۱۰؍ دن کی مختصر مدت میں چار مرتبہ اضافے سے تمام اشیاء کی قیمتیں آسمان پر پہنچیں گی، عوامی زندگی پر اس کا اثر دکھائی دینا شروع ہوچکا ہے
EPAPER
Updated: May 26, 2026, 3:37 AM IST | New Delhi
۱۰؍ دن کی مختصر مدت میں چار مرتبہ اضافے سے تمام اشیاء کی قیمتیں آسمان پر پہنچیں گی، عوامی زندگی پر اس کا اثر دکھائی دینا شروع ہوچکا ہے
پیر کو پھرپیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کردیاگیا۔ ۱۰؍دنوں میں یہ چوتھا اضافہ ہے جس کے تحت فی لیٹر پیٹرول ۲ء۶۱؍ روپے اور فی لیٹر ڈیزل ۲ء۷۱؍ روپے مہنگا کر دیا گیا ہے۔ایران تنازع کا حوالہ دیکر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا یہ اقدام مہنگائی میں مزید آگ لگادے گا اور تمام اشیاء کی قیمتیں آسمان پر پہنچنے لگیں گے۔اس کا اثر پہلے ہی نظر آنے لگاہے۔ عوامی سطح پر سمجھدار طبقہ عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ صارفین کو منتقل کرنے پر یہ کہتے ہوئے اعتراض کر رہا ہے کہ جب بین الاقوامی بازار میں خام تیل سستا ہوا تھا تب اگر فائدہ عام صارفین تک نہیں پہنچنے دیاگیا تو اب بوجھ کیوں منتقل کیا جارہاہے۔ یاد رہے کہ اس وقت مرکزی حکومت نے ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کرکے قیمتوں میں کمی کافائدہ خود حاصل کیاتھا۔
۱۵؍ مئی کے بعد سے ۷ء۵؍ روپے کا اضافہ
تیل کمپنیوں کے خسارہ کو کم کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مرحلہ وار اضافہ کا سلسلہ ۱۵؍ مئی کو شروع کیاگیاتھا جب پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں ۳-۳؍ روپے فی لیٹر کا اضافہ کیاگیاتھا۔ تب سے اب تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر ۷ء۵؍ روپے فی لیٹر اضافہ ہو چکا ہے۔اس اضافہ کے ساتھ ممبئی میں پیٹرول ۱۱۸ء۱۸؍ روپے اور ڈیزل ۹۷ء۸۳؍ روپے ہوگیا ہے ۔ تازہ اضافہ کے بعد مجموعی طور پر ملک کے زیادہ تر شہروں میں پیٹرول ۱۰۰؍ روپے کے پار ہوگیاہے۔ پیٹرول او رڈیزل کی قیمتیں مئی۲۲ء کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
خام تیل سستا ہوا، پیٹرول ڈیزل مہنگا کیاگیا
دلچسپ بات یہ ہے کہ پیر کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ۲؍ ہفتے میں چوتھی بار اس وقت بڑھائی گئی ہیں جب ایران -امریکہ امن معاہدوں کی امیدوں کی وجہ سے خام تیل کی قیمتیں عالمی بازار میں کم ہوئی ہیں۔ پیر کو عالمی معیار کے خام تیل ’برینٹ کروڈ‘ کی قیمت میں ۵؍ فیصد سے زیادہ کی کمی آئی اور یہ ۹۷ء۳۹؍ ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ کئی دنوں بعد خام تیل کی قیمتیں ۱۰۰؍ ڈالر سے نیچے گئی ہیں۔ اپوزیشن نے اس اضافے کو ’لُوٹ ‘ قرار دیا ہے۔