Updated: November 25, 2026, 8:03 PM IST
| Mumbai
ہندوستان کی معروف ڈجیٹل ادائیگیوں کی کمپنی فون پے (PhonePe) اسٹاک مارکیٹ میں قدم رکھنے کی تیاری کررہی ہے۔ وال مارٹ کی حمایت یافتہ اس فن ٹیک کمپنی نے اپنے ابتدائی عوامی اجراء (آئی پی او) کا عمل دوبارہ شروع کردیا ہے اور ذرائع کے مطابق اس کے ذریعے تقریباً ۱۲؍ ہزار کروڑ روپے جمع کرنے کا منصوبہ ہے۔
فون پے۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان کی معروف ڈجیٹل ادائیگیوں کی کمپنی فون پے (PhonePe) اسٹاک مارکیٹ میں قدم رکھنے کی تیاری کررہی ہے۔ وال مارٹ کی حمایت یافتہ اس فن ٹیک کمپنی نے اپنے ابتدائی عوامی اجراء (آئی پی او) کا عمل دوبارہ شروع کردیا ہے اور ذرائع کے مطابق اس کے ذریعے تقریباً ۱۲؍ ہزار کروڑ روپے جمع کرنے کا منصوبہ ہے۔ کمپنی کی مجوزہ لسٹنگ ۲۰۲۷ء کی پہلی سہ ماہی یا مالی سال ۲۰۲۶-۲۷ء کی آخری سہ ماہی، یعنی جنوری سے مارچ ۲۰۲۷ء کے دوران ہوسکتی ہے۔ تاہم آئی پی او کی حتمی تاریخ اور دیگر تفصیلات ابھی طے نہیں کی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فون پے اسٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ کے وقت اپنی کمپنی کی قدر ۱۲؍ سے ۱۵؍ ارب ڈالر کے درمیان رکھنا چاہتی ہے۔ ہندوستانی کرنسی میں یہ رقم تقریباً ۱ء۲؍ لاکھ کروڑ سے ۱ء۵؍ لاکھ کروڑ روپے کے درمیان بنتی ہے۔ کمپنی نے اس مقصد کے لیے سرمایہ کاری بینکوں کے ساتھ بات چیت دوبارہ شروع کردی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فون پے آئندہ ۳۰؍ سے ۴۵؍ دنوں کے اندر مارکیٹ ریگولیٹر سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی )کے پاس نظرثانی شدہ ڈرافٹ دستاویزات جمع کراسکتی ہے۔ اس کے بعد آئی پی او کے حجم، قیمت اور دیگر شرائط سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔ کمپنی نے فی الحال ان اطلاعات پر باضابطہ تبصرہ نہیں کیا ہے۔
فون پے کے مجوزہ آئی پی او کی ایک اہم بات یہ ہے کہ اس میں نئے شیئرز جاری کرنے کے بجائے موجودہ حصص یافتگان اپنے حصص فروخت کریں گے۔ اس طریقۂ کار کو آفر فار سیل ( اوایف ایس) کہا جاتا ہے۔ اس کے تحت کمپنی کے موجودہ سرمایہ کار اپنے حصص عوام کو فروخت کرتے ہیں اور حاصل ہونے والی رقم کمپنی کے بجائے حصص فروخت کرنے والے سرمایہ کاروں کو ملتی ہے۔رپورٹس کے مطابق کمپنی کے بڑے سرمایہ کار وال مارٹ کی جانب سے تقریباً ۱۲؍ فیصد حصص فروخت کیے جانے کا امکان ہے جبکہ ٹائیگر گلوبل اور مائیکروسافٹ جیسے سرمایہ کار اپنی مکمل سرمایہ کاری سے باہر نکلنے کی تیاری کرسکتے ہیں۔ مجوزہ اجراء کا حجم تقریباً ۱ء۲؍ سے ۱ء۵؍ ارب ڈالر، یعنی لگ بھگ ۱۲؍ ہزار کروڑ روپے یا اس سے کچھ زیادہ ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:اسپیلبرگ کانولن کو بڑا مشورہ، ’’دی اوڈیسی‘‘ کے بعد ’’دی الیاڈ‘‘ بنانے کی پیشکش
فون پے نے اس سے قبل بھی اسٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ کی تیاری کی تھی، لیکن مارچ ۲۰۲۶ء میں عالمی مالیاتی بازاروں میں اتار چڑھاؤ، جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کے باعث اس منصوبے کو عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔ اب ہندوستانی بازار میں بہتر سرمایہ کاری ماحول اور غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی واپسی کے پیش نظر کمپنی نے آئی پی او کی تیاری دوبارہ شروع کردی ہے۔بینکنگ شعبے سے وابستہ ذرائع کے مطابق کمپنی کی آمدنی میں بھی بہتری آرہی ہے۔ مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (ایم ڈی آر) اور ڈجیٹل ترغیبات کو الگ رکھنے پر فون پے کی آمدنی میں سالانہ بنیاد پر تقریباً ۴۰؍ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ اس کے قرض تقسیم کرنے کے کاروبار میں بھی تقریباً ۱۰۰؍ فیصد سالانہ ترقی بتائی جارہی ہے۔
فون پے ہندوستان کے سب سے بڑے ڈجیٹل ادائیگیوں کے پلیٹ فارم میں شمار ہوتی ہے۔ کمپنی کی ایپ ۲۰۱۶ء میں شروع کی گئی تھی اور اکتوبر ۲۰۲۶ء تک اس کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد ۷۳ء۵؍ کروڑ سے تجاوز کرچکی تھی۔ اس کا ادائیگی قبول کرنے والا نیٹ ورک ملک بھر میں ۵؍ کروڑ سے زائد دکانداروں اور کاروباری اداروں تک پھیلا ہوا ہے۔یونفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی ) کے شعبے میں بھی فون پے کی نمایاں موجودگی ہے۔ اکتوبر ۲۰۲۶ء میں ہندوستان میں ہونے والے مجموعی ۲۵ء۴؍ ارب یو پی آئی لین دین میں سے تقریباً ۱۱ء۴؍ ارب لین دین فون پے کے ذریعے ہوئے۔ اس طرح کمپنی ملک کے ڈجیٹل ادائیگیوں کے بازار میں ایک اہم مقام رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ایکرمین اور ملڈر نے سنچری بنائی، جنوبی افریقہ کو ۴۰۳؍ رن کی برتری
فون پے اب صرف موبائل ادائیگیوں تک محدود نہیں ہے بلکہ اس نے اپنے کاروبار کو مختلف مالیاتی خدمات تک وسعت دی ہے۔ کمپنی صارفین اور دکانداروں کے لیے ڈجیٹل ادائیگیوں کے علاوہ قرض کی فراہمی میں معاونت، انشورنس مصنوعات کی تقسیم اور سرمایہ کاری سے متعلق خدمات بھی فراہم کررہی ہے۔اس کے نئے کاروباری شعبوں میں شیئر مارکیٹ، فون پے اِنویسٹ اور فون پے ایپ اسٹور جیسی خدمات شامل ہیں۔ کمپنی کا مقصد اپنے وسیع صارفین اور دکانداروں کے نیٹ ورک سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مالیاتی خدمات کے شعبے میں بھی اپنی موجودگی مضبوط کرنا ہے۔فون پے کی مالی کارکردگی بھی مجوزہ آئی پی او کے حوالے سے اہمیت رکھتی ہے۔ کمپنی کی مجموعی آمدنی مالی سال ۲۰۲۵-۲۶ء میں ۷,۹۲۰؍ کروڑ روپے رہی، جو گزشتہ مالی سال کے ۷,۱۱۵؍ کروڑ روپے کے مقابلے میں تقریباً ۱۱؍ فیصد زیادہ ہے۔ تاہم اسی مالی سال میں کمپنی کا مجموعی خالص نقصان بڑھ کر ۲,۷۹۲؍ کروڑ روپے ہوگیا، جبکہ مالی سال ۲۰۲۴-۲۵ء میں یہ نقصان ۱,۷۲۷؍ کروڑ روپے تھا۔دوسری جانب بینکنگ ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے موجودہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں گروپ کی سطح پر ملازمین کے شیئر آپشن اخراجات کو شمار کرنے سے پہلے ٹیکس کے بعد منافع درج کیا ہے۔ اس پیش رفت کو کمپنی کی مالی حالت میں بہتری کی علامت کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔