Inquilab Logo

چھپرہ، گیا اور نوادہ میں انسانی زنجیر کے ذریعہ سی اے اے کی مخالف

Updated: January 20, 2020, 1:53 PM IST | Inquilab News Network | Bihar

چھپرہ شہر کے محلہ کریم چک کے نزدیک شہریت ترمیمی قانون، این پی آر اور این آر سی کے خلاف سیکڑوں کی تعداد میں عوام نے انسانی زنجیر بنائی اور اس سیاہ قانون کیخلاف مظاہرہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔

 طالبات انسانی زنجیر  میں شامل ۔  تصویر :انقلاب
طالبات انسانی زنجیر میں شامل ۔ تصویر :انقلاب

  گیا /چھپرہ / نوادہ : بہارکے مختلف اضلاع میں انسانی زنجیر بنا کر سیاہ قانون کی مخالف کی گئی ۔   اتوارکو جل جیون ہریالی کی حمایت میں ایک طرف انسانی زنجیر بنائی جا رہی تھی، اسی وقت  دوسری طرف چھپرہ شہر کے محلہ کریم چک کے نزدیک شہریت ترمیمی قانون، این پی آر اور این آر سی کے خلاف سیکڑوں کی تعداد میں عوام نے انسانی زنجیر بنائی اور اس سیاہ قانون کیخلاف مظاہرہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ اس احتجاج میںمسلمانوںکے ساتھ ساتھ دلت اور پسماندہ طبقات شامل تھے ۔ اس دوران مظاہرین  کے ہاتھوں میں قومی پرچم ترنگا کے ساتھ ساتھ سی اے اے، این پی آر اور این آر سی کے خلاف نعرے تحریر کئے ہوئے پلے کارڈ اور تختیاں تھیں۔ مظاہرین  نے اپنے سینے پر ’میں ہندوستانی ہوں، میں سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کو رد کرتا ہوں ‘ کا اسٹیکر چسپا ں کر رکھا تھا۔ اس احتجاج کا دلت اور دیگر پسماندہ طبقات کا ساتھ ملا ہے جو قابل فخر ہے۔  ان کا کہنا ہے کہ ہم حکومت بہار کے اعلان پر بننے والی انسانی زنجیر میں شامل ہو کر ملک کو منقسم کرنے، انتشار پیدا کرنے اور ہم آہنگی کو ختم کرنے والے قانون کے خلاف کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے وزیر اعلیٰ عزت مآب نتیش کمار کہتے ہیںکہ بہار میں این آر سی نافذ نہیں ہوگی ۔ ہم سب اسی مطالبہ کو دہرا رہے ہیں کہ بہار سمیت پورے ملک میں این آر سی کو منسوخ کیا جائے۔ اگر این آر سی کو نافذ کرنا ہی ہے تو ڈی این کی بنیاد پر نافذ کی جائے تاکہ عوام کو معلوم ہو جائے کہ کون ہندوستانی ہے اور کون غیر ہندوستانی ہے۔
  اسی دوران گیا ضلع میں جل جیون ہریالی منصوبہ کے تحت بننے والی انسانی زنجیر میں بھی قومی شہریت قانون وقومی آبادی رجسٹر کی مخالفت کی گئی ۔انسانی زنجیر میں سی اے اے واپس لواور این آرسی واین پی آر نہیں چلے گا کے پلے کارڈ دکھائے گئے ۔ واضح ہوکہ شہر کے کٹاری ہل روڈپر  سیکڑوں  افراد ہیومن چین میں تو شامل ہوئے لیکن ان کے ہاتھوں میں این آرسی این پی آر اور سی اے اے کو واپس لو جیسے نعروں کی تختیاں تھیں ۔ ساتھ ہی این آرسی ، این پی آر و سی اے اے سے آزادی کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے جارہے تھے  جبکہ اسی روڈ پر سیکڑوں اسکولی طلباء  اورطالبات تھے جو انسانی زنجیر کی حمایت میں جل جیون ہریالی کا بینر لے کر کھڑے تھے ۔ سی اے اے  اوراین آرسی کی مخالفت کرنے والوں کا اس دوران یہ  کہناتھا کہ وہ جل جیون ہریالی کے ساتھ ہیں لیکن حکومت کے دکھاوے کے اور پیسوں کی بربادی کے ساتھ نہیں ہیں ۔ نوادہ ضلع میں بھی طلباء اور طالبات نے انسانی زنجیر کے ذریعہ سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاج کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK