راہل گاندھی نے کہا کہ ’’حکومت مجھے طلبہ کی آواز اٹھانے سے نہیں روک سکتی ‘‘
EPAPER
Updated: August 07, 2026, 7:29 AM IST | Allahabad
راہل گاندھی نے کہا کہ ’’حکومت مجھے طلبہ کی آواز اٹھانے سے نہیں روک سکتی ‘‘
۸؍اگست کو الٰہ آباد میں کانگریس پارٹی کے چھاتروں کی گونج پروگرام کی اجازت منسوخ کردی گئی ہے۔ شہر کے کایستھ پاٹھ شالہ (کے پی) ٹرسٹ نے ۸؍ اگست کو کے پی گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے پروگرام کی اجازت واپس لے لی۔ ٹرسٹ نے اس فیصلے کی وجہ الہ آباد ہائی کورٹ کے ایک سابقہ حکم، میدان میں بارش کے باعث پانی بھر جانے اور حفاظتی خدشات کو قرار دیا۔ ٹرسٹ کے کارگزار صدر جتیندر ناتھ چودھری کے مطابق ہائی کورٹ کی ہدایت ہے کہ ’کے پی کالج‘ گراؤنڈ کو کھیل اور تعلیمی سرگرمیوں کے علاوہ کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہ کیا جائےجبکہ پہلے دی گئی اجازت بھی ضلع مجسٹریٹ کی منظوری سے مشروط تھی۔
اس پر کانگریس پارٹی نے شدید ردعمل دیا ہے اور واضح کیا کہ چھاتروں کی گونج کا پروگرام ہر حال میں ہو گا اور ۸؍ اگست کو ہی ہوگا۔ اس سلسلے میں کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے فوراً الٰہ آباد پہنچے ۔ انہوں نے یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے واضح کردیا کہ پروگرام ہر حال میں ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ چھاتروں کی گونج اب قومی تحریک بن گئی ہے اس لئے بی جے پی گھبرائی ہوئی ہے اور اجازت منسوخ کروارہی ہے۔