Inquilab Logo

سمیر وانکھیڈےکےفرضی سرٹیفکیٹ کےخلاف بامبےہائی کورٹ میں عرضداشت داخل

Updated: November 22, 2021, 11:12 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

عرضداشت کے ذریعہ آفیسر کو سروس سے برطرف کرنے کی اپیل

Sameer Wankhede. Picture:INN
سمیر وانکھیڈے۔ تصویر: آئی این این

نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی ۔ ممبئی) کے افسر سمیر وانکھیڈے کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی  ہیں ۔  ریاستی وزیر نواب ملک کے ذریعہ ذات کا سرٹیفکیٹ  اور مذہب سے متعلق اٹھائے گئے سوالات سے پریشان آفیسر سمیر وانکھیڈے، جن پر ہفتہ وصولی کا بھی الزام لگایا گیا ہے اور کیس درج کیا گیا ہے، کو اب مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہر کے ایک سماجی رضاکار نے بامبے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضداشت داخل کرتے ہوئے آفیسر کو شیڈول کاسٹ کا فرضی سرٹیفکیٹ استعمال کرکے انڈین ریونیو سروس میں ملازمت حاصل کرنے کی پاداش میں فورس سے برطرف کرنے کی اپیل کی ہے ۔ سماجی رضاکار اشوک مہا دیو کامبلے نے داخل کردہ عرضداشت کے ذریعہ الزام لگایا کہ ’’سمیر نے متعلقہ محکمہ کو دھوکہ میں رکھ کر بطور مسلم اپنی شناخت چھپائی ہے اور اپنی ذات سے متعلق غیر واضح اور گمراہ کن اطلاعات دے کر سول سروسز  میں داخلہ حاصل کیا ہے۔‘‘ اشوک مہادیو کا یہ بھی کہنا تھا کہ آفیسر سمیر وانکھیڈے کے والد داؤد عرف دھیاندیو وانکھیڈے نے زبیدہ نامی خاتون سے شادی کی تھی اور اپنا مذہب تبدیل کیا تھا ۔ وہیں ان کے بیٹے نے اپنے آپ کو شیڈول کاسٹ کا بتا کر سول سروس محکمہ کو گمراہ کرکے اور جعلسازی کرتے ہوئے شیڈول کاسٹ کٹیگری کا سرٹیفکیٹ پیش کرکے ملازمت حاصل کی ہے ۔  عرضداشت گزار نے آفیسر کو جعلسازی کر کے شیڈول کاسٹ کوٹہ میں ملازمت حاصل کرنے کی ضمن میں اس کے والد کے داؤد کچرو کے نام سے موجود  سرٹیفکیٹ اور ۱۹۹۳ء میں وانکھیڈے سماج میں شامل ہونے اور مذہب تبدیل کرنے کے دستاویزی ثبوت بھی اپنی عرضداشت میں منسلک کئے ہیں ۔ اس کے علاوہ سمیر وانکھیڈے کی پیدائش سرٹیفکیٹ اور اسکول لیونگ سرٹیفکیٹ کے ساتھ پہلی بیوی ڈاکٹر شبانہ قریشی سے بطور مسلم ہونے والی شادی کا نکاح نامہ اور دیگر دستاویزات بھی عدالت کے روبرو پیش کئے گئے ہیں ۔ عرضداشت گزار نے نہ صرف سمیر وانکھیڈے کو سول سرویسز سے برطرف کرنے بلکہ مجرمانہ سازش کے تحت کیس درج کرکے کارروائی کی بھی اپیل کی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK