• Thu, 03 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یہودی آباد کاروں کے تشدد کے سبب دنیا ہمیں غنڈہ ومجرم سمجھنے پر مجبور: پولیس چیف

Updated: September 03, 2026, 10:59 AM IST | Jerusalem

اسرائیلی پولیس کمشنر نے ایک بیان میں کہا کہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کے تشدد کے سبب دنیا ہمیں غنڈہ اور مجرم سمجھنے پر مجبور ہورہی ہے، ساتھ ہی انہوں نے فلسطینیوں کے خلاف قابضین کے تشدد کے اثرات سے خبردار کیا ۔

Photo: X
تصویر: ایکس

 اسرائیلی میڈیا کی خبر کے مطابق اسرائیلی پولیس کمشنر ڈینی لیوی نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف یہودی آبادکاروں  کے تشدد کے اثرات سے خبردار کیا ہے، اور کہا ہے کہ’’ یہ حملے دنیا کو اسرائیل کو غنڈوں اور مجرموں کا ملک سمجھنے پر مجبور کر رہے ہیں ۔‘‘یہودیوتھ احرونوت اخبار کے مطابق، لیوی نے ایک بند دروازے والی گفتگو کے دوران یہودیا اور سامریہ (مغربی کنارے) میں آبادکاروں کے تشدد اور قوم پرستانہ جرائم کو سختی سے مخاطب کیا، اور بین الاقوامی سطح پر اسرائیل کو پہنچنے والے نقصان سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں اخبار نے لیوی کے حوالے سے کہا، ’’ایک مٹھی بھر لوگ ہیں جن کا واحد مقصدآنا اور فلسطینیوں پر حملہ کرنا ہے۔اس کے نتیجے میں، اسرائیل کو پوری دنیا میں غنڈوں اور مجرموں کی قوم سمجھا جاتا ہے۔ امریکی تنگ آ چکے ہیں ، اس سے اسرائیلی شبیہہ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی مسجد نذرِ آتش کرنے کی کوشش

تاہم رپورٹ میں اجلاس کی نوعیت یا لیوی کس سے خطاب کر رہے تھے، اس کی وضاحت نہیں کی گئی۔ جبکہ علاحدہ طور پر، اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے کان نے منگل کو خبر دی  کہ فوج نے ایک فیلڈ کمانڈر کو اس کے عہدے سے ہٹا دیا، جب فوٹیج سامنے آئی جس میں وہ سپاہیوں کے ساتھ ان یہودی آبادکاروں کے ہمراہ نظر آیاجنہوں نے تین ہفتے قبل مغربی کنارے کے قصبے قُصْرہ میں فلسطینی گھروں کا محاصرہ کر رکھا تھا۔براڈکاسٹر کے مطابق، سپاہیوں کو قابضین کے ساتھ عبادت کرتے ہوئے دکھانے والی فوٹیج کو عالمی سطح پر اسرائیلی فوج کی طرف سے یہودی آباد کاروں کی حمایت کے ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا، نہ کہ حملے کا نشانہ بننے والے فلسطینی شہریوں کے محافظ کے طور پر۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی جیلوں میں کریک ڈاؤن سے فلسطینی خواتین قیدیوں کی صحت ابتر: کمیشن

واضح رہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے کچھ حصوں میں گزشتہ دنوں فلسطینیوں، ان کی جائیدادوں اور روزگار کے خلاف یہودی آبادکاروں کے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، اس کے ساتھ اسرائیلی چھاپے اور فوجی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ یہ بھی یاد رہےکہ اکتوبر۲۰۲۳ء میں جب سے اسرائیل نے غزہ پر نسل کشی شروع کی، اس نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر حملے تیز کر دیے، جبکہ قابضین کا تشدد بھی بڑھ گیا ہے۔ بعد ازاں فلسطینی اعداد و شمار کے مطابق، مقبوضہ مغربی کنارے میں۱۴۱؍ غیر قانونی بستیوں اور۲۲۴؍ چوکیوں میں تقریباً۷۵۰۰۰۰؍ یہودی آباد کار رہائش پذیر ہیں، جن میں مقبوضہ مشرقی یروشلم کی۱۵؍ غیر قانونی بستیوں میں۲۵۰۰۰۰؍ قابضین شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK