Inquilab Logo

۲۶؍ نومبر کے حملوں سے اُبھرنے کےبعد ہندوستان آج دہشت گردی کو کچلنے میں مصروف ہے: وزیراعظم

Updated: November 27, 2023, 11:14 AM IST | Agency | New Delhi

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک۲۶؍ نومبر کے دہشت گردانہ حملے کو کبھی نہیں بھول سکتا اور یہ ہندوستان کی صلاحیت ہے کہ حملے سے ابھرنے کے بعد وہ دہشت گردی کو کچلنے میں مصروف ہے۔

The Mumbai attacks shocked the entire country. Photo: INN
ممبئی حملوں نے پورے ملک کو ہلاکر رکھ دیا تھا۔ تصویر : آئی این این

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک۲۶؍ نومبر کے دہشت گردانہ حملے کو کبھی نہیں بھول سکتا اور یہ ہندوستان کی صلاحیت ہے کہ حملے سے ابھرنے کے بعد وہ دہشت گردی کو کچلنے میں مصروف ہے۔ اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں اہل وطن سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا عظم نے سب سے پہلے ممبئی دہشت گردانہ حملے کا ذکر کیا۔ انہوں نے ان فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اس حملے سے لڑتے ہوئے ملک کیلئے اپنی جانیں قربان کیں اور کہا کہ آج پورا ملک انہیں یاد کر رہا ہے۔وزیر اعظم نے پروگرام شروع کرتے ہی کہا کہ آج۲۶؍ نومبر ہے اور ہندوستان اسے کبھی نہیں بھول سکتا۔مودی کے بقول ’’آج۲۶؍ نومبر ہے اور ہم اس دن کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ اس دن ملک میں سب سے گھناؤنا دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا۔ دہشت گردوں نے ممبئی اور پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ لیکن یہ ہندوستان کی صلاحیت ہے کہ ہم اس حملے سے ابھرے اور اب پورے حوصلے کے ساتھ دہشت گردی کو کچل بھی رہے ہیں ۔ میں ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے ممبئی حملوں میں اپنی جانیں گنوائیں ۔ آج ملک ہمارے ان بہادر جوانوں کو یاد کر رہا ہے جنہوں نے اس حملے میں اپنی جانیں قربان کیں ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ’جل سنرکشن‘ (پانی کا تحفظ) کو۲۱؍ ویں صدی کے سب سے بڑے چیلنجوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کا تحفظ زندگی بچانے سے کم نہیں ہے۔ وزیر اعظم کے بقول ’’۲۱؍ویں صدی کے سب سے بڑے چیلنجوں میں سے ایک ’پانی کا تحفظ‘ ہے۔ پانی کو بچانا زندگی بچانے سے کم نہیں ہے۔ جب ہم اجتماعیت کے اس جذبے کے ساتھ کوئی کام کرتے ہیں تو ہمیں کامیابی بھی ملتی ہے۔
صاف صفائی قومی جذبے کی علامت بن گئی ہے
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ سوچھ بھارت ابھیان نے صاف صفائی اور عوامی حفظان صحت سے متعلق لوگوں کی سوچ کو بدل دیا ہے اور اب یہ پہل قومی جذبات کی علامت بن گئی ہے۔وزیر اعظم نے ’من کی بات‘ میں کہا کہ’ `سوچھ بھارت‘ اب پورے ملک کا پسندیدہ موضوع بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اب قومی جذبات کی علامت بن گیا ہے اور اس سے کروڑوں ہم وطنوں کی زندگیوں میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص نوجوانوں کو اجتماعی طورپر شراکت کی ترغیب دی ہے۔ اس تناظر میں انہوں نے سورت، گجرات میں نوجوانوں کے ذریعے چلائے جارہے پروجیکٹ سورت کا ذکر کیا، جس کا مقصد سورت کو ایک مثالی شہر بنانا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK