• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دنیا انہیں (اندرا گاندھی کو) وزیر اعظم کے طور پر جانتی تھی لیکن گھر میں ہم انہیں ’دادی‘ کہتے تھے

Updated: November 20, 2026, 12:02 PM IST | Agency | New Delhi

سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کے یوم پیدائش پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی سمیت کئی سرکردہ لیڈران نے خراج عقیدت پیش کیا۔

Congress workers pay tribute to Indira Gandhi in Chikkamagaluru. Photo: INN
چکمگلور میں کانگریس کارکنان کا اندرا گاندھی کو خراج عقیدت۔ تصویر: آئی این این

سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کے یوم پیدائش پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی سمیت کئی سرکردہ لیڈران نے خراج عقیدت پیش کیا۔ سونیا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو جاری کر انہیں یاد کیا۔ اندرا گاندھی سے پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے سونیا گاندھی لکھتی ہیں کہ ’’جب مجھے پہلی بار اندرا گاندھی سے ملنا تھا، تو میں نے جانے سے انکار کر دیا تھا۔ اگلے دن میرا ارادہ بدل گیا۔ میں بہت گھبرائی ہوئی تھی اور میری انگریزی بھی اچھی نہیں تھی، اس لئے انہوں نے مجھ سے فرانسیسی زبان میں بات کی۔‘‘سونیا گاندھی  نے مزیدلکھا کہ ’’ان کے بارے میں یہ پہلی بات تھی جو میں نے سیکھی، وہ اس چیز کو بھانپ لیتی تھیں جس میں آپ کو دشواری ہو رہی ہوتی تھی اور خاموشی سے اسے آسان بنا دیتی تھیں۔ دنیا انہیں وزیر اعظم کے طور پر جانتی تھی لیکن گھر میں ہم انہیں ’دادی‘ کہتے تھے۔ وہ محبت کرنے والی اور نرم مزاج شخصیت تھیں، قصے کہانیوں اور دانائی سے بھرپور تھیں اور ان میں مزاح کا غیر معمولی احساس تھا۔‘‘ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور سینئرکانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اپنی ماں سونیا گاندھی کے ذریعہ شیئر کردہ ویڈیو کو ہی ’ایکس‘ پر آگے بڑھاتے ہوئے اپنی دادی کو یاد کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’دادی ایک مضبوط شخصیت کی مالک تھیں، نڈر، ثابت قدم اور محبت سے سرشار۔ ان کی طاقت آج بھی میرے خاندان کی خواتین میں زندہ ہے جن میں سے ہر ایک اپنی جگہ منفرد اور باصلاحیت ہے۔ ان کی محبت اور اپنائیت ہمیں ایک دوسرے سے جوڑے رکھتی ہے اور وہ ہر روز مجھے متاثر کرتی ہیں۔ سالگرہ مبارک ہو دادی! آپ کو ان سب پر یقیناً بہت فخر ہوتا۔‘‘ پرینکا گاندھی نے اپنی دادی اندرا گاندھی کو خاص انداز میں یاد کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پرانی تصویر شیئر کی، جس میں چھوٹی پرینکا اپنی دادی کے ساتھ مستی کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ ’’سالگرہ مبارک ہو، شیرنی! آپ جیسی دوسری کوئی کبھی نہیں ہوگی۔‘‘اس دوران تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بھی  اندرا گاندھی کے یوم پیدائش پر انہیں پُرخلوص خراج عقیدت پیش کیا اور ملک کی ترقی، اتحاد اور سالمیت کے تحفظ میں ان کی خدمات کو یاد کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK