Inquilab Logo Happiest Places to Work

لندن کےمشہور تاریخی اور تفریحی مقام ’ ٹروکاڈرو‘ کو مسجد میں تبدیل کرنے کا منصوبہ

Updated: July 20, 2023, 10:47 AM IST | London

ارب پتی آصف عزیز نے یہ جگہ حکومت سے خرید کر اسے اسلامی مرکز اور مسجد میں تبدیل کرنے کیلئے لائسنس بھی حاصل کرلیا ہے ، یہاںروزانہ نماز ادا کی جاتی ہے

Trocadero. (Image courtesy: The Telegraph)
’ٹروکاڈرو ۔(تصویر ، بشکریہ : دی ٹیلی گراف)

ایک مسلم تاجر نے برطانوی دارالحکومت لندن کے مرکز میں واقع ایک مشہور تفریحی مقام کومسجد میں تبدیل کرنے  کا اعلان کیا ہے۔ 
 برطانیہ کے متعدد مقامی اخبارات  میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق  ارب پتی آصف عزیز نے ’ٹروکاڈرو‘ کو اسلامی مرکز اور مسجد میں تبدیل کرنے کیلئے لائسنس حاصل کئے ہیں جس میں روزانہ  نماز ادا کی جا رہی ہے۔
  یادرہےکہ ’ٹروکاڈرو‘ ایک معروف تفریحی مقام ہے جو لندن کے قلب میں مشہور پیڈیلی اسکوائر اور سوہو علاقے کے قریب واقع ہے جو سالانہ لاکھوں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔  ۵۶؍سالہ عزیز۲۰۲۰ءمیں  مقامی افراد اور انتہائی دائیں بازو کے گروہوں کی شکایات کے بعد ایک ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش والی مسجد بنانے کے منصوبے سے دستبردار ہو گئے تھے لیکن  اب  منظور شدہ منصوبوں   کے مطابق اس مسجد کی تعمیر کی جائے گی جس کی ۳؍ منزلہ عمارت میں۳۹۰؍ نمازیوں کی گنجائش ہو گی۔
 آصف عزیز جس  رفاہی اورفلاحی ادارے کے مالک ہیں ،اس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اس مسجد میں علاقے میں کام کرنے والے مسلمانوں کے علاوہ سیاح بھی نماز ادا کر سکیں گے۔
  ویسٹ منسٹر میں مقامی کونسل کے ترجمان نے ڈیلی میل میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں تصدیق کی کہ عزیز فاؤنڈیشن کی جانب سے لندن’ ٹروکاڈرو‘ کے ایک حصے کو مسجد میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی کی درخواست مئی۲۰۲۳ء میں کونسل کی منصوبہ بندی کمیٹی نے منظور کی تھی۔ عزیز نے یہ جگہ۲۰۰۵ء میں اپنی’ ریئل اسٹیٹ کمپنی ‘کے ذریعے ۲۲۰؍ملین پاؤنڈ (۲۸۸؍ملین امریکی ڈالر) سے زیادہ میں خریدی تھی۔ یہ مقام اس سے قبل لندن کے ممتاز تفریحی کمپلیکس میں سے ایک تھا اور اس میں۴۹۰؍ کمروں والا ایک ہوٹل بھی شامل تھا۔
  واضح رہےکہ یہ تفریحی مرکز ۱۸۹۶ء  میں  ایک ریسٹورنٹ کے طور پر کھولا گیا تھا۔ پھر اسے پہلی بار۱۹۶۵ء میں بند کیا گیا تھا اور۱۹۸۴ء میں اسے ایک بڑے شو کے میدان اور تفریحی مرکز میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔۱۹۹۷ء میں یہ برطانیہ میں (آئی میکس) ۳؍ڈی ٹیکنالوجی کے ساتھ پہلا سینما گھر بن گیا۔ ۲۰۱۱ءمیں اس کا سائز کم کر دیا گیا تھا اور عمارت کا کچھ حصہ تین سال پہلے ہوٹل کے طور پر دوبارہ کھولا گیا تھا۔
  یادرہےکہ آصف عزیز وسطی لندن میں رئیل اسٹیٹ کی ایک بڑی چین کے مالک ہیں اور انہیں برطانیہ کے مشہور ترین مسلمان تاجروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ آصف عزیز لندن شہر اور انگلینڈ کے جنوب مشرق میں۳ء۶؍ بلین پاؤنڈز کے ریئل اسٹیٹ کا کاروبار سنبھالتے ہیں۔

london Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK