• Sat, 14 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بی جےپی کو۳۷۰؍ سیٹیں جیتنا ہی ہے : وزیر اعظم مودی

Updated: February 19, 2024, 11:23 AM IST | Agency | New Delhi

بی جے پی کے قومی کنونشن کے دوسرے اورآخری دن مودی اورامیت شاہ کا خطاب ،پارٹی کارکنوں کو آئندہ ۱۰۰؍ دن نئےجوش اورولولہ کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت۔

Prime Minister Modi, Home Minister Amit Shah and Defense Minister Rajnath Singh. Photo: PTI
وزیر اعظم مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ ۔ تصویر : پی ٹی آئی

بی جےپی کے قومی کنونشن کے دوسرے اور آخری دن وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں کئی ہدایات دیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جے پی کے قومی کنونشن میں لیڈروں اور کارکنوں سے خطاب کیا۔ وزیر اعظم مودی نے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے اگلے۱۰۰؍ دنوں تک نئے جوش، نئے ولولے اور نئی توانائی کے ساتھ کام کرنے کیلئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر طبقے، ہر معاشرے اور ہر فرقے کا اعتماد حاصل کرنا ہوگا۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ اگر این ڈی اے کو۴۰۰؍ کے پار لے جانا ہے تو بی جے پی کو۳۷۰؍ کا سنگ میل عبور کرنا ہی ہوگا۔ انہوں نے جین سنت آچاریہ ودیا ساگر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جن کا اتوار کو انتقال ہوا۔ وزیراعظم مودی سے پہلے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کنونشن میں اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔ واضح رہےہ یہ پروگرام دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقد کیا گیا تھا۔  
’اب ملک چھوٹے خواب نہیں دیکھ سکتا ‘
 بی جے پی کے قومی کنونشن میں رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ‘ہندوستان نے آج ہر میدان میں جو اونچائی حاصل کی ہے، اس نے ہر ملک کو ایک بڑے عزم کے ساتھ متحد کر دیا ہے۔ یہ عزم ترقی یافتہ ہندوستان کا ہے۔ اب ملک نہ چھوٹے خواب دیکھ سکتا ہے اور نہ ہی چھوٹے عزم کرسکتا ہے۔ خواب بھی بڑے ہوں گے اور عزم بھی بڑے ہوں گے۔ یہ ہمارا خواب ہے اور ہمارا عزم بھی ہے کہ ہمیں ہندوستان کو ترقی یافتہ بنانا ہے۔ 
 وزیراعظم مودی نے ایودھیا کے رام مندر کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے ۵؍صدیوں کا انتظار ختم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں اپنی خوشی کے لئے جینے والا شخص نہیں ہوں، میں بی جے پی سرکار کی تیسری مدت کار اقتدار کے مزے لینے کیلئے نہیں مانگ رہا، میں ملک کا عزم لے کر نکلا ہوا شخص ہوں۔ ‘‘ وزیر اعظم نریندر مودی نے مزید کہا کہ ’’ہم تو چھترپتی شیواجی کو ماننے والے لوگ ہیں۔ جب چھترپتی شیواجی مہاراج کی تاج پوشی ہوئی تو انہوں نے یہ نہیں کیا کہ اقتدار مل گیا تو چلو اس کا لطف اٹھاؤ، انہوں نے اپنا مشن جاری رکھا۔ ‘‘
وزیراعظم مودی نے بی جے پی لیڈروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ جو کام صدیوں سے زیر التوا تھے، ہم نے ان کو حل کرنے کی ہمت دکھائی۔ گجرات کے پاوا گڑھ میں ۵۰۰؍ سال بعد مذہبی پرچم لہرایا گیا ہے۔ ۷؍ دہائیوں کے بعد ہم نے کرتارپور صاحب ہائی وے کھولی۔ ۷؍ دہائیوں کے انتظار کے بعدجموں وکشمیر کو دفعہ۳۷۰؍سے آزادی ملی ہے۔ 
مودی نے ملک کو غربت، بدعنوانی، اقربا پروری اور خوشامد کی سیاست سے نجات دلائی: امیت شاہ
  وزیر داخلہ امیت شاہ نےبی جےپی کے قومی کنونشن میں کہا کہ گزشتہ دس سال کے اقتدار کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کو غربت، بدعنوانی، اقربا پروری اور خوشامد کی سیاست سے آزاد کرانے کا کام کیا ہے جبکہ کانگریس اور انڈیا اتحاد آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ان ناسوروں کو ملک میں دوبارہ جگہ دلانے کیلئے لڑ رہے ہیں۔ امیت شاہ نے کہا کہ اپنے طرز عمل اور کاموں سے مودی نے ملک کے عوام کو احساس کمتری سے نجات دلائی ہے اور انہیں غلامی کی ذہنیت سے نجات دلائی ہے اور ترقی کو مرکز میں رکھ کر `کارکردگی کی سیاست کی مثال قائم کی ہے۔ شاہ نے یہاں بھارت منڈپم میں بی جے پی کے قومی کنونشن کے دوسرے دن’ `بی جے پی ملک کی امید اور انڈیا اتحاد، کانگریس کی مایوسی‘ کے عنوان سے تجویز پیش کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی، بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، سڑک ٹرانسپورٹ کے وزیر۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی، بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، سڑک ٹرانسپورٹ کے وزیر نتن گڈکری، مرکزی وزراء اور تقریباً۱۲؍ ہزار پارٹی کارکنان موجود تھے۔ اس تجویز کو مرکزی وزیر ارجن منڈا نے منظوری دی۔ 
 امیت شاہ نے کہاکہ پچھلے۷۵؍ سال میں اس ملک نے۱۷؍ لوک سبھا انتخابات، ۲۲؍ حکومتیں اور۱۵؍ وزرائے اعظم دیکھے ہیں۔ ملک کی ہر حکومت نے اپنے وقت پرترقی لانے کی کوشش کی ہے لیکن آج میں بغیر کسی الجھن کے کہہ سکتا ہوں کہ مجموعی ترقی، ہر شعبے کی ترقی اور ہر فرد کی ترقی صرف نریندر مودی کے ۱۰؍ سال میں ہی ہوئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK