Inquilab Logo

وزیراعظم مودی پھر وارانسی سےلڑیں گے

Updated: March 03, 2024, 10:32 AM IST | New Delhi

عام انتخابات کیلئے بی جے پی کی پہلی فہرست جاری،۱۶؍ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام خطوں کی مجموعی طور پر۱۹۵؍ سیٹوں پر امیدوار طے ،امیت شاہ گاندھی نگر سے امیدوارہوں گے ، اس فہرست میں ۲۸؍ خاتون امیدوار جبکہ ۳۴؍ مرکزی وریاستی وزراء بھی ہیں

BJP leaders Anil Baloni, Vinod Thawde and Bejinath Patil releasing the list of party candidates.
بی جےپی لیڈران انل بالونی ، ونودتاؤڑے اوربیجینت پاٹل پارٹی امیدواروں کی فہرست جاری کرتے ہوئے

بی جے پی نے  رواں سال ہونے والے  لوک سبھا انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سنیچر کو امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست جاری کر دی۔ پارٹی نے سنیچر کے روز اپنے امیدواروں کی جو فہرست جاری کی ہے اس میں ۱۶؍ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام خطوں کی مجموعی طور پر۱۹۵؍ سیٹوں کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری ونود تاؤڑے نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ جانکاری دی اور  اس کے ساتھ ہی بتایا کہ باقی پارلیمانی سیٹوں پر گفت و شنید کا دور چل رہا ہے۔
 بی جے پی نے ۱۹۵؍ پارلیمانی سیٹوں کے لیے مقرر کردہ امیدواروں کی جو فہرست جاری کی ہے اس کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر وارانسی سے انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امیت شاہ گاندھی نگر سے کھڑے ہوں گے اور آنجہانی سشما سوراج کی بیٹی کو نئی دہلی پارلیمانی سیٹ سے کھڑا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں۳۴؍ مرکزی و ریاستی وزراء کے نام شامل ہیں۔
 بی جے پی قومی جنرل سیکریٹری ونود تاؤڑے نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اتر پردیش کی۵۱؍، مغربی بنگال کی۲۶؍،، مدھیہ پردیش کی۲۴؍،گجرات کی۱۵؍،راجستھان کی ۱۵؍، کیرالا کی ۱۲؍، تلنگانہ کی ۹؍، آسام کی۱۱؍، جھارکھنڈ کی۱۱؍، چھتیس گڑھ کی۱۱؍، دہلی کی۵؍، جموں و کشمیر کی۲؍، اتراکھنڈ کی۳؍ اور اروناچل، گوا، تریپورہ، انڈمان و نکوبار، دمن و دیو کی ایک ایک سیٹ پر امیدوار طے کیے گئے ہیں۔
 بی جے پی کے ذریعہ جاری امیدواروں کی پہلی فہرست پر نظر ڈالی جائے تو۱۹۵؍ امیدواروں میں سے۲۸؍ خاتون امیدوار ہیں اور۴۷؍ امیدوار ایسے ہیں جن کی عمر۵۰؍ سال سے کم ہے۔ امیدواروں کی اس پہلی فہرست میں۲۷؍ امیدوار درج فہرست ذات کے ،۱۸؍امیدوار درج فہرست قبائل کے اور۵۷؍امیدوار دیگر پسماندہ طبقہ سے بھی تعلق رکھتے ہیں۔ دہلی کی جن پانچ پارلیمانی سیٹوں کے لیے امیدوار کا اعلان کیا گیا ہے، ان میں سے ایک تو نئی دہلی سیٹ ہے جہاں سے سشما سوراج کی بیٹی بانسری سوراج کھڑی ہوں گی، بقیہ چار سیٹوں پر رامویر سنگھ بدھوڑی (جنوبی دہلی)، پروین کھنڈیلوال (چاندنی چوک)، منوج تیواری (شمال مشرقی دہلی) اور کمل جیت سہراوت (مغربی دہلی) کو موقع دیا گیا ہے۔
 قابل ذکر ہے کہ گزشتہ جمعرات کو بی جے پی نے دیر رات تک امیدواروں کے ناموں پر غور و خوض کیا تھا۔ مرکزی الیکشن کمیٹی میں وزیر اعظم مودی، پارٹی صدر جے پی نڈا، وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سمیت دیگر اراکین نے کئی ناموں کو آخری شکل دی تھی۔ میٹنگ کے بعد سے ہی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں کہ پارٹی لوک سبھا انتخابات کیلئے ۱۰۰؍ سے۱۲۵؍ سیٹوں پر امیدواروں کے نام کا اعلان کر سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK