Inquilab Logo

کسانوں کی ’انتم ارداس‘ میں ۵؍ ریاستوں کے ۵۰؍ ہزار کسانوں کی شرکت

Updated: October 13, 2021, 8:31 AM IST | lakhimpur kheri

کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی بھی لکھیم پور پہنچیں لیکن انہیں اسٹیج پر جگہ نہیں ملی، اجے کمار للو اور دپیندر ہڈا کے ساتھ زمین پر پہلی صف میں بیٹھیں،اس سے قبل انہیں ایک بار پھر سیتا پور ٹول پلازہ پر روکنے کی کوشش کی گئی، جینت چودھری کو بھی بریلی ایئرپورٹ پر روکاگیا، بعد میں وہ بھی انتم ارداس میں شریک ہوئے، بی جے پی کا کانگریس پرلکھیم پور معاملے کو سیاسی رنگ دینے کا الزام

Priyanka Gandhi`s participation in condolence session has lifted the spirits of farmers and strengthened the movement.
تعزیتی نشست میں پرینکا گاندھی کی شرکت سے کسانوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور تحریک مضبوط ہوئی ہے

مرکزی وزیرداخلہ برائے مملکت اجے کمار مشرا کی گاڑی سے کچل کر ہلاک  کئے گئے کسانوں کی ’انتم ارداس‘ میں ۵؍ ریاستوں  کے  ۵۰؍ ہزار سے زائد کسانوں نے شرکت کی۔ اس معاملے میں اپوزیشن کا چہرہ بن کر ابھرنے والی کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی بھی لکھیم پور پہنچیں ۔ کسانوں نے اپنے اسٹیج کو ’سیاست سے پاک‘ رکھنے کی کوشش کے تحت  پرینکا گاندھی کو اسٹیج پر آنے کی اجازت نہیں دی۔ بعد ازاں وہ اپنے ساتھی  اجے کمار للو،  دپیندر ہڈا اور دیگر لیڈروں کے ساتھ زمین پر پہلی صف میں بیٹھیں۔اس  سے قبل انہیں کووڈ   پروٹوکول کا حوالہ دیتے ہوئے سیتا پور ٹول پلازہ پرروکنے کی کوشش کی گئی جہاں پولیس اہلکاروں سے کانگریس کارکنان  میں تھوڑی دیر تک ’لفظی جھڑپ‘ بھی ہوئی۔ بعد ازاں  پرینکا گاندھی کے قافلے میں شامل کچھ گاڑیوں کو روک کر باقی  قافلے کو  آگےجانے دیا گیا۔
 لکھیم پور تشدد میں مارے گئے کسانوںکی آتما کی شانتی کیلئے منگل کو تکونیا میں انتم ارداس (تعزیتی اجلاس) کاانعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام ، جائے حادثہ سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر۳۰؍ ایکڑ قطعہ اراضی پر منعقد کیا گیا تھا جس میںاترپردیش کے علاوہ پنجاب ، ہریانہ ، دہلی ، راجستھان اور چھتیس گڑھ سے ۵۰؍ ہزار سے زائد کسان پہنچے  تھے۔اس موقع پر کسان لیڈروں نےکئی  اہم اعلانات بھی کئے ہیں۔ ان اعلانات کے مطابق ۲۴؍ اکتوبر کو مہلوک کسانوں کی راکھ کو ملک کی تمام بڑی  ندیوں کے سپرد کیا جائے گا۔ اسی دن صبح ۱۰؍ بجے سے شام۴؍ بجے تک چکا جام ہوگا۔ استھی کلش کو ملک کی تمام ریاستوں اور اترپردیش کے  ہر ضلع میں گھمایا جائے گا اور تکونیا میں جائے واردات پر کسانوں کی یاد میں ایک یادگار بھی قائم کیا جائے گا۔
 اس موقع پر پرینکا گاندھی  نےمتاثرہ کنبوں کو انصاف دلانے کیلئےپوری کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔ میڈیا نمائندوں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’’آج میں انتم ارداس کی تقریب میں آئی ہوں، اسلئے کچھ نہیں بولوں گی نہیں لیکن اتنا وعدہ ضرور کروں گی کہ آخری سانس تک کسانوں کی انصاف کی لڑائی لڑوں گی۔پرینکا نے اس دوران تشدد میں زخمی کسان بلجندر سنگھ سے بھی ملاقات کی اور ان کا حال چال معلوم کیا۔
  پرینکا گاندھی کا قافلہ صبح۸؍  بجے لکھنؤ ایئر پورٹ سے لکھیم پور کیلئے روانہ ہوا تھا لیکن سیتاپور ٹول پلازہ پر پولیس نے قافلے کو کووڈ پروٹوکول کا حوالہ دیتے ہوئے روک دیا۔اس دوران کانگریس کارکنوں اور پولیس اہلکار کے درمیان معمولی نوک جھونک بھی ہوئی جس کے بعد قافلے میں شامل کچھ گاریوں کو روک کر قافلے کو آگے روانہ کیا گیا۔کانگریس کارکنوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت کے اشارے پر پولیس انتظامیہ نے  آمریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے  کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کی گاڑیوں کو جگہ جگہ روکنے کی کوشش کی۔
  حالات سے بوکھلائی بی جے پی نے کانگریس پر تنقید کرتےہوئے کہا ہے کہ کانگریس ووٹوں کی خاطر اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے کہاکہ اس پورے معاملے کی منصفانہ تحقیقات جاری ہے ،ایسے میں جس طرح کی سیاست کچھ اپوزیشن پارٹیاں کر رہی ہیں اور ووٹ کی کھیتی کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، وہ افسوس ناک ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK