گھر حق سنگھرش سمیتی کی جانب سےنوی ممبئی میںآئین کی تمہید پڑھائی گئی۔
واشی میں گھر حق سنگھرش سمیتی کے پروگرام ایک منظر۔ تصویر:آئی این این
۲۶؍نومبر کو یوم آئین منائے جانے کے موقع پر الگ الگ مقامات پرآئین کے تحفظ کا عہد کیا گیا اور آئین سے متعلق ذمہ داریاں یاد دلائی گئیں۔ یہ بھی واضح کیا گیا کہ آج جس طرح آئین کا حوالہ دے کر آئین کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں،اس سے بھی ہم سب کوآگاہ رہنے اورکسی بھی صورت میں آئین پرآنچ نہ آنے دینے کے لئےخود کوتیار رکھنا ہوگا۔ نوی ممبئی تربھے واشی ناکے پر ایکتا نگر گرین پارک سیکٹر ۱۹؍ میں گھر حق سنگھرش سمیتی کی جانب سے ایک نشست کا اہتمام کیا گیا ۔اس میں آئین کی تمہید پڑھی گئی اور آئین پر کسی صورت آنچ نہ آنے دینے کا حاضرین سے عہدلیا گیا ۔
اس تعلق سے گھر حق سنگھرش سمیتی کے صدر کیلاش گائیکواڑ نےکہاکہ’’ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے ذریعے بنائے گئے آئین میںہر ایک ہندوستانی کے حق کی ضمانت دی گئی ہے مگربدقسمتی سے آج ان حقوق کو سلب کیاجارہا ہے اور اس سے زیادہ حیران کن صورتحال یہ ہےکہ اپنی مرضی کے مطابق آئین میں حکومت کی جانب سے تبدیلی کی کوششیںکی جارہی ہیں۔ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہےکہ ہم متحد رہیں اور کسی حال میں ایسا نہ ہونے دیں ۔‘‘ مذکورہ سمیتی کے نائب صدر خواجہ میاں پٹیل نے کہاکہ ’’ آئین میں ہرشہری کےحقوق اور اسے دیئے گئےیکساں مواقع کےتعلق سے صاف صاف بتادیا گیا ہے لیکن آج حکومت کا معاملہ اس کے برعکس ہے۔ اس لئے ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اسے یاد رکھیں اور بابا صاحب امبیڈکر کے آئین پرکسی صورت آنچ نہ آئے، اس کے لئے بھی چوکنّا رہیں۔‘‘