Inquilab Logo Happiest Places to Work

عمرہ کرنے والےافراد اب سعودی عرب کے کسی بھی شہر کا سفر کرسکیں گے

Updated: December 07, 2023, 9:33 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

گرینڈ حیات ہوٹل میں منعقدہ پروگرام میں سعودی حکومت کی جانب سے پرائیویٹ ٹورآپریٹروں کونئی پالیسی کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔ عمرہ کے ساتھ سیاحت کی بھی سہولت دی گئی ہے

A view of the program organized by the Saudi Arabian government at the Grand Hyatt Hotel.
سعودی عرب حکومت کی جانب سے گرینڈ حیات ہوٹل میں منعقدہ پروگرام کا منظر۔ (تصویر: انقلاب)

دی حکومت نے اب معتمرین کیلئے تمام شہروں اور تاریخی مقامات بھی سیر و سیاحت کیلئے کھول دیئے ہیں۔ اب تک عمرہ کیلئے جانے والوں کو مکہ اور مدینہ کے علاوہ دیگر مقامات پر جانے کی اجازت نہیں ہوتی تھی لیکن سیاحت کی نئی پالیسی کے تحت معتمرین سعودی عرب کے کسی بھی مقام پر اسلامی تاریخ میں اہمیت کے حامل مقامات کی زیارت یا سیاحت کیلئے جاسکتے ہیں۔ نئی پالیسی میں محرم کے بغیر عمرہ کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔
 عمرہ کے ساتھ سیاحت کے تعلق سے سعودی حکومت کی نئی پیشکش کے تعلق سے عوام کو مطلع کرنے کیلئے سعودی حکومت ہندوستان کے ایسے  پرائیویٹ ٹورس اینڈ ٹراویل ایجنٹوں کی بھی مدد لے رہی ہے جو لوگوں کو عمرہ کیلئے لے جاتے ہیں۔ چونکہ سعودی عرب کا سفر کرنے کے خواہشمند افراد ان ایجنٹوں سے رابطہ کرتے ہیں اس لئے سعودی حکومت کی کوشش ہے کہ یہ ایجنٹ معتمرین کو سیاحت کی نئی سہولتوں سے آگاہ کرائیں۔ ان ایجنٹوں کو سعودی عرب کی نئی پالیسیوں اور سہولیات سے آگاہ کرنے کیلئے بدھ کو سانتاکروز مشرق  میں واقع گرینڈ حیات ہوٹل میں سعودی حکومت کی جانب سے ’  نُسُک روڈ شو‘ عنوان سے ایک بین الاقوامی پروگرام منعقد کیا گیا   جس میں پورے ملک کی مختلف ریاستوں سے پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کو مدعو کیا گیا تھا ۔ اس پروگرام میں حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے  پرائیویٹ ٹورآپریٹروں سے ملاقات بھی کی۔
 اس پروگرام میں ٹراویل ایجنٹوں کو ’پاور پوائنٹ پریزنٹیشن‘ کی مدد سے سعودی عرب میں معتمرین کیلئے مہیا کرائی گئی نئی سہولتوں کی تفصیلات فراہم کرنے کے علاوہ سعودی عرب کی کئی ایسی کمپنیوں کے نمائندوں سے براہ راست گفتگو کا بھی موقع دیا گیا تھا جو  سیاحت کے شعبہ سے وابستہ ہیں۔ ان کمپنیوں میں ہوائی جہاز کے ٹکٹ، ہوٹل، سعودی عرب میں بس سروس، بینک اور موبائل نیٹ ورک فراہم کرنے والے بھی شامل تھے۔ 
’نُسُک ایپ‘
 سعودی حکومت نے ’نُسُک ایپ‘ تیار کیا ہے اور اب عمرہ یا سیاحت سے متعلق زیادہ تر امور اسی ایپ یا پھر اسی نام سے شروع کی گئی ویب سائٹ کے ذریعہ انجام دیئے جاسکتے ہیں۔
مدینہ کیلئے براہ راست فلائٹ
 اس پروجیکٹ کیلئے ہندوستان میں ٹریڈ مارکیٹ کے ڈائریکٹر مشیل قریشی نے بتایا کہ بہت جلد ہندوستان سے اب براہِ راست مدینہ کیلئے ہوائی جہاز کی پروازیں دستیاب ہوں گی اور جہازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ سعودی عرب کا سفر کرسکیں۔ مزید یہ کہ سعودی میں ہندوستانیوں کی آمد و رفت میں اضافہ اور دیگر سہولیات کی غرض سے ممبئی، دہلی اور حیدرآباد سمیت ۱۱؍ جگہوںپر دفاتر قائم کئے جاچکے ہیں اور مزید ۲؍ دفاتر  قائم کئے جائیں گے۔
۴؍ گھنٹوں کا ’اسٹاپ اوور ویزا ‘
 مارکٹنگ کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر وَلّا نحس نے بتایا کہ بہت زیادہ مصروف رہنے والے افراد یا تاجر جو کچھ وقفہ کیلئے سعودی عرب رُک کر عمرہ کرکے واپس جانا یا اپنا آگے کا سفر جاری رکھنا چاہتے ہیں تو وہ ’اسٹاپ اوور‘ یا ’ٹرانزٹ‘ ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ ویزا زیادہ سے زیادہ ۹۶؍ گھنٹوں کیلئے ہوتا ہے لیکن مصروف افراد اس ویزے کی مدد سے ۴؍ گھنٹوں میں بھی عمرہ کرکے واپس جاسکتے ہیں۔مزید یہ کہ پہلے عمرہ کیلئے ۳۰؍ دن کا ویزا فراہم کیا جاتا تھا لیکن اب ۹۰؍ دن کا ویزا دیا جائے گا تاکہ لوگ یہاں زیادہ دنوں تک قیام کرسکیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اب بغیر محرم کے عمرہ کیلئے آنے والی خواتین کو بھی اہمیت دی جارہی ہے ۔ نئی پالیسی میں جو لوگ عمرہ کے ساتھ زیارت یا عمرہ کرلینے کے بعد تفریحی مقامات پر جانا چاہتے ہیں، ان کیلئے مختلف پیکیج تیار کئے گئے ہیں اور سفر کرنے والوں کی سہولت کے اعتبار سے نئے پیکیج بھی تیار کئے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سفر کے خواہشمند افراد اگر بچوں، معلومات کی کمی یا دیگر کسی بھی وجہ سے سعودی عرب کا سفر نہیں کاپارہے تو اس میں بھی ان کی رہنمائی اور مدد کی جائے گی۔ ’نُسُک ایپ‘ اور ویب سائٹ کو ایجنٹ حضرات اور معتمرین کیلئے ۲؍ حصوںمیں تقسیم کیا گیا ہے اور یہ ایپ ایک ذاتی اسسٹنٹ کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جو کس مقام پر کیا دعا پڑھنی ہے، مقامی بازار اور دیگر مقامات کی بھی تفصیلات فراہم کرے گا۔
مختلف مقامات کا سفر
 ’مارکیٹ آفرنگ منیجر‘ عمل الحربی نے سعودی عرب میں تفریح اور سیاحت کے تعلق سے دستیاب سہولیات اور مقامات کی تفصیلات بتائیں کہ کہاں کیا دلچسپ مقامات دیکھنے، گھومنے یا کیا لذیذ کھانے دستیاب ہیں۔ حتیٰ کہ ایک مقام پر سعودی عرب کے خاندانوں کے ساتھ ان کے یہاں تیار کئے گئے روایتی کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ طائف میں ’ہایکنگ‘(پہاڑوں پر چڑھنا)، کیبل کار اور دیگر مقامات پر پیراگلائیڈنگ اور سمندر میں غوطہ خوری جیسی سہولتیں بھی دستیاب ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK