤس لیڈر گنیش کھنکر، اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین پربھاکر شندے اور شیو سینا گروپ لیڈر امے گھولے موجود تھے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK