Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیرو: فیفا کےاسٹار کھلاڑیوں کا اثر، والدین اپنے بچوں کےنام ہالینڈ، میسی، رونالڈو اور جمال رکھ رہےہیں

Updated: July 14, 2026, 4:03 PM IST | Lima

پیرو کے رجسٹری ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ پیرو میں ۳۴۰۲ باشندوں کا نام ’میسی‘ ہے، جس میں ۲۹۲ لوگ ’لیونل میسی‘ کے نام سے رجسٹرڈ ہیں۔ برازیل کے اسٹار کھلاڑی ’نیمار‘ کے نام پر ۳۳۸۰۹ پیرو کے باشندوں کے نام رکھے گئے ہیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

فیفا ورلڈکپ ۲۰۲۶ء کا جلوہ صرف براعظم شمالی امریکہ ہی نہیں، بلکہ جنوبی امریکہ میں بھی دکھائی دے رہا ہے۔ امریکہ، کنیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں جاری ورلڈکپ جنوبی امریکہ میں بچوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹس پر بھی اثرانداز ہو رہا ہے۔ پیرو میں لیونل میسی، رونالڈو اور نیمار کے بعد ناروے کے اسٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ (Erling Haaland) کے عالمی ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کے بعد ان کے نام پر بچوں کے نام رکھنے کے رجحان میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے، جس نے انہیں فٹ بال کے ان نامور کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے جن کے نام پر پیرو میں ہزاروں بچوں کے نام رکھے گئے ہیں۔

پیرو کے ’نیشنل رجسٹری آف آئیڈنٹیفیکیشن اینڈ سول اسٹیٹس‘ (RENIC) کے مطابق، ملک کے ۳۶۸ شہریوں کا خاندانی نام ’ہالینڈ‘ ہے، جبکہ ۹۱ بچوں کا باقاعدہ مکمل نام ’ارلنگ ہالینڈ‘ رجسٹر کیا گیا ہے۔ ورلڈکپ ۲۰۲۶ء کے آغاز کے بعد ان رجسٹریشنز میں نمایاں تیزی آئی ہے اور کوارٹر فائنل تک ناروے کے تاریخی سفر (جہاں وہ بالآخر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے) کے بعد اس دلچسپی میں مزید اضافہ دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: کیپ ورڈے فٹ بال ٹیم کے۴۰؍ سالہ کھلاڑی ووزنہا سے نو دریافت سمندری گھونگا موسوم

ہالینڈ نے ٹورنامنٹ کے دوران سات گول اسکور کئے۔ ناک آؤٹ مرحلے میں برازیل کے خلاف فیصلہ کن کارکردگی بھی شامل تھی، جس نے انہیں اس ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے ستاروں میں سے ایک بنا دیا۔ رینک (RENIC) کے ترجمان ایوان ٹوریس نے ’پانامیریکانا ٹیلی ویژن‘ کو بتایا کہ فٹ بال کے نامور کھلاڑی پیرو میں نام رکھنے کے رجحانات کو باقاعدگی سے متاثر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”فٹ بال کے مختلف اسٹارز پیرو کے شہریوں کیلئے اپنے بچوں کو ان ناموں سے رجسٹر کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔“ انہوں نے مزاحیہ انداز میں مزید کہا کہ ”ہالینڈ بھی پیرو کا شہری ہے۔“

پیرو میں فٹ بال کھلاڑیوں کے ناموں کے چارٹس پر میسی اور نیمار اب بھی حاوی

ہالینڈ کے نام کے اضافے کے باوجود، اس معاملے میں فٹبال کے نامور کھلاڑیوں کی برابری کرنے کیلئے انہیں ابھی لمبا سفر طے کرنا ہوگا۔ رجسٹری ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ ۳۴۰۲ پیرو کے باشندوں کا نام ’میسی‘ ہے، جس میں ۲۹۲ لوگ ’لیونل میسی‘ کے نام سے رجسٹرڈ ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: فیفا نے ورلڈ کپ۲۰۲۶ء فائنل کی پچ کے اصل ٹکڑے فرو خت کیلئے پیش کئے، قیمت۴۵۰؍ ڈالر

برازیل کے اسٹار کھلاڑی ’نیمار‘ فٹ بال سے متاثر تمام ناموں میں سب سے آگے ہیں، جن کے نام پر ۳۳۸۰۹ پیرو کے باشندوں کے نام رکھے گئے ہیں۔ کرسٹیانو رونالڈو کے نام پر ۱۱۸۵ افراد کے نام ہیں، جبکہ اسپین کے نوعمر اسٹار ’الامین جمال‘ کے نام پر ۱۲۴۱ باشندے رجسٹرڈ ہیں۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ورلڈکپ کس طرح کسی کھلاڑی کی ثقافتی رسائی کو ان کے اپنے ملک سے کہیں دور تک پھیلا دیتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK