Inquilab Logo

فلپائن: طوفان میں ۷؍ افراد ہلاک ، ۱۰؍ لاکھ افراد محفوظ مقامات پر منتقل

Updated: November 02, 2020, 11:33 AM IST | Agency | Manila

تیزہوائیں اور بارش، بیشتر علاقوں میں درخت اور الیکٹرک پول اکھڑ گئے، بجلی کی سپلائی بھی متاثر

Philippines
مکینوںکو محفوظ مقامات پر منتقل کر نے کا کام سنیچر سے شروع کردیا گیاتھا۔

فلپائن میں’ گونی ‘نامی سمندری طوفان اتوار کے روز بیکل ریجن سے ٹکرا گیا۔ فلپائن کے ماحولیاتی ، جیو فزیکل اور فلکیاتی خدمات انتظامیہ نے اطلاع دی کہ’گونی‘ طوفان نے اتوار صبح۴؍ بجکر ۵۰؍ منٹ پر جزائر لوزن پر دستک دی۔ اس  دوران۲۲۵ سے۲۸۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیزہوائیں چل رہی تھیں اور  شدید بارش بھی  جاری رہی۔ اس دوران  بیشتر علاقوں میں درخت  اور الیکٹرک پول بھی اکھڑ کر گرگئے، سڑکیں بہہ گئیں۔ مختلف مقامات پر بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے۔  حکام کے مطابق اس دوران مختلف علاقوں میں ہوئے حادثوں  میں ۷؍ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ ریسکیو  اہلکار انتہائی خطرے والے علاقوں میں محصور ہوجانے والے  افراد کی مدد  کیلئے کوشاں ہیں۔ نشیبی علاقوں میں کشتیوں  کا بھی  سہارا لیا جارہا ہے۔    
  حکام نے سیلاب اور تباہ کن آندھی کے خدشے کے سبب  ۱۰؍ لاکھ کے قریب افراد کو  محفوظ  مقامات پر منتقل کر نے کا کام سنیچر سے شروع کردیا تھا  اور بندرگاہیں بند کردی گئی تھیں۔ہوائی اڈے کے افسران  نے بھی  منیلا کا بین الاقوامی ایئرپورٹ ’گونی‘  طوفان کے سبب اتوار کی صبح ۱۰؍ بجے سے۱۰؍گھنٹے کے لئے بند ر کھنے کی اطلاع دی تھی ۔  محکمہ موسمیات نے اندیشہ ظاہر کیا  تھا کہ طوفان کے سبب سمندر کی سطح۳؍ میٹر تک پہنچ سکتی ہے ۔ اس دوران آندھی  سے تباہی کا   اندیشہ ہے۔
  اس  طوفان کو رواں سال فلپائن میں آنے والا سب سے شدید طوفان کہا جا رہا ہے۔ ’گونی‘اس سال فلپائن کو نشانہ بنانے والا ۱۸؍ واں سمندری طوفان ہے۔ یہ منیلا سے بھی ہوکر گزرے گا۔ طوفان کے منیلا پہنچنے تک کمزور پڑنے کا امکان ہے۔ اس کے بعد یہ بحر جنوبی چین کا رخ کرے گا۔ 
  قابلِ غور ہے کہ بیکل ریجن لوزون اور کیڈانڈوانس جزیروں کے جنوبی حصے پر مشتمل ہے۔گونی طوفان کے متوقع راستے میں دارالحکومت منیلا  سمیت  علاقوں میں ۳ء۱؍ کروڑ افراد  رہائش پذیر ہیں۔ طوفان کے خطرے کے پیش نظر  لاکھوںمکینوں کو خالی اسکولو ں اور مضبوط عمارتوں میں  پناہ دی گئی ہے۔
  گونی طوفان سے ایک ہفتہ قبل اسی علاقے میں مولاف طوفان کا گزر ہوا تھا۔ اس کے نتیجے میں۲۲؍ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ علاوہ ازیں زرعی اراضی  پر بڑے پیمانے پر فصلوں کا نقصان ہوا تھا ۔ اب   نئے طوفان  سےمزید تباہی کا اندیشہ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK