Inquilab Logo

جہیزکی لعنت کے خاتمےتک جدوجہد جاری رکھنے کا عہد

Updated: March 10, 2021, 10:32 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

جوگیشوری میں خواتین نے مختلف چوراہوں پربینرس آویزاں کئے اوران میںلکھاکہ جہیزکیا ہے یہ اُس پریوار سےپوچھوجس کی بیٹی بھی گئی اور زمین بھی

Campaign against Dowry
جوگیشوری کے کئی چوراہوں پر جہیز کے خلاف جاری مہم کے تعلق سے بینرس لگائے گئے۔

جہیزکی لعنت کے خاتمے کے لئے جوگیشوری کی بیدار خواتین نے جو پہل کی اور ائمہ مساجد سے ملاقات کرنے کے ساتھ مختلف انداز میں اس ناسور کے خلا ف پیغام رسانی کی کوشش کی ،اس کی پزیرائی توکی جارہی ہے لیکن ان خواتین کواس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ اس لعنت کا خاتمہ چند دن میں یا چند خواتین یاکسی ایک علاقے میں ہی بیداری سےممکن نہیں ہوگا ۔
  اسی سبب ان خواتین نےاس کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کیلئےپبلک ویلفئر اسکول میں منعقدہ بیداری پروگرام میں عہد لیااور موجود خواتین نے ہاتھ اٹھاکر کہا کہ ہم سب اپنی بہن بیٹیوں کی حفاظت اورجہیز کی لعنت کے خلاف ایک ہوکر آواز بلندکرتے رہیںگے اور زیادہ سے زیادہ خواتین کو اس مہم سے جوڑنے کی بھی کوشش کریں گے تاکہ جہیزکےخلاف بلند کی جانے والی آواز مزیدمؤثر ثابت ہو۔
 دوسری جانب عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے بھی جوگیشوری کی ان خواتین نے مختلف چوراہوں جیسے جھولا میدان ناکہ (باندرہ پلاٹ ) ، عیدگاہ میدان ناکہ اورٹھاکر میدان ناکے پربینر آویزاں کرکے  جہیز کی لعنت کے خلاف خواتین کی حفاظت اورمتحد ہونے کاپیغام دیا ۔ان بینروں میں ان خواتین کی تصویرکوبھی نمایاںکیا گیا  جنہوں نےاس برائی کے خاتمے کےلئے پہل کی تھی۔ 
بینروں کے ذریعے پیغام دینے کی کوشش
 ان بینروں میں لکھا گیا ہے کہ’ چلو ایک ابھیان چلائیں، جہیزکی لعنت کا خاتمہ کروائیں، نکاح کو آسان کروائیں، ڈھول تاشے اورناچ گانے جیسی خرافات کوبندکروائیں۔ اس کے ساتھ ہی بینر میں سوال قائم کرتے ہوئے لکھا گیا ہے  کہ جہیزکیا ہے؟یہ اس پریوار سےپوچھوجس کی بیٹی بھی گئی اور زمین بھی ۔
ہم یہیں نہیں رکیںگے 
 اس مہم میںخصوصی تعاون دینے والے ماڈرن یوتھ فیڈریشن کے ذمہ دار ساجدشیخ نے کہا کہ ’’ خواتین نے جو پہل کی ہے اسے پہلے دن سے تعاون دیاجارہا ہےکیونکہ انہوںنے ایک ایسے مسئلے کو چھیڑا ہے جس کےخلاف بولنا یاکوئی قدم اٹھانا آسان نہیںہے۔ اس برائی سے پورا معاشرہ پریشان ہے لیکن آواز اٹھانے کیلئے کوئی تیار نہیں ہے ۔اسی سبب یہ طے کیا گیا ہے کہ اس مہم کو بہرحال انجام تک پہنچانا ہے کیونکہ ہم میں سے کوئی نہیںچاہتا کہ پھرعائشہ کی طرح ہماری بہن بیٹیاں حالات سے تنگ آکرخودکشی پرمجبور ہوں۔ چنانچہ اس سلسلے میں کئی اورطریقوں سے بھی لوگوں کی ذہن سازی کی جائے گی اورخدا کی ذات سے امید ہے کہ ضرور مثبت نتائج برآمد ہوںگے۔
بہنوں کے عزائم سےحوصلہ ملا
 جہیزکے خلاف آوازاٹھانے والوں میں شامل فریدہ انصاری نے اس بات پرخوشی کا اظہار کیا کہ پبلک ویلفئر اسکول میں کووڈ کی پابندیوں کے سبب محدود تعداد میں موجود خواتین کاعزم دیکھ کرمزید حوصلہ ملا اورسبھی بہنوں نے اس بات کا عہد کیا کہ ہم سب اپنی جانب سے اس مہم کوتقویت دیں گے اورجہیزکوختم کرکے ہی دم لیںگے۔  ان کے مطابق خواتین نے یہ بھی کہا کہ ہم لوگوں تک پیغام توپہنچارہے ہیں لیکن ہم یہ بھی محسوس کر رہے ہیںکہ کسی نہ کسی انداز میںیہ ہمارا خود کا بھی مسئلہ ہے اورہمیں اسکے خلاف لڑنا ہی ہوگا۔
  اختری فیروزسید نےعالمی یوم خواتین کی مناسبت سےگفتگو کی اورجہیزکی لعنت کے تعلق سےخواتین کی ذمہ داری پربھی انہیں متوجہ کیا ۔ غوثیہ ساجدشیخ نےحاضر خواتین سے عہد لیاکہ ہم سب نہ جہیزلیںگے اورنہ جہیزدیں گے ۔ شاہجہاں سید نے ائمہ سے ملاقات اورخطبۂ جمعہ میں انہوں نے کس طرح حاضرین اور عوام الناس کومتوجہ کیا اس پرروشنی ڈالی ۔ اس کے علاوہ سلمی شیخ نے علاقے میں نشہ کی لعنت کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کروائیں اورکہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم ان تمام بیماریوں سے علاقے کوپاک کرنے کے لئے اپنا تعاون ایک ذمہ دار کی طرح پیش کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK