Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی میں طلبہ کیخلاف پولیس کے لاٹھی چارج پر چوطرفہ تنقیدیں

Updated: August 25, 2025, 11:02 PM IST | New Delhi

کانگریس نے اسے شرمناک قرار دیتے ہوئے ظالم حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کااعلان کیا، عام آدمی پارٹی بھی برہم، کہا: بی جے پی نے جمہوریت کا مذاق بنا دیا ہے

Students are hopeful that they will be successful in getting their demands met by the government.
طلبہ اس حوالے سے پُر امید ہیں کہ وہ اپنے مطالبات کو حکومت سے منوانے میں کامیاب رہیں گے

ایک دن قبل دہلی کے رام لیلا گراؤنڈ پر احتجاج کرنے والے  اسٹاف سلیکشن کمیشن (ایس ایس سی) کے امیدواروں  اور اساتذہ  پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا تھا جس میں کئی لوگ بری طرح زخمی ہوئے تھے۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے طلبہ اور اساتذہ پر حکومت کا ظلم قرار دیا ہے۔  اس مظاہرے کا مقصد حال ہی میں ختم ہونے والے ایس ایس سی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کو اجاگر کرنا تھا۔ اس امتحان کاانعقاد۲۴؍ جولائی تا یکم اگست ہوا تھا۔ طلبہ نے امتحان  کے دوران تکنیکی خرابیوں، بائیو میٹرک کی ناکامی، پیپر لیک اور امتحانی مراکز پر ناقص انتظامات جیسے کئی مسائل کا الزام لگایا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ برسوں کی محنت کے بعد انتظامی کوتاہیوں کی وجہ سے ان کے مستقبل پرسوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ خیال رہے کہ۱۵۰۰؍ سے زائد ایس ایس سی امیدوار رام لیلا میدان میں اتوار کو احتجاج کر رہے تھے۔ پولیس اور انتظامیہ نے انہیں وہاں سے ہٹانے کی کوشش کی، اس کے بعد بھی۱۰۰؍ سے زائدامیدوار میدان میں ڈٹے رہے۔ بعد ازاں انہیں ہٹانے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس میں کئی طلبہ بری طرح لہولہان ہوگئے۔
 لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے پیر کو کہا کہ   طلبہ پر پولیس کا لاٹھی چارج نہ صرف شرمناک عمل ہے بلکہ ملک میں ایک ڈرپوک اور ظالم سرکار کی پہچان بھی ہے ۔ انہوںنے  اس تعلق سے ایک پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے پر بیٹھے نوجوان صرف اپنے حقوق مانگ رہے تھے لیکن انہیں روزگار اور انصاف کے بجائے لاٹھیاں ملیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے  واضح ہے کہ مودی حکومت کو نوجوانوں کے مستقبل کی فکر نہیں ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ حکومت عوام کے ووٹوں سے نہیں بلکہ ووٹ چوری کرکے اقتدار میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ووٹ چوری کریں گے، پھر امتحانات چرائیں گے اور اس کے بعد نوکریاں چوری کریں گے اور طلبہ کے حقوق کو کچلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت نوجوانوں، کسانوں، غریبوںاور اقلیتوں کے ووٹ نہیں چاہتی ہے،اسلئے ان کے مطالبات بھی  اس کی ترجیحات میں شامل نہیں ہیں۔
 پرینکاگاندھی نے طلبہ کے خلاف لاٹھی چارج پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے نوجوان ہر امتحان میں دھاندلی، پیپر لیک اور ہر بھرتی میں گھوٹالےسے پریشان ہیں۔ بی جے پی کے دور حکومت میں بھرتی کے عمل اور امتحانات میں بدعنوانی نوجوانوں کے مستقبل کو برباد کر رہی ہے۔ اسے ٹھیک کرنے اور نوجوانوں کی بات سننے کے بجائے اُن پر لاٹھیاں برسائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ پر ظلم ڈھانے کے بجائے ان کی بات سننی چاہئے۔
 عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے  برہمی کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ طلبہ کی آواز سننے کے بجائے ان پر لاٹھیاں برساکر بی جے پی نے جمہوریت کا مذاق اڑایا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’یہ طلبہ ایس ایس سی امتحان میں بے قاعدگیوں کیخلاف مہینوں سے آواز بلند کر رہے تھے۔  ان کی آواز سننے کے بجائے رات کے اندھیرے میں ان پر لاٹھیاں برسادی گئیں اور  میڈیا کو بھی کوریج سے روک دیا گیا۔‘‘
 دہلی کے سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک میں کھلم کھلا غنڈہ گردی چل رہی ہے، بی جے پی پر سوال اٹھانے والوں پر لاٹھی چارج کیا جاتا ہے اور ان کی آواز کو دبایا جاتا ہے۔ کسی کو بھی اٹھا کر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے، جب چاہے کوئی بھی قانون بدل دیا جاتا ہے۔ اگر کوئی بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتا تو اس کا ووٹ منسوخ کر دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے نہ صرف جمہوریت بلکہ پورے نظام کا مذاق بنا کر رکھ دیا ہے۔
  ’آپ‘ لیڈر آتشی نے کہا کہ رام لیلا میدان میں سوال پوچھنے والے نوجوانوں کو نہیں سنا گیا بلکہ زمین پر گھسیٹا گیا اور مارا پیٹا گیا۔ یہ کھلم کھلا غنڈہ گردی ہے جو ظاہر کرتی ہے کہ ملک میں جمہوریت کے بجائے بی جے پی کے ظلم کا نظام چل رہا ہے۔ سوال پوچھنے والوں کی آواز کو کچل دیا گیا ہے۔ بی جے پی ملک میں کھلم کھلا ڈکٹیٹر شپ چلا رہی ہے۔"

new delhi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK